• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا الیکشن میں جیتنے والے ۹۳؍ فیصد امیدوار کروڑ پتی ہیں: ای ڈی آر کی رپورٹ

Updated: June 07, 2024, 8:08 PM IST | New Delhi

اے ڈی آر کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات جیتنے والے ۹۳؍ فیصد امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں یہ ۸۸؍ فیصد اور ۲۰۱۴ء میں۸۲؍ فیصد تھا۔ ۲۰۰۹ء کے بعد سے یہ فیصد بڑھتا جارہا ہے۔ سب سے امیر آندھرا پردیش کے گنٹور حلقہ سے ٹی ڈی پی کے چندر شیکھر پیمسانی ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت ۵؍ ہزار ۷۰۵؍ کروڑ روپے ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

انتخابات کے حقوق کی تنظیم اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کے ایک تجزیہ کے مطابق ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں جیتنے والے امیدواروں میں سے حیرت انگیز طور پر ۹۳؍ فیصد کروڑ پتی ہیں جو ۲۰۱۹ء کے ۸۸؍ فیصد سے زیادہ ہے۔ سرفہرست تین امیر ترین امیدواروں میں آندھرا پردیش کے گنٹور حلقہ سے ٹی ڈی پی کے چندر شیکھر پیمسانی ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت ۵؍ ہزار ۷۰۵؍ کروڑ روپے ہے۔ بی جے پی کے کونڈا وشویشور ریڈی تلنگانہ کے شیویلا سے ہیں جن کے کل اثاثہ جات ۴؍ ہزار ۵۶۸؍ کروڑ روپے جبکہ بی جے پی ہی کے نوین جندال ایک ہزار ۲۴۱؍ کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات کے ساتھ ہری پور سے ہیں۔ ۵۴۳؍ جیتنے والے امیدواروں میں سے ۵۰۴؍ کروڑ پتی ہیں۔ 
۲۰۱۹ء میں ۴۷۵ (۸۸؍ فیصد) جیتنے والے امیدوار کروڑ پتی تھے اور ۲۰۱۴ء میں ۴۴۳ (۸۲؍ فیصد)۔ یہ رجحان ۲۰۰۹ء کے بعد سے مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتا ہے جب صرف ۳۱۵ (۵۸؍ فیصد) ممبر پارلیمان کروڑ پتی تھے۔تجزیہ کے مطابق، بی جے پی کے ۲۴۰؍ جیتنے والے امیدواروں میں سے ۲۲۷؍ (۹۵؍ فیصد)، کانگریس کے ۹۹؍ میں سے ۹۲ (۹۳؍ فیصد)، ڈی ایم کے کے ۲۲؍ میں ۲۱ (۹۵؍ فیصد)، ٹی ایم سی کے ۲۹؍ میں سے ۲۷ (۹۳؍  فیصد)، سماج وادی پارٹی کے ۳۷؍ امیدواروں میں سے ۳۴ (۹۲؍ فیصد) نے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ظاہر کی ہے۔ اے اے پی (۳)، جے ڈی یو (۱۲) اور ٹی ڈی پی (۱۶) کے تمام جیتنے والے امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ 
یہ تجزیہ امیدواروں کے ان کے مالی پس منظر کی بنیاد پر جیتنے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں ایک کروڑ پتی امیدوار کی جیت کا امکان ۶ء۱۹؍ فیصد رہا جبکہ ایک کروڑ سے کم اثاثوں والے امیدواروں کیلئے یہ امکان ۷ء۰؍ فیصد تھا۔ یہ تجزیہ جیتنے والے امیدواروں کے درمیان دولت کی تقسیم کا بھی پتہ دیتا ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ۴۲؍  فیصد امیدواروں کے پاس کل ۱۰؍ کروڑ روپے اور اس سے زیادہ کے اثاثے ہیںجبکہ ۱۹؍ فیصد امیدوار ۵؍ سے ۱۰؍ کروڑ روپے کے زمرے میں آتے ہیں، ۳۲؍ فیصد کے پاس ایک سے ۵؍ کروڑ روپے کے درمیان اثاثے ہیں۔ جیتنے والے امیدواروں میں سے صرف ایک فیصد کے پاس ۲۰؍ لاکھ روپے سے کم کے اثاثے ہیں۔
بڑی جماعتوں میں، فی جیتنے والے امیدوار کے اوسط اثاثے نمایاں طور پر مختلف ہوتے ہیں۔ٹی ڈی پی اوسطاً ۲۶ء۴۴۲؍ کروڑ روپے کے ساتھ سب سے آگے ہے، اس کے بعد بی جے پی ۰۴ء۵۰؍ کروڑ روپے، ڈی ایم کے ۲۲ء۳۱؍ کروڑ روپے، کانگریس ۹۳ء۲۲؍ کروڑ روپے ، ٹی ایم سی ۹۸ء۱۷؍ کروڑ روپے اور ایس پی ۲۴ء۱۵؍ کروڑ روپے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK