• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: غیرقانونی تعمیرات کیخلاف سخت کارروائی کی تیاری

Updated: November 26, 2024, 11:13 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

افسران کو ۷؍دنوں میں ایکشن پلان تیار کرکے ۳؍ماہ کے اندر شہر کو غیرقانونی تعمیرات سے پاک کرنے کی ہدایت

Yesterday, Municipal Commissioner Ajay Vaidya held a meeting regarding illegal constructions.
گزشتہ روز میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نےغیر قانونی تعمیرات کے تعلق سے میٹنگ کی تھی

شہر میں بڑھتے غیر قانونی تعمیرات پر قدغن لگانے کیلئے میونسپل انتظامیہ نے سخت رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے سبھی میونسپل افسران کو ۳؍ماہ کے اندر شہرکو غیر قانونی تعمیرات سے پاک کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کمشنر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر افسران نے جان بوجھ کر ان تعمیرات کیخلاف کارروائی میں تاخیر کی تو ان کیخلاف پولیس  میں شکایت درج کروائی جائیگی۔ انہوں نے اس منصوبے پر عمل کرنے کیلئے افسران کو ۷؍دنوں کے اندر ایکشن پلان تیار کرکے کارروائی شروع کرنے کاحکم دیا ہے۔
 واضح رہےکہ بدعنوانی ،قانونی موشگافیوں، بلڈروں، کارپوریٹروں اور کارپوریشن کے افسروں کے درمیان مبینہ ساز باز اور ملی بھگت کے نتیجے میں بھیونڈی میں غیرقانونی عمارتوں کا جال پھیلتا جا رہا ہے ۔ان بڑھتے غیرقانونی تعمیرات سے سب سے زیادہ نقصان شہریوں کا ہی ہورہا ہے۔بلڈر عمارت بنا کر شہریوں کو کسی طرح فروخت کرکے اپنا پیسہ منافع کے ساتھ نکال لیتا ہے۔شکار متوسط طبقے کا فرد ہوتا ہے جو کسی طرح اپنی زندگی کی ساری کمائی  اور قرض لےکراپنا آشیانہ بساتا ہے۔معاملہ کسی طرح رفع دفع نہ ہوا تو اس غریب کا آشیانہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
  میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں پیر کی شام کمشنر اجے ویدیہ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ایڈیشنل میونسپل کمشنراورغیر قانونی تعمیرات کے ڈپٹی میونسپل کمشنر وٹھل ڈاگے لیگل افسران،پانچوں پربھاگ سمیتیوں کے معاون میونسپل کمشنر،بیٹ انسپکٹر و دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں شہر میں بڑھتے غیرقانونی تعمیرات اور قبضہ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیشی کے مطابق میٹنگ میں اجے ویدیہ نے افسران سے سختی کے ساتھ غیرقانونی تعمیرات کے بڑھتے معاملات پر باز پرس کی۔شہر کو غیرقانونی تعمیرات کے جال سے نکالنے کیلئے انہوں نے افسران کو ۷؍دنوں کے اندر ایکشن پلان تیار کرکے ۳؍ماہ کے اندر شہر کو غیرقانونی تعمیرات سے پاک کرنے کا حکم دیا ہے۔میٹنگ میں افسران کو غیر قانونی تعمیرات اورقبضہ جات کے معاملے میں زیرو ٹولرینس((zero Toleranceکی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔کمشنر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کسی افسر نے جان بوجھ کر کارروائی میں تاخیر کی تو اس کے ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایسے معاملات میں جہاں عدالت نے ’حالات جوں کے توں ‘برقرار رکھنے یا اسٹے رکھنے کے احکامات دئیے ہیں، متعلقہ افسران اسی دن کی ویڈیو ریکارڈنگ اور رپورٹ پیش کریں گے۔ساتھ ہی یہ یقینی بنایا جائے ان مقامات پر مزید کوئی غیرقانونی تعمیر نہ ہو۔میونسپل کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
غیرقانونی تعمیرات کیلئے سب ذمہ دار
 شہریوں نے الزام عائد کیاہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے حمام میں سب کے سب ننگے ہیں۔اگر وارڈ آفیسر،میونسپل انتظامیہ،منتخب عوامی نمائندے، کارپوریشن کے   وکلاء  اور متعلقہ پولیس اسٹیشن ایمانداری سے اپنا اپناکام کررہے ہیں تو پھر شہر میں سیکڑوں  غیرقانونی عمارتیں کس طرح کھڑی ہوگئیں؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK