• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یتی نرسمہانند کے خلاف غم وغصہ ، ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاج

Updated: October 05, 2024, 10:04 AM IST | Mumbai

گستاخانہ ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر نرسمہانند کے خلاف معاملہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا

A crowd gathers outside the police station in Ayut Mahal
ایوت محل میں پولیس اسٹیشن کےباہر جمع بھیڑ

مہاراشٹر میں رام گیری کی گستاخی کا معاملہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ  زہر افشانی کیلئے مشہور یتی نرسمہانند  نے  یو پی کے  غازی آباد میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب میں ایک بار پھر انتہائی شرمناک بیان بازی کی ۔ ۳؍اکتوبر کی رات ہی سے اس کا ویڈیو وائرل ہونے لگا جس کے بعد پورے ملک میں   اس کے خلاف غم غصہ پھیل گیا  ۔ جمعہ کو( ۴؍ اکتوبر) ملک کے دیگر علاقوں کی طرح مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بھی  اسکے خلاف احتجاج کیا گیا اور ایف آئی آر لکھوانے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ سوشل میڈیاپر بڑے پیمانے پراس ویڈیو  کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 
 ایوت محل میں پولیس اسٹیشن پر بھیڑ جمع  
   ودربھ کے ضلع ایوت محل میں جمعہ کی شام تحفظ ناموس رسولؐ کمیٹی کی رہنمائی میں ہزاروں مسلمانان شہر کےپولیس تھانے شکایت درج کرنے پہنچے۔ اتنی بھیڑ دیکھ کر افسران کے ہوش اڑ گئے اور فوری طور پر  بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی۔   بھیڑ کا کہنا تھا کہ یتی نرسمہانند جیسے خبیث ذہانت کے لوگوں کو بدزبانی کی کھلی چھوٹ دے کر ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نرسمہانند نے جو کچھ بکواس کی ہے اسے بالکل بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا اسلئے اس کے خلاف فوراً معاملہ درج کیا جائے اور اسے گرفتار کرکے جیل پہنچایا جائے۔  پولیس کو بتایا گیا کہ  ایسے سماج دشمن شخص کو بولنے کی آزادی ملنے سے ملک کا ماحول خراب ہوگا اس لئے  یتی نرسمہا نند پر تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۹۶، ۲۹۷، ۲۹۸، ۲۹۹ کے تحت معاملہ درج کیا جائے۔ اس وقت موقع پر موجود تھانہ انچارج و دیگر اعلیٰ افسران نے  بھیڑ کو یقین دلایا کہ یہ معاملہ دوسری ریاست میں وقوع پذیر ہوا ہے،  اس کے باوجود پولیس انتظامیہ زیرو  ایف آئی آر درج کرکے اس معاملے میں کارروائی کریگی۔ پولیس کی یقین دہانی کے بعد پولیس تھانے میں مجتمع بھیڑ منتشر ہوگئی۔ اس موقع پر تحفظ ناموس رسولؐ کے صدر انور رضا قادری، حافظ وسیم اشرفی، حافظ ارشد رضا، فیروز خان، سیّد امروز، جعفر خان، ایم آئی ایم کے سلیم ساگوان، چاند محمد، جنید جوہر، سردار خان، امیر علی کے علاوہ  شہر کے سیکڑوں مسلم نوجوان موجود تھے۔ 
 جلگائوں میں ضلع  کلکٹر کے دفتر پر احتجاج 
  ضلع جلگائوں میں بھی  لوگوں نے نرسمہانند کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ یہاں  ضلع کلکٹر دفتر کے گیٹ پر تقربیا ًایک گھنٹہ تک کچھ لوگوں نے احتجاج کیا  ۔ اس کے بعد سپرنٹنڈنٹ آف پولیس  دفتر پہنچ کر ضلع ایس پی مہیشور ریڈی سے ملاقات کی اور یتی نر سمہا نند کے خلاف معاملہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔   نرسمہانند کا ویڈیو وائرل ہونے پر  جلگائوں شہر کے عام مسلمانوں نےاچانک ضلع کلکٹر دفتر کے باہر پہنچ کر احتجاج کیا ۔اس موقع پر مظاہرین نے نرسمہانند مردہ باد، نرسمہانند کو گرفتار کرو جیسے نعرے لگائے اور انتظامیہ سے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔  اس کے  بعد ضلع ایس پی مہیشوریڈی سے ملاقات کرکے انہیں ایک شکایتی مکتوب  دیا گیا ساتھ ہی  ضلع پیٹھ پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر کو بھی مکتوب دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کے جذبات اور عقیدے کو ٹھیس پہنچانے اور دو فرقوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے پر یتی نرسمہا نندپر معاملہ درج کرکے اسے گرفتار کیا جائے۔مظاہرین میں فاروق شیخ ، سلیم انعامدار ،امجد پٹھان ،انیس شاہ ،سابق کارپوریٹر ریاض باغبان ،ایاز علی نیاز علی ، سید چاند ،ناظم پینٹر ،بابا دیشمکھ ،ڈاکٹر شعیب پٹیل ،متین سید وغیرہ شامل تھے۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر لگاتار مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ یتی نرسمہا نند کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔  صرف مہاراشٹر نہیں بلکہ پورے ملک سے ایسی پوسٹ ڈالی جا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK