• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

روس کے قازان شہر پر ۹/۱۱؍ طرز کا حملہ

Updated: December 22, 2024, 1:14 PM IST | Agency | Moscow

۸؍ ڈرونس کے ذریعہ۶؍ عمارتوں کو نشانہ بنایاگیا، کوئی جانی نقصان نہیں  ہوا۔

Drone attack on building in Kazan Photo: INN
قازان میں عمارت پر ڈرون حملہ۔ تصویر: آئی این این

 یوکرین نے روس کے قلب پر حملہ کرتے ہوئے قازان شہر میں  یکے بعد دیگرے کئی رہائشی عمارتوں  کو نشانہ بنایا۔ دارالحکومت ماسکو سے مشکل سے ۸۰۰؍ کلومیٹر دوری پر واقع قازان شہر میں  ہونےوالے ان حملوں   نے امریکہ میں ۲۰۰۱ء میں   ہونے والے   ۹/۱۱؍ کے حملے کی یاد تازہ کردی۔ یوکرین نے ۸؍ ڈرونس کے ذریعہ کم از کم ۶؍رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا مگر روسی فوجیں  ایک ڈرون کو مار گرانے میں   کامیاب ہوگئے۔ 
 یکے بعد دیگرے فلک شگاف عمارتوں کو نشانہ بنائے جانے پر فوری طور پر الرٹ ہوتے ہوئے روس نے کچھ دیرکیلئے مقامی ایئر پورٹ کو بند کردیاتھا۔ روسی حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے ۳؍ مرحلوں  میں   کئے گئے۔ پہلا حملہ صبح۷؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پر، دوسرا حملہ ۹؍ بجکر ۲۰؍ منٹ پر اور تیسرا حملہ شام کو ۶؍ بجکر ۲۰؍ منٹ پر کیاگیا۔ حملوں  کو دیکھتے ہوئے قازان ایئر پورٹ پر طیاروں  کی آمدورفت کو کچھ گھنٹوں  کیلئے موخر کردیاگیاتھا۔ حملے کیلئے ۸؍ ڈرونس کا استعمال کیاگیا جن میں  سے ۶؍ نے رہائشی عمارتوں کو اور ایک نے ایک صنعتی اکائی کو نشانہ بنایا جبکہ ۸؍ واں  ڈرون مار گرایاگیا۔ مقامی حکام کے مطابق حملے میں  کوئی ہلاکت نہیں  ہوئی ہے تاہم حملوں کے فوراً بعد ایمرجنسی خدمات کو متحرک کردیاگیا اور متاثرہ عمارتوں   کے مکینوں  کو ہنگامی طورپر محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔ یوکرین نے اس خبر لکھے جانے تک حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ بازا ٹیلی گرام چینل جو روس کی سیکوریٹی ایجنسیوں   سے اپنی قربتوں  کیلئے جانا جاتا ہے، نے قازان شہر پر ہونےوالے حملوں   کے کئی ویڈیو شیئر کئے ہیں۔ ان حملوں  کو اس طرح بھی دیکھا جارہاہے کہ یوکرین جنگ کو قلب ِ روس تک لے جانے کی کوشش کررہاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK