کل یعنی جمعہ ۱۸؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو طلبہ کے محبوب اخبار تعلیمی انقلاب کا ۴۰۰؍و اں شمارہ شائع ہوگا۔ ہر جمعہ کو شائع ہونے والا طلبہ کا یہ اخبار علم کا ذوق رکھنے والے پختہ عمر کے قارئین میں بھی مقبول ہے۔
EPAPER
Updated: April 17, 2025, 3:28 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
کل یعنی جمعہ ۱۸؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو طلبہ کے محبوب اخبار تعلیمی انقلاب کا ۴۰۰؍و اں شمارہ شائع ہوگا۔ ہر جمعہ کو شائع ہونے والا طلبہ کا یہ اخبار علم کا ذوق رکھنے والے پختہ عمر کے قارئین میں بھی مقبول ہے۔
کل یعنی جمعہ ۱۸؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو طلبہ کے محبوب اخبار تعلیمی انقلاب کا ۴۰۰؍و اں شمارہ شائع ہوگا۔ ہر جمعہ کو شائع ہونے والا طلبہ کا یہ اخبار علم کا ذوق رکھنے والے پختہ عمر کے قارئین میں بھی مقبول ہے۔ اس اخبار کی اشاعت کا مقصد طلبہ تک وہ معلومات پہنچانا ہے، جو انہیں نصاب اور اسکولی تدریس سے نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہےکہ ۱۶؍ صفحات پر مشتمل اس اخبار میں اسلامی تاریخ، اسلاف کی باتیں، قرآنی اصطلاحات اور اسلامی کوئز سے لے کر جنرل نالج، سائنس اور ٹیکنالوجی، اسپورٹس، اہم دنوں کی تفصیل اور انگریزی میں مہارت تک ہر ہفتے کئی دلچسپیاں ہوتی ہیں۔ تعلیمی انقلاب کے ہر شمارہ میں کم و بیش ۴۰؍ کالم شائع ہوتے ہیں جو طلبہ کی ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یکم ستمبر ۲۰۱۷ء سے لگاتار شائع ہونے والا یہ اخبار اپنی اشاعت کے ۸؍ ویں سال میں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ طلبہ کے درمیان اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کے مشمولات میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں کی جاتی ہیں تاکہ طلبہ تک زیادہ سے زیادہ اور کارآمد معلومات پہنچائی جاسکیں۔ اِن ۸؍ برسوں میں تعلیمی انقلاب کے متعدد خصوصی شمارے شائع ہوئے ہیں۔ یوم جمہوریہ ہو یا یوم آزادی، چھٹیوں کی مناسبت سے کورسیز کی معلومات پہنچانا ہو یا کریئر کے متعلق رہنمائی، یوم خواتین ہو یا یوم طلبہ، ہر خاص موقع پر تعلیمی انقلاب کا خاص شمارہ یا خاص گوشہ شائع ہوتا ہے۔
سرما اور گرما کی تعطیلات میں طلبہ کیلئے مختلف قسم کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جاتا ہے جن میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو تعلیمی انقلاب کی جانب سے ’’ای سرٹیفکیٹ‘‘ سے نوازا جاتا ہے۔ طلبہ کی تحریری صلاحیتیں نکھارنے کیلئے تعلیمی انقلاب میں ’’یہ جگہ آپ کی تحریر کیلئے خالی ہے‘‘ کالم شائع کیا جاتا ہے جس میں طلبہ اپنے قلم کی جولانیاں دکھاتے ہیں۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہر ہفتے ملک کے مختلف شہروں سے طلبہ کی ایک بڑی تعداد اپنی تحریریں ارسال کرتی ہے۔ اس اخبار نے ہر عمر کے قاری کے درمیان خاص جگہ بنائی ہے۔ انقلاب میں بذریعہ مراسلہ اس اخبار کی افادیت پر پختہ عمر کے قاری بھی اظہارِ خیال کرتے ہیں۔ ۴۰۰؍و یں شمارہ کا سنگ میل پار کرلینے پر تعلیمی انقلاب کا ادارتی عملہ پُرجوش ہے اور اسکولوں کالجوں کے اُن طلبہ تک نئے عزم کے ساتھ پہنچنے کیلئے پُرعزم ہے جو ملت کا سرمایہ ہیں۔