• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جھیلوں میں ۸۷؍ فیصد پانی ذخیرہ۔مزید بارش کی ضرورت

Updated: August 28, 2023, 11:23 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

۱۹۷۲ء کے بعد اس سال اگست میں سب سے کم بارش ہوئی۔ جھیلوں میں گزشتہ برس کے مقابلے ۱۰؍ فیصد پانی کم ہے۔۳؍ بڑی جھیلیں اب بھی بھری نہیں ہیں

The lakes that supply water to Mumbai are still not fully filled.Photo. INN
ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلیں اب بھی پوری طرح سے بھری نہیں ہیں۔ تصویر:آئی این این

ممبئی میں ۱۹۷۲ء کے بعد اس سال یہ دوسرا اگست کا مہینہ ہے جس میں سب سے کم بارش ہوئی ہے۔ اگرچہ گزشتہ ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران شہر و مضافات میں بارش میں معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن جھیلوں میں ۸۷ء۳۵؍ فیصد پانی جمع ہوا ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے ۱۰؍ فیصد کم ہے اور جھیلوں کے بھرنے کے لئے مزید برسات کی ضرورت ہے۔ 
 محکمہ موسمیات کی سائنسداں سُشما نائر نے اس سلسلے میں انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر اگر ایک ہفتہ بھی جم کر بارش ہوگئی تو اُمید ہے کہ جھیلیں ۱۰۰؍ فیصد بھر جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم امید کررہے تھے کہ سنیچر کو اچھی بارش ہوگی لیکن اس روز بھی اتنی بارش نہیں ہوئی جتنی امید تھی۔ اب کم از کم ۳۱؍ اگست تک معمولی اور اوسط درجے کی بارش رُک رُک کر ہونے کی امید ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’فی الحال ان جھیلوں میں جتنا پانی ذخیرہ ہوچکا ہے اس کے حساب سے اگر جولائی جیسی بارش نہ ہو تو کم از کم ایسی بارش کی ضرورت ہے جیسی اس سال جون کے اخیر میں ہوئی تھی۔‘‘
اس دوران نجی طور پر موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کیلئے موسم زیادہ ساز گار نہیں ہے اس لئے ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھی زیادہ بارش کی امید نہیں ہے۔
 واضح رہے کہ سنیچر کیلئے محکمہ موسمیات نے ممبئی اور ضلع تھانے کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا تھا اور ان علاقوں میں اچھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا لیکن یہاں اتنی بار ش نہیں ہوئی جتنی امید کی گئی تھی۔ 
بی ایم سی کے ذریعہ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۸۷ء۳۵؍ فیصد پانی جمع ہوچکا تھا۔ جبکہ گزشتہ برس اسی تاریخ کو ان جھیلوں میں ۹۷ء۰۶؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔
یاد رہے کہ مذکورہ ۷؍ جھیلوں میں سے چھوٹی جھیلیں تُلسی، ویہار، تانسا اور موڈک ساگر ۱۰۰؍ فیصد بھر کر چھلک چکی ہیں لیکن سب سے بڑی جھیل اَپر ویترنا میں ۷۵ء۷۶؍ فیصد پانی جمع ہوا ہے۔ ممبئی کے شہریوں کو سب سے زیادہ پانی بھاتسا جھیل سے فراہم کیا جاتا ہے جس میں ۸۴ء۰۵؍ فیصد پانی جمع ہے اور مڈل ویترنا میں اتوار تک ۹۶ء۹۲؍ فیصد پانی جمع ہوگیا تھا۔
 محکمہ موسمیات کے پاس موجود ریکارڈ کے مطابق ممبئی میں اب تک اگست مہینے میں سب سے کم بارش ۱۹۴۳ء میں ہوئی تھی جو ۸۳ء۳؍ ملی میٹر تھی۔ اس کے بعد ۱۹۷۲ء میں ۱۰۸ء۶؍ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ اس سال بھی ۲۴؍ اگست تک اس پورے مہینے میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے کم بارش ہوئی تھی لیکن ۲۵؍ اور ۲۶؍ اگست کو ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۴۵؍ ملی میٹر بارش ہوگئی جس سے اس ماہ ہونے والی بارش ۱۰۰؍ ملی میٹر سے تجاوز کرکے ۱۲۲؍ ملی میٹر تک پہنچ گئی۔
اس کے بعد ۲۶؍ اگست سے ۲۷؍ اگست کی شام کے درمیان جنوبی ممبئی کے قلابہ میں معمولی بارش جبکہ سانتا کروز میں ۲۱ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ممبئی اور مضافات میں جمعرات سے رُک رُک کر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن تھوڑے وقفہ بارش ہونے کے بعد دھوپ نکل آتی ہے۔یاد رہے کہ اس سال جون کا پورا مہینہ بہت معمولی بارش ہوئی تھی لیکن آخری ہفتے میں اتنی بارش ہوگئی جتنی پورے مہینے میں ہوتی ہے۔ ایسا ہی کچھ معاملہ جولائی میں بھی ہوا جب ابتدائی دنوں میں بارش نہیں ہورہی تھی لیکن بعد کے دنوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور بالآخر ایک ہزار ۷۶۹؍ملی میٹر بارش ہوئی جو جولائی میں اوسطاً ہونے والی بارش سے بھی زیادہ تھی۔ عام طور پر ممبئی میں جولائی میں ۹۲۰؍ ملی میٹر تک بارش ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK