’’ریاستی حکومتیں مرکزی پے کمیشن کی سفارشات کو اپنانے کی پابند نہیں لیکن بیشتر مرکزکے فیصلے کے بعد اپنی سفارشات لاگو کرتی ہیں۔‘‘
EPAPER
Updated: January 22, 2025, 1:45 PM IST | Agency | New Delhi
’’ریاستی حکومتیں مرکزی پے کمیشن کی سفارشات کو اپنانے کی پابند نہیں لیکن بیشتر مرکزکے فیصلے کے بعد اپنی سفارشات لاگو کرتی ہیں۔‘‘
وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے حال ہی میں ۸؍ویں پے کمیشن کو منظوری دی ہے۔ اسکے تحت مرکزی ملازمین کی تنخواہ میں بڑا اضافہ ہوجائے گا۔ رپورٹس کے مطابق کم ازکم بنیادی تنخواہ ۱۸؍ ہزار روپے ماہانہ سے بڑھ کر ۵۱؍ہزار ۴۸۰؍روپے ماہانہ ہوسکتی ہے۔ اس طرح مرکزی سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں ۱۸۶؍ فیصد کا اضافہ ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ تنخواہوں اضافے کا فائدہ مرکزی سرکاری ملازمین کو کب سے حاصل ہوگا؟
۸؍ویں پے کمیشن کا اطلاق کب سے ہوگا؟:فی الوقت ملک میں ۷؍ویں پے کمیشن کے تحت تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔اسکا دورانیہ یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو اختتام کو پہنچے گا۔ یکم جنوری ۲۰۱۶ء کو یہ لاگو ہوا تھا۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشوینی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ ۸؍ویں پے کیشن کی سفارشات ۲۰۲۵ء تک تیار کرلی جائیں گی اور انہیں وقت پر نافذ کیا جائے گا۔
پنشن کب بڑھے گی؟: چونکہ ۸؍ویں پے کمیشن کی سفارشات یکم جنوری ۲۰۲۶ء سے نافذ ہوں گی۔ لہٰذا اسکا مطلب یہ ہے کہ مرکزی ملازمین کو اضافہ شدہ تنخواہیں فروری ۲۰۲۶ء سے ملنا شروع ہوں گی۔ یہ جنوری ۲۰۲۶ء کی تنخواہ ہوگی جو فروری میں ملے گی۔ یعنی یکم جنوری ۲۰۲۶ء سے ہی نافذ مانی جائےگی۔ اس کے تحت پنشن یافتگان کی پنشنز میں بھی یکم جنوری ۲۰۲۶ء سے اضافہ ہوگا۔
پے کمیشن : فی الحال ۸؍ویں پے کمیشن نے اپنا کام کاج شروع نہیں کیا ہے، کیونکہ اسکے اراکین ابھی مقرر نہیں کئے گئے ہیں۔ ویشنونے کہا ہے کہ جلد ہی کمیشن کے صدر اور ۲؍ اراکین کی تقرری عمل میں آئیگی۔
کیا ریاستی سرکاری ملازمین کی بھی تنخواہ بڑھے گی؟: ہندوستان میں ریاستی حکومتیں مرکزی پے کمیشن کی سفارشات کو اپنانے کی پابند نہیں ہوتیں۔ حالانکہ بیشتر ریاستیں مرکز کے فیصلے کے بعد اپنی سفارشات لاگو کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر مہاراشٹر اور تامل ناڈو میں ۷؍ویں پے کمیشن کی سفارت کچھ ترامیم کیساتھ لاگو کی گئی تھیں۔ ایسے میں امکان ہے کہ ریاستی حکومتیں بھی ۸؍ویں پے کمیشن کی سفارشات نافذ کریں گی۔
تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟: ۷؍ویں پے کمیشن کے تحت فٹمینٹ فیکٹر ۲ء۵۷؍ تھا، جس سے کم ازکم بیسک پیمنٹ ۷؍ہزار روپے سے بڑھاکر ۱۸؍ہزار روپے کردیا گیا تھا۔ اب ۸؍ویں پے کمیشن میں فٹمینٹ فیکٹر ۲ء۸۶؍ ہونے کی امید ہے، جس سے کم از کم بیسک پیمنٹ ۵۱؍ہزار ۴۸۰؍ روپے تک بڑھ سکتی ہے۔ کل ملاکر ۸؍ویں پے کمیشن کی سفارشات مرکزی سرکاری ملازمین اور پنشن یافتگان کیلئے بڑی خوشخبری لے کر آرہی ہے۔