• Fri, 01 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیوالی پر ۴ء۲۵؍ لاکھ کروڑروپے کی تجارت کا اندازہ

Updated: November 01, 2024, 11:53 AM IST | New Delhi

اگر دیوالی پر پورے ملک میں ۱۰۰؍ روپے کا کاروبار ہوتا ہے تو ہندوستانی اس کا زیادہ تر حصہ آٹوموبائل اور الیکٹرانک سامان وغیرہ پر خرچ کر سکتے ہیں۔ یہ خرچ ۲۵؍روپے تک جا سکتا ہے۔ اس کے بعد ہندوستانیوں سے کھانے اور گروسری پر۱۳؍ روپے خرچ کرنے کی توقع ہے۔

A policeman buys decorations for Diwali in Navi Mumbai.
دیوالی کی مناسبت سےنوی ممبئی میں ایک پولیس اہلکار سجاوٹ کا سامان خرید رہاہے۔

امسال دیوالی کی مناسبت سے ہونے والے کاروبار میں ایک لاکھ کروڑ روپے اضافہ ہو سکتا ہے۔ 
واضح رہےکہ دیوالی کا تہوار ہندوستان میں معاشی اعتبار سے بھی اہم ہے۔ لوگ اس موقع پر خریداری پسند کرتے ہیں اور اسی لئے اکثر لوگ کئی مہینوں سے اس دن کو یاد گار بنانے کیلئے خریداری کرتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں  بھی رونق ہوتی ہے اور ہر چھوٹے بڑے تاجر کو اس کا فائدہ پہنچتا ہے۔ 
کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کا اندازہ ہے کہ اس سال دیوالی پر ملک بھر میں ۴ء۲۵؍ لاکھ کروڑ روپے کی تجارت ہوگی۔ اس سال نہ صرف بڑے شہروں میں بلکہ ٹیئر -۱؍ اور ٹیئر -۲؍ شہروں میں بھی اچھے کاروبار کی توقع ہے۔ گاہکوں سے مختلف اشیاء پر خرچ کرنے کی بھی توقع کی جاتی ہے۔ 
 سب سے زیادہ ان اشیاءکی فروخت کی امید 
ٹاٹا فنٹیک کی مارکیٹ برو نے اس پر ریسرچ کیا ہے کہ کس چیز پر کتنا خرچ کیا جائے گا؟ اس ریسرچ کے مطابق اگر دیوالی پر پورے ملک میں ۱۰۰؍ روپے کا کاروبار ہوتا ہے تو ہندوستانی اس کا زیادہ تر حصہ آٹوموبائل اور الیکٹرانک سامان وغیرہ پر خرچ کر سکتے ہیں۔ یہ خرچ۲۵؍روپے تک جا سکتا ہے۔ اس کے بعد ہندوستانیوں سے کھانے اور گروسری پر۱۳؍ روپے خرچ کرنے کی توقع ہے۔ اس سال سونے کی قیمت بہت زیادہ ہے، اس لئے۹؍ روپے تک یعنی۹؍ فیصد تک زیورات پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔ 
اسی طرح لوگ کپڑوں یا ٹیکسٹائل پر ۱۲؍ روپے، خشک میوہ جات اور مٹھائی پر۴؍ روپے، گھر کی سجاوٹ پر۳؍ روپے، کاسمیٹکس پر۶؍ روپے، موبائل اور گیجٹس پر۸؍ روپے اور پوجا کی اشیاء پر۳؍ روپے خرچ کرسکتے ہیں ۔ کچن کی اشیاء اوربیکری کی مصنوعات پر ۲؍ روپے، گفٹ آئٹمز پر۸؍ روپے اور فرنیچر پر بھی۴؍ روپے خرچ کئے جا سکتے ہیں۔ 
کاروبار میں ایک لاکھ کروڑ روپے اضافے کا اندازہ 
مارکیٹ برو کا اندازہ ہے کہ اس سال دیوالی کا کاروبار پچھلے سال سے ایک لاکھ کروڑ روپے زیادہ ہو سکتا ہے۔ ۲۰۲۳ء میں تقریباً۳ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کا کاروبار ہوا تھا۔ دیوالی کا تہوار تاجروں کی ایک بڑی تعداد بھی دھوم دھام سے مناتی ہے، اس دن وہ اپنا نیا حساب کتاب شروع کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK