Inquilab Logo

ء۲۰۴۷ء تک مجاہدین آزادی کے تمام خوابوں کو شرمندہ ٔ تعبیرکرنے کا عزم

Updated: August 15, 2022, 10:35 AM IST | Agency | New Delhi

بطور صدر ِجمہوریہ اپنے پہلے خطاب میں دروپدی مرمو نے معاشی،سماجی اور دیگر محاذوں پر حکومت کی کارکردگی کی پزیرائی کی۔ کہا کہ اقوام عالم نئے ہندوستان کو ابھرتا ہوا دیکھ رہی ہیں ، جب پوری دنیا کورونا سے جوجھ رہی تھی تو ہندوستان نے خود کوسنبھالا اوراب تیز رفتار معیشتوں میں سے ایک ہے

 President Draupadi Murmu addressing the nation on Sunday evening..Picture:INN
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اتوار کی شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

 آزادی کی ۷۵؍ ویں  سالگرہ  کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے قوم کے نام اپنے خطاب میں مجاہدین آزادی  کے  خوابوں کو ۲۰۴۷ء تک پوری طرح شرمندہ ٔ تعبیر کرنے کا نعرہ دیا۔  بطور صدر جمہوریہ یہ ان کا پہلا خطاب تھا۔ انہوں نے اس دوران معاشی، سماجی اور دیگر محاذوں پر مودی حکومت کی کارکردگی کی پزیرائی کی اور کہا کہ دنیا اس وقت ایک نئے ہندوستان کو ابھرتا ہوا دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا کورونا  سے جوجھ رہی تھی تب ہندوستان نے اپنے آپ کو سنبھالا اور اب  دنیا کی سب سے تیز رفتار معیشتوں  میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے  کہ ایک آزاد ملک کے طور پر ہندوستان۷۵؍ سال مکمل کر رہا ہے۔ اس مبارک دن کی سالگرہ مناتے ہوئے ہم لوگ جنگ آزادی میں حصہ لینے والے تمام مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی سب سے بڑی قربانی دی  تاکہ ہم سب آزاد ہندوستان کی فضا میں سانس لے سکیں۔‘‘  دروپدی مرمو نے یا دلایا کہ ’’جب ہندوستان   آزاد ہوا تو کئی بین الاقوامی لیڈروں اور مفکرین نے ہمارے  ملک میں جمہوری  نظام کی کامیابی کے سلسلے میں اندیشوں کا اظہار کیا تھالیکن ہندوستان  کے باشندوں نے اُن   کے اندیشوں کو غلط ثابت کر دیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’  یہ سہرا ہندوستان  کے سر ہے کہ اُس نے عالمی برادری کو جمہوریت کی حقیقی طاقت سے واقف کرایا۔‘‘  آزادی کے امرت مہوتسو کے تعلق سے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’’یہ مہوتسو ہندوستان  کے عوام کے نام وقف ہے۔ ان  کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابی کی بنیاد پر ’خودکفیل ہندوستان‘ کی تعمیر کا عزم بھی اِس اتسو کا حصہ ہے۔‘‘     صدر جمہوریہ نے ملک کی آزادی اوراس کی تعمیر میں مہاتما گاندھی اور دیگر مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہمارا عزم ہے کہ۲۰۴۷ء تک ہم اپنے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پوری طرح شرمندۂ تعبیر کرلیں۔ اِس عرصے میں ہم بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی قیادت میں آئین کو تیار کرنے والی شخصیتوں کے ویژن کو مکمل کر چکے ہوں گے۔‘‘ مودی سرکار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں   نے کہا کہ ’’دنیا نے حالیہ برسوں میں  ایک نئے ہندوستان کو ابھرتے ہوئے دیکھا ہے ، خاص کر کووڈ-۱۹؍ کے دوران  اِس وبا کا سامنا  ہم نے جس طرح کیا ہے، اُس کی ہر جگہ ستائش کی گئی۔    اِس وبا کا سامنا کرنے میں ہماری کامیابیاں دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے بہتررہی ہیں۔‘‘ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی پزیرائی کرتے ہوئے صدر جمہوریہ  نے کہا کہ ’’معاشی ترقی سے ملک کے شہریوں کی زندگی اور بھی آسان ہوتی جا رہی ہے۔ معاشی اصلاحات کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے   نئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کی مدد سے غریب کے پاس اپنا گھر ہونا ، اب ایک خواب نہیں رہ گیا، بلکہ یہ حقیقت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ‘‘ مرمو نے   ’جل جیون مشن‘ کے تحت ’ہر گھر جل‘ کے منصوبے  اور دیگر پالیسیوں  کا حوالہ دیتے ہوئے کہا  ان کا مقصد   غریبوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔   انہوں نے شہریوں کواپنے بنیادی فرائض سے واقف ہونے  اور اُن پر عمل کرنے کی تلقین کی اور  کہا کہ جب ’ملک سب سے اوپر‘،کے جذبے سے کام کیا جاتا ہے، تو اُس کا اثر ہر فیصلے اور کام میں نظر آتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK