دونوں آپس میں رشتہ دار، ایک موبائل فون کا کاریگر ہے تو دوسرا ٹرک ڈرائیور، دھمکی کا مقصد معلوم کرنے کی کوشش۔
EPAPER
Updated: February 22, 2025, 1:53 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai/ Buldhana
دونوں آپس میں رشتہ دار، ایک موبائل فون کا کاریگر ہے تو دوسرا ٹرک ڈرائیور، دھمکی کا مقصد معلوم کرنے کی کوشش۔
ایک روز قبل ممبئی پولیس کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا تھا کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا جائے گا۔ جمعہ کو ممبئی پولیس نے بلڈانہ سے ۲؍ نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو آپس میں ایک دوسرے کے ماموں زاد اور پھوپھو زاد بھائی ہیں۔
اطلاع کے مطابق جے جے مارگ پولیس اور گورے گائوں پولیس نے اس معاملے کی مشترکہ جانچ کی تو معلوم ہوا کہ جو ای میل آیا تھا وہ بلڈانہ ضلع کےدیول گائوں راجہ کا ہے اور یہ ای میل منگیش اچیوت وایال (۳۵) اور ابھے گجانن شنگنے (۲۲) نامی نوجوانوں نے بھیجا تھا۔ منگیش کارگو کا ٹرک چلاتا ہے جبکہ ابھے کی ہائی وے پر موبائل ریپئرنگ کی دکان ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ منگیش نے ابھے کی دکان پر اپنا موبائل چارجنگ کیلئے لگایا گیا تھا۔ اسی دوران ابھے نے اس کے موبائل سے یہ دھمکی آمیز ای میل کیا۔ اس لئے قیاس لگایا جا رہا ہے کہ ابھے نے منگیش کو پھنسانے کیلئے یہ ای میل کیا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ منگیش کے آئی ڈی سے بھیجا گیا یہ پہلا ای میل تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ منگیش کم پڑھا لکھا ہے جبکہ ابھے ۱۲؍ ویں پاس ہے۔
جمعرات کی رات خفیہ طور پر معلومات ملنے کے بعد ممبئی کرائم برانچ کی ٹیم بلڈانہ پہنچی یہاں دیول گائوں راجہ پولیس سے رابطہ کیا گیا اس کے بعد کرائم برانچ کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر وجے راسکر اور دیولگاؤں راجہ پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر سنتوش محلّے، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ہیمنت شندے اور ممبئی اے ٹی ایس کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ منگیش اور ابھے کو گرفتار کرکے ممبئی لایا گیا۔ حالانکہ پولیس نے اس گرفتاری کے معاملے میں کافی راز داری برتی تھی لیکن سوشل میڈیا کے سبب اس کارروائی کی خبر آن کی آن میں پورے بلڈنہ میں پھیل گئی۔ دونوں کے خلاف دفعہ ۳۵۱؍ (۳) دفعہ ۳۵۱؍ (۴) اور دفعہ ۳۵۳؍ (۲) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ن دفعات کے تحت کسی بھی سرکاری اہلکار یا اہم شخص کو دھمکیاں دینا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے اور اس کی سخت سزا دی جاتی ہے۔
ملزمین کی گرفتاری کے تعلق سے ممبئی میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( ڈی سی پی) دتا نلواڑے نے بتایا کہ’’ دونوں ملزمین کو آئی پی ایڈریس ٹریس کرنے کے بعد بلڈانہ پولیس کی مدد سے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اس مذکورہ بالا معاملہ میں ملزمین نے دھمکی آمیز ای میل کیوں کیا تھا اور اس کے پیچھے کوئی سیاسی رنجش یا اور کوئی وجہ ہے، کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔