• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نئے سال کے جشن پر قیمتی موبائل فون چرانے والے۴؍افراد گرفتار

Updated: January 03, 2025, 3:35 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

جدید ٹکنالوجی کی مدد سےگزشتہ سال۵۰۰؍ مسروقہ موبائل فون تلاش کرکے سال کے پہلے دن ان کے مالکان کو لوٹائےگئے۔

A large number of people also celebrated the New Year on Marine Drive. Photo: INN
مرین ڈرائیو پربھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نئے سال کا جشن منایا تھا۔ تصویر: آئی این این

نئے سال کی آمد پر جہاں ایک طرف لوگ جشن منا رہے تھے، وہیں دوسری طرف جرائم پیشہ افراد ان کے موبائل چرارہے تھے۔ قلابہ پولیس نے جشن کے دوران ایسے ہی ۴؍ ملزمین کولاکھوں روپے کا موبائل چرانے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ ساتھ ہی ممبئی پولیس نے گزشتہ سال ۵؍ سو سے زائد چرائے گئے موبائل کو جدید تکنیکی آلات کی مدد سے تلاش کرکے یکم جنوری کو متاثرین کا موبائل لوٹا کر انہیں نئے سال کا تحفہ دیا ۔ نئے سال کے جشن کے دوران مرین ڈرائیو اور اطراف کے علاقے میں جشن منانے میں مصروف۴؍ افراد کا موبائل چوری ہوگیا تھا۔ متاثرین نے قلابہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ بعد ازیں قلابہ کی سینئر پولیس انسپکٹر سواتی پیٹکر کی سربراہی میں پولیس نے جشن کے دوران ہجوم میں موبائل چرانے والوں کو سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے نہ صرف تلاش کیا بلکہ انہیں گرفتار کرکے موبائل بھی ضبط کر لیا ۔ پولیس کے مطابق فورٹ میں رہنے والے ۲۵؍ سالہ نوجوان لیجو اومن کا ایپل کمپنی کا موبائل جس کی قیمت ۵۵؍ ہزار تھی، جشن کے دوران گیٹ وے آف انڈیا اور تاج محل ہوٹل کے درمیان چرایا گیا تھا۔ اسی طرح پوپٹ لال پاریکھ اور دیگر ۸؍ افراد کا موبائل چرایا گیا تھا۔ چرائے گئے ۱۰؍ موبائل کی کل قیمت ایک لاکھ ۸۲؍ ہزار بتائی گئی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سےموبائل چرانے والے گروہ کی شناخت کرکے گجرات سے تعلق رکھنے والے ۴؍ ملزمین فیروز ابراہیم شیخ، رفیق سلیم شیخ، زبیر سلیمان پٹیل اور عماد لطیف کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں دوسری جانب ممبئی پولیس نے گزشتہ سال شہر کے الگ الگ مقامات سے چرائے گئے ۵؍ سو موبائل کو جدید آلات کی مدد سے تلاش کیا اور نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے یکم اور ۲ ؍ جنوری کو سبھی متاثرین کو ان کے فون لوٹائے۔ پولیس نے گزشتہ سال چرائے گئے موبائل کی شکایت ملنے کے بعد جدید تکنیک سینٹرل ایکیوپمنٹ آئیڈینٹیٹی کی مدد سے موبائل تلاش کیا تھا۔ ڈی سی پی آر راگا سدھا کی سربراہی میں گھاٹکوپر، ماٹونگا، سائن، انٹاپ ہل، وڈالا، بھوئیواڑہ، کالا چوکی اور آر اے کے مارگ پولیس اسٹیشنوں کی حدود سے چرائے گئے موبائل کو دوبارہ تلاش کیا گیااورنئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے گھاٹکوپر ایل بی ایس مارگ پاٹی دار ہال میں ایک پروگرام کا اہتمام کر کے متاثرین کو ان کا موبائل لوٹا دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK