۲۰۲۳ء میں عالمی سطح پر کئی حادثات اورتاریخی واقعات ہوئے جنہوں نے عالمی برادری کو شدید متاثر کیا۔ جانئے عالمی سطح پر ہونے والے اہم واقعات۔
EPAPER
Updated: January 01, 2024, 6:00 PM IST | Mumbai
۲۰۲۳ء میں عالمی سطح پر کئی حادثات اورتاریخی واقعات ہوئے جنہوں نے عالمی برادری کو شدید متاثر کیا۔ جانئے عالمی سطح پر ہونے والے اہم واقعات۔
جنوری
(۱) افغانستان میں سردی کا قہر
۱۰؍جنوری۲۰۲۳ء کو افغانستان میں سردی کی لہر شروع ہوئی، جس میں درجہ حرارت منفی۳۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور پہاڑی علاقوں میں ۳۰؍سینٹی میٹر (۱۲؍انچ) تک برف باری ہوئی۔ شدید سردی کی وجہ سے کم از کم۱۶۶؍ افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ ۲۰۲۳ءکے ’سائیکلون فریڈی‘ سے قبل کا مہلک ترین موسمی واقعہ تھا جس میں تقریباً ۸۰؍ہزار مویشی ہلاک ہوئے تھے۔
(۲)نیپالی طیارے کا حادثہ
۱۵؍جنوری۲۰۲۳ء کو یٹی ایئر لائنز کی ڈومیسٹک پرواز۶۹۱؍ نیپال میں کھٹمنڈو سے پوکھرا ایئرپورٹ پرلینڈنگ کے دوران اچانک فضا میں رک گیا اور گر کر تباہ ہو گیا، اس میں سوار تمام ۷۲؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ نیپال کا سب سے مہلک فضائی حادثہ تھا۔ حادثے کی وجہ طیارے میں تکنیکی خرابی بتائی گئی۔
(۳) پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش دھماکے
۳۰؍جنوری کو پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں ہولناک اور تباہ کن خودکش دھماکے کے نتیجے میں سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں ۲۳۵؍ سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
فروری
(۱)تاریخ کا طویل سمندری طوفان ’فریڈی‘
۵؍فروری کو بحر ہند میں بننے والا طوفان ’فریڈی ُتاریخ کا طویل ترین اور نہایت طاقت ور طوفان بن گیا، جس نے غضب ناک ٹراپیکل طوفان بن کر جنوب مشرقی افریقہ میں ۱۴۰۰؍ سے زیادہ افراد کو موت کی نیند سلا دیا اور لاتعداد لوگ زخمی ہوئے نیز املاک کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
(۲)ترکی اور شام میں بھیانک زلزلہ
۶؍فروری کوترکی اورشام کے کچھ حصوں میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد۶۷؍ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے، ہزاروں عمارتیں منہدم ہوگئیں گر گئیں اور دسیوں ہزار رہائشی پھنس گئے۔ زیادہ تر نقصان \۷ء۸؍اور۷ء۷؍ شدت کے زلزلوں سے ہوا۔ یہ ۱۹۳۹ءکے بعد ترکی میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ تھا۔
(۳) یونان ٹرین حادثہ
۲۸؍فروری کو یونان کے شہر تھیسالی میں ٹرین حادثے میں ۵۷؍ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ یونانی ریلوے کی حالت اور ان کی بدانتظامی کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتالوں کا باعث بنا۔ یہ حادثہ رات کو لاریسا کے وسطی شہر کے باہر اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین شمالی شہر سے جانے والی کارگو ٹرین سے ٹکرا گئی۔
مارچ
(۱)شی جن پنگ چین کے صدر منتخب
۱۰؍مارچ کوچینی صدارتی انتخابات میں نیشنل پیپلز کانگریس نے متفقہ طور پر شی جن پنگ کو چین کا صدر منتخب کر لیا، یہ تیسری بار تھا جب شی جن پنگ چین کے صدر منتخب کئےگئے۔ ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
(۲) ایران۔ سعودی تعلقات
۲۰۲۳ء کے عالمی سیاسی واقعات کا یہ ایک اہم واقعہ ہے کہ ایک عرصے سے مخاصمت رکھنے والے ممالک ایران اور سعودی عرب نے تعلقات بہتر کرنے کیلئے بات چیت کا آغاز کیا اور اس کیلئے چین نے ثالثی کی خدمات پیش کیں۔
(۳)سلیکون ویلی بینک معاشی بحران کا شکار
۱۰؍مارچ کو امریکہ کا۱۶؍ واں سب سے بڑا بینک ’سلیکون ویلی بینک‘ بحران کا شکار ہو کر ناکام ہو گیا۔
اپریل
(۱)فن لینڈ نیٹو ممبر بن گیا
۴؍ اپریل کو فن لینڈ نیٹو کا۳۱؍ واں رکن ملک بن گیا، جس سے روس کے ساتھ نیٹو اتحاد کی سرحد اور مضبوط ہو گئی۔ دوسری طرف روسی حملے کا سامنا کرنے والے یوکرین نے بہت کوششیں کیں لیکن رکن بنائے جانے کیلئے اس کی درخواست ملتوی ہی رکھی گئی۔
(۲)جرمنی میں نیوکلیئر پاور کا خاتمہ
جرمنی میں ۵۰؍سال بعد آخری پاور پلانٹس کی بندش کے ساتھ اپریل میں جوہری توانائی کا دور ختم ہو گیا۔ جرمنی میں ۱۹۶۰ء سے لے کر اپریل ۲۰۲۳ء تک مرحلہ وار خاتمے تک نیوکلیئر پاور کا استعمال کیا گیا۔
مئی
(۱)کورونا کی ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان
۵؍ مئی کا دن ایک خوش گوار دن تھا جب ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کووڈ ۱۹؍ کو عالمی صحت کی ایمرجنسی قرار دینے کا اعلان ختم کر دیا، تاہم، اسے وبائی مرض سمجھنا برقرار رکھا گیا۔
(۲)بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلکی تاج پوشی
۶؍مئی کو لندن میں ویب منسٹر ایبے میں برطانیہ کے بادشاہ اور ملکہ کے طور پر چارلس سوم اور کمیل کی تاج پوشی کی تقریب منعقد ہوئی۔ چارلس نے۸؍ ستمبر۲۰۲۲ءکو اپنی والدہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت سنبھالا تھا۔
(۳)رجب طیب اردگان تیسری بار ترکی کے صدر منتخب
۲۸؍مئی۲۰۲۳ء کو ترکی کے صدارتی انتخابات کا دوسرا دور منعقد ہوا، جس میں رجب طیب اردوان ۵۲ء۱۸؍فیصد ووٹوں کے ساتھ کمال قلیچدار اوغلو کو شکست دے کر تیسری بار صدر منتخب ہو گئے۔
جون
(۱) ٹائیٹن آبدوز سانحہ
ٹائیٹن آبدوز جس میں پانچ افراد سوار تھے،۱۸؍ جون کو شمالی بحر اوقیانوس میں پھنس گئے۔ اس آبدوز کا مقصدپانی کے ۱۲؍ ہزارفٹ اندر موجود ٹائی ٹینک کے۱۱۱؍ سال پرانے ملبے کا دورہ کرنا تھا۔ کئی دنوں کی تلاش اور بچاؤ کے مشن کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ ٹائی ٹینک کے ملبے سے تقریباً۵۰۰؍ میٹر کے فاصلے پر ایک ملبہ پایا گیا جو ٹائیٹن آبدوز سے مطابقت رکھتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۳ء: ملک میں ہوئے اہم واقعات پر ایک نظر
جولائی
(۱)یونان میں بھیانک آتشزگی
۱۷؍جولائی کویونان میں متعدد جنگلات میں آگ لگنا شروع ہو گئی اور پھیلتی ہی چلی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم۲۸؍ اموات ہوئیں اور۷۵؍ افراد زخمی ہوئے۔
(۲) پاکستان کے شہر خار میں خودکش دھماکہ
۳۰؍جولائی کو پاکستان کے خیبر پختون خواہ کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں ایک خودکش بم دھماکا ہوا، جس میں کم از کم۶۳؍ افراد جاں بحق اور تقریباً۲۰۰؍ سے زائد زخمی ہوئے۔ حملے میں جے یو آئی (ف) کے مقامی لیڈر مولانا ضیاء اللہ بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
اگست
(۱)سمندری طوفان ہلیری
۱۶؍ سے ۲۱؍اگست کے درمیان زمرہ۴؍ کا طاقتور سمندری طوفان ہلیری پہلے باجا کیلیفورنیا کے جزیرہ نما اور بعد میں جنوبی کیلیفورنیا سے ٹکرایا، یہ اس خطے کا۸۴؍برسوں میں پہلا طوفان تھا۔ اس طوفان نے میکسیکو کے بحر الکاہل کے ساحل، باجا کیلیفورنیا جزیرہ نما اور جنوب مغربی امریکا میں طوفانی بارشیں اور تیز ہوائیں پیدا کیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور مٹی کے تودے گرے۔
(۲) امریکہ کے جنگلات میں آتشزدگی
۸؍ اگست کوامریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ماوی پر جنگلات کی آتش زدگی کا ایک سلسلہ شروع ہوا۔ ہوا نے اس آگ کو اتنا پھیلایا کہ بڑی تعداد میں لوگ انخلا پر مجبور ہو گئے۔اس آگ سے۱۷؍ ہزار ایکڑ جنگلاتی اراضی جل کر راکھ ہو گئی اور کم از کم سو افراد ہلاک اور ماوی کے شمال مغربی ساحل پر واقع لاہینا قصبے میں چار افراد لاپتہ ہو گئے۔
ستمبر
(۱)مراکش میں زلزلے سے تباہی
۸؍ ستمبرکو مراکش بھی دیگر کئی ممالک کی طرح ایک تباہ کن زلزلے کا شکار ہوا۔ یہ زلزلہ ۶ء۹؍شدت کا تھا جس کا مرکز مغربی مراکش میں صافی صوبہ تھا۔ اس زلزلے میں تقریباً ۲۹۶۰؍افراد ہلاک اور تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اس زلزلے سے پانچ صوبے متاثر ہوئے تھے۔
اکتوبر
(۱)فلسطین اسرائیل تنازع کا آغاز
۷؍ اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کی جنگ کا آغاز ہوا جس میں تقریباً۲۰؍ ہزارفلسطینی مارے گئے، دسیوں ہزار زخمی ہوئے اور محصور انکلیو کے۲ء۳؍ ملین باشندوں میں سے ۹۰؍فیصد بے گھر ہوئے۔ یہ تنازع اب بھی جاری ہے۔
(۲)افغانستان میں زلزلے
۷؍ اکتوبر کو افغانستان کا صوبہ ہرات بھی موت کی لپیٹ میں اس وقت آیا جب زلزلوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً ۲؍ ہزار زخمی ہوئے، ایران اور ترکمانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ۶ء۳؍ شدت کے ۴؍ زلزلے آئے اور اس کے بعد آفٹر شاکس بھی چلے آئے۔۱۹۹۸ء کے بعد سے افغانستان میں آنے والا یہ زلزلہ سب سے مہلک ثابت ہوا۔
نومبر
(۱)نیپال میں بھیانک زلزلہ
۳؍نومبر کو مغربی نیپال میں ۶ء۴؍ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ۱۵۰؍ سے زائد افراد ہلاک اورسیکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ زلزلہ، جس کا مرکز دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً ۵۵۰؍کلومیٹر دور رامیندا میں تھا،۲۰۱۵ء کے بعد سے ملک کا سب سے مہلک زلزلہ تھا۔
(۲)بنگلہ دیشی عام انتخابات اور احتجاج
۱۵؍ نومبر کو بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ اپوزیشن کے حامیوں کے پرتشدد مظاہروں کے بعد پارلیمانی انتخابات اگلے سال ۷؍جنوری کو ہوں گے۔
دسمبر
(۱) چین میں زلزلہ
۱۸؍ دسمبر کو شمال مغربی چین میں آنے والے زلزلے میں تقریباً ۱۸۱؍ افراد ہلاک اور ۱۶؍لاپتہ ہوگئے تھے۔
تمام تصاویر: آئی این این