• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ایک کار ڈرائیور نے کئی شہریوں کو کچل دیا

Updated: November 07, 2023, 9:27 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پہلے ایک رکشا اور موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس میں معمر شہری کی موت ہوگئی، کچھ راہگیر بھی زد میں آئے، ڈرائیور سمیت ۳؍زخمی اسپتال داخل ، ڈرائیور کو ابھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

The accident happened around 6:30 in the evening. Photo: INN
حادثہ شام ساڑھے۶؍ بجے کےقریب ہوا۔ تصویر:آئی این این

ملاڈ مشرق میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر اس وقت جان لیوا سڑک حادثہ پیش آیاجب ایک کار ڈرائیو رنے انتہائی لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک دو نہیں بلکہ تین گاڑیوں ، ٹیمپو ، آٹو رکشا اور موٹر بائیک کو ٹکر ماری جس پر ایک معمر شخص سوار تھا ۔یہی نہیں کار ڈرائیو نے دیگر ۳؍ لوگوں کو کچل دیا تھا۔ کار کی ٹکر سے شدید طور پر زخمی ہونے والے ۶۴؍ سالہ شہری کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی جبکہ ڈرائیور کے علاوہ تین لوگوں کو زخمی حالت میں اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثہ سے متعلق پولیس میں درج کردہ شکایت کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والے رکشا ڈرائیور شوکت انصاری نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ’’ حادثہ شام ساڑھے ۶؍ بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ایک خاتون مسافر کو اپنی رکشا میں میرا روڈ سے ملاڈ لے جا رہا رتھا ۔ ویسٹرن ایکسپریس ہائی  وے پر جیسے ہی رکشا ڈرائیور پہنچا ایک کار ڈارئیور ٹائمس آف انڈیا کی  بلڈنگ کے قریب انتہائی تیز رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے آیا اور اس نے ایک ٹیمپو ، میری رکشا اور ایک موٹر بائیک کو زور دار ٹکر ماری تھی۔ 
پولیس سے موصولہ اطلاع کےمطابق ملزم ڈرائیور ملن کوٹھاری نے نہ صرف رکشا ، ٹیمپو اور بائیک کو ٹکر ماری تھی بلکہ کئی مسافروں کو بھی کچلا تھا۔ اس حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ۶۴؍ سالہ شان سنگھ چنّا جواندھیری کے رہنے والے تھے ، شدید زخمی ہوئے تھے ۔ اس کے علاوہ دیگر زخمیوں میںرکشا ڈرائیور شوکت انصاری ، رکشا میں سوار خاتون مسافر تنوجا ساہنی ٹیمپو ڈرائیور وجئے چوہان کے علاوہ کار ڈرائیور ملن کوٹھاری بھی زخمی ہوا تھا۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے تمام متاثرین کو کاندیولی کے شتابدی اسپتال میں داخل کیا تھا جہاں شان سنگھ چنا کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
پولیس نے حادثہ کے بعد ملزم کار ڈارئیور کے خلاف تیز رفتاری سے گاڑی چلانے ، کئی افراد کو زخمی کرنے ، غیر سرکاری جائیداد کو نقصان پہنچانے اور ایک شخص کی موت کا سبب بننے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔پولیس نے حادثہ میں فوت ہونے والے معمر شہری کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالہ کر دی ہے۔ وہیں پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے تعلق سے کہا کہ اس حادثہ میں دیگر متاثرین کے زخمی ہونے کے علاوہ ملزم کار ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ علاج کے  اور اسپتال سے رخصتی کے بعد ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK