نیاٹائم ٹیبل نافذ کیا جائے گا۔ ممبرا اور کلوا اسٹیشنوں پربھی فاسٹ ٹرینیں روکنے کا اہم فیصلہ۔ ۲؍فاسٹ ٹرینیں صبح اور ۲؍ ٹرینیں شام کے اوقات میں رکیں گی۔
EPAPER
Updated: October 05, 2024, 11:26 AM IST | Mumbai
نیاٹائم ٹیبل نافذ کیا جائے گا۔ ممبرا اور کلوا اسٹیشنوں پربھی فاسٹ ٹرینیں روکنے کا اہم فیصلہ۔ ۲؍فاسٹ ٹرینیں صبح اور ۲؍ ٹرینیں شام کے اوقات میں رکیں گی۔
سنیچر (آج)سے لوکل ٹرینوں کیلئے نیا ٹائم ٹیبل نافذ کیا جائے گا۔ سینٹرل ریلوے کے مطابق ۲۲؍فاسٹ ٹرینوں کی آمد اور روانگی کو سی ایس ایم ٹی سے دادر منتقل کیا جائے گا۔ یہ ٹرینیں دادر اسٹیشن کے پلیٹ فارم۱۱؍ سے چلیں گی۔ اہم فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ ممبرا اور کلوا پر بھی فاسٹ ٹرینیں رکیں گی۔ سینٹرل ریلوے ایک افسر نے کہاکہ وسطی ممبئی کے علاقوں دادر، لوور پریل، پربھادیوی، ورلی اور پریل کےدفاتر میں کام کرنے والے افراد کا اس تعلق سے پورا خیال رکھا گیا ہے۔ اس سے مسافروں کو فائدہ ہوگا کیونکہ دادر سے فاسٹ ٹرینیں شروع ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ۲۴؍ ٹرین خدمات کو سلولائن پر دادر سے پریل منتقل کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق نئے بہتر پریل ریلوے اسٹیشن کو شروع کرنے کے بعد سے سینٹرل ریلوے تھانے، کلیان اور شمال کی طرف مزید ۲۲؍ ٹرین خدمات شروع کررہا ہے۔ ۲۴؍سروسیز کے اضافے سے یہ تعداد ۴۶؍ ہوجائے گی۔ ایک اور اہم فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ کم از کم ۴؍فاسٹ ٹرین سروسیز کلوا اور ممبرا میں رکیں گی جن میں سے۲؍سروسیز صبح کے اوقات میں اور دو شام کے اوقات میں۔ یہ ٹرینیں بدلاپور/آسن گاؤں / ٹٹوالا-سی ایس ایم ٹی روٹ پر چلتی ہیں۔
اس بارے میں ممبئی ریل پرواسی سنگھ کے صدر مدھو کوٹیئن نے کہاکہ ’’ہمیں خوشی ہے کہ وسطی ممبئی پر توجہ مرکوز کرنے اور کلوا اور ممبرا میں فاسٹ ٹرینیں روکنے کی ہماری تجاویز کو ریلوے افسران نے قبول کر لیا ہے۔ ‘‘
سینٹرل ریلوے نے کہا کہ اس سال کے ریلوے ٹائم ٹیبل کا ایک قابل ذکر حصہ شارٹ- شٹل سروسیز ہیں۔ کم از کم ۹؍سروسیز کی نشاندہی کی گئی ہے جو تھانے-کلیان اور تھانے-کرلا کے درمیان چلیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس سے مسافروں کو ٹرینوں میں بھیڑکم ملے گی، خاص طور پر مصروف اوقات میں۔
ریلوے پیسنجر اسوسی ایشن کی رکن لتا آرگڈے نے کہاکہ ’’اس سے مسافروں کو جزوی طور پر مدد ملے گی لیکن اس سے کلیان سے آگے سفر کرنے والوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ وہ کم بھیڑ والی ٹرینوں میں جانے کیلئے کلیان میں نہیں اتریں گے۔ ‘‘ واضح رہے کہ مذکورہ اسوسی ایشن نے تھانے- کسارا/کرجت روٹس پر شٹل سروسیز کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم سینٹرل ریلوے کےافسران کا کہنا ہے کہ کلیان کے آگے بھی چند ٹرین خدمات میں اضافہ کیا گیا ہے جو آگے کے اسٹیشنوں پررکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کرلا اور کلیان کے درمیان ایک نان اے سی ٹرین کوبھی اے سی لوکل میں تبدیل کر دیاگیا ہے۔