• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شندے گروپ کے ۵؍ وزیروں کو ہٹایا جاسکتا ہے

Updated: June 12, 2023, 11:26 AM IST | Mumbai

مہاراشٹرکابینہ میںتوسیع سے قبل سیاسی ہلچل تیز ،این سی پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور شیو سینا (شندے)کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آرہے ہیں اور بی جےپی اعلیٰ کمان نے شندے گروپ کے ۵؍ وزیروں کوہٹانے کی ہدایت دی ہےجن میں گلاب راؤ پاٹل کا نام بھی شامل ہے

Shinde group`s distance from BJP is increasing. (File Photo)
شندے گروپ کی بی جےپی سے دوریاں بڑھتی جارہی ہیں۔(فائل فوٹو)

آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مہاراشٹر میں سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ یہ بحث بھی چل رہی ہے کہ جلد ہی شندے فرنویس حکومت کی دوسری کابینہ میں توسیع ہوگی۔ اس دوران یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی ہائی کمان نےمہاراشٹر حکومت میں ایکناتھ شندے کے پانچ وزراء کو ہٹانے کیلئے کہا ہے۔ این سی پی لیڈر اور سابق وزیر ایکناتھ کھڑسے نے ایکناتھ شندے گروپ کے پانچ لیڈروں کو وزارتی عہدے سے ہٹانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایکناتھ کھڑسے کے اس بیان سے سیاسی حلقوں میں  اضطراب کی کیفیت ہے۔ کھڑسے کے مطابق ان پانچ وزراء میں سے ایک  نام گلاب راؤ پاٹل کا ہے۔ بتا دیں کہ۴؍ جون کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد جلد ہی کابینہ میں توسیع کی باتیں منظر عام پر آ رہی ہیں۔
کیا کہا ایکناتھ کھڑسے نے ؟
 شمالی مہاراشٹر میں این سی پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے کہا کہ بی جے پی اور شیو سینا (ایکناتھ شندے دھڑے) کے درمیان ریاست میں کئی مقامات پر اختلافات کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ میڈیا  میں آنے والی رپورٹس کے مطابق بی جے پی اعلیٰ کمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ مہاراشٹر میں شیوسینا کے پانچ کابینی وزراء کو ہٹا دیا جائے۔ بی جے پی کو لگتا ہے کہ یہ پانچ وزراء غیر فعال ہیں۔ذرائع کے مطابق دراصل یہ وزیر بی جے پی کارکنوں کے کام نہیں کرتے۔اس لیے ان کے درمیان اختلافات  سامنے آرہے ہیں۔ اس میں جلگاؤں ضلع کے سرپرست وزیر گلاب راؤ پاٹل بھی شامل ہیں۔ جل جیون مشن یوجنا کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ اس کام میں بدعنوانی کا بھی امکان ہے۔ اس سلسلے میں ایک رپورٹ دہلی میں سینئر لیڈروں کے پاس گئی ہے۔  ان بنیادوں پر ایکناتھ کھڑسے نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر چاہتے ہیںکہ گلاب راؤ پاٹل کو وزارت سے ہٹا دیا جا ئے۔
شندےگروپ اور بی جے پی کے درمیان کشمکش 
 مہاراشٹر میں اُدھو ٹھاکرے کے گروپ اور این سی پی نے سنیچر کو کہا کہ بی جے پی ایکناتھ شندے کی زیرقیادت شیو سینا کو  ایک  ایک لوک سبھا سیٹ کے لئے رُلا دے گی۔مہا وکاس اگھاڑی نے یہ تبصرہ کلیان لوک سبھا سیٹ  کے تعلق سے حکمراں اتحاد میں سامنے آنے والے اختلافات کے تناظر میں کیا ہے۔۔ واضح رہےکہ کلیان لوک سبھا حلقے کی   نمائندگی ایکناتھ شندے کے بیٹے شری کانت شندے کر رہے ہیں۔ واضح رہےکہ شری کانت شندے نے جمعہ کوالزام لگایا تھا کہ کچھ لیڈر اپنی خود غرضی  پر مبنی سیاست کیلئے کلیان لوک سبھا حلقے میں اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شری کانت شندے نے کہا تھا کہ وہ سیٹ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ان کا مقصد۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں زبردست اکثریت کے ساتھ مودی حکومت کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
سنجے راؤت کا حملہ
 اُدھو ٹھاکرے گروپ کے ایم پی سنجے راؤت نے کہا کہ کلیان ڈومبیولی خطہ (غیر منقسم) شیو سینا کا گڑھ ہے اور پارٹی برسوں سے وہاں سے جیت رہی ہے۔ وہ سیٹ شری کانت شندے کو دی گئی تھی جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ادھو ٹھاکرے نے ایکناتھ شندے کے بیٹے کو بہت لاڈ پیار کیا۔بی جے پی اب انہیں (ایکناتھ شندے) کو ہر سیٹ کیلئے رُلاکر رکھ دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK