• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وردھا میں۹۶؍ ویں آل انڈیا مراٹھی ساہتیہ سمیلن کا آغاز

Updated: February 04, 2023, 11:14 AM IST | Wardha

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی افتتاحی تقریب میں شرکت ، وزیر اعلیٰ کی تقریر ختم ہوتے ہی علاحدہ ودربھ نواز خواتین کا احتجاج

Chief Minister and special guests on the stage on the occasion of the opening ceremony of Marathi Sahitya  Sammelan
مراٹھی ساہتیہ سمیلن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ اور مہمانان خصوصی اسٹیج پر

وردھا : گاندھی بھومی کہلانے والے شہر وردھا میں جمعہ کو ۹۶؍ ویں آل انڈیا مراٹھی ساہتیہ سمیلن کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’ سماج کو درپیش مسائل، تڑپ اور سماجی بیداری سے ایک عظیم اور ذمہ دار ادیب پیدا ہوتا ہے۔‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ’’میں  نے ساہتیہ سمیلن کے صدر کو `ریاستی مہمان کا درجہ دینے کے مطالبہ کو قبول کر لیا ہے۔ ‘‘
 ودربھ ساہتیہ سنگھ کے صد سالہ جشن  کے موقع پر اکھل بھارتیہ مراٹھی ساہتیہ مہامنڈل کی جانب سے ’سواولمبی تعلیم منڈل‘ کے میدان میں ساہتیہ سمیلن کا انعقاد کیا گیا ہے اور ساہتیہ نگری سجائی گئی ہے۔   اس تقریب میں  ریاستی وزیر تعلیم اور مراٹھی زبان کے وزیر دیپک کیسرکر، اجلاس کے صدر، اور سینئر ادبی شخصیات موجود تھے۔ علاوہ ازیں نریندر چپلگاؤںکر، سینئر ادیب بھرت ساسانے، دتا میگھے ہندی کے سینئر شاعر اور نقاد ڈاکٹر وشوناتھ پرساد تیواری، ہندی کے مشہور شاعر ڈاکٹر کمار وشواس و ضلع کے ایم پی، ایم ایل اے، ودربھ ساہتیہ سنگھ کے صدر پردیپ دتے  بھی موجود تھے۔
  اس موقع پر  اپنے خطاب میں  وزیر اعلیٰ شندے نے یقین دلایا کہ’’ حکومت ہمیشہ ادبی برادری کے ساتھ ہے۔ معاشرے کیلئے  بہت سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادیبوں کو بھی اپنی تخلیق میں ان ترقیاتی کاموں کا ذکر کرنا چاہیے۔‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت دیہی زبانوں اور بولیوں کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ان مسائل کی نشاندہی کی کہ آیا مہاراشٹر کے دیومالائی کہانیوں کو وسیع تر شکل میں ادب میں شامل کرنا اور ان کا غیر ملکی ادب کا ترجمہ کیا جانا چاہیئے۔
 وزیر اعلیٰ کی تقریر کے دوران  علاحدہ ودربھ کے نعرے لگے
 جس وقت وزیراعلیٰ ساہتیہ سمیلن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس وقت علاحدہ ودربھ کے حامیوں نے نعرے بازی کی ۔  اہم بات یہ ہے کہ خواتین  اس احتجاج میں پیش پیش تھیں۔   وزیر اعلیٰ افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ  اس دوران اچانک سامعین میں سے خواتین اور مردوں نے علاحدہ ودربھ کے لئے نعرے بازی شروع کردی، اس موقع پر کسانوں کی خودکشی روکنے، اور نوجوان بے روزگاری کے پر بھی نعرے لگائے گئے۔ اس وقت وہاں موجود پولیس نے نعرے لگانے والوں کو حراست میں لے لیا۔ 
  اس موقع پر مظاہرین نے اخباری نمائندوں  سے  بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ صرف فیتہ کاٹنے میں مصروف ہیں وہ حکومت بنا کر بڑی کامیابیاں دکھا رہے ہیں۔ لیکن ریاست میں کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔مظاہرین نے جلسہ گاہ میں مطالباتی پرچے بھی پھینکے۔  پولیس نے ہنگامہ آرائی کے معاملے میں تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK