• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرین میں معمر شخص کو زدو کوب کر نیوالے۳؍ملزمین حراست میں،۶؍کے خلاف کیس درج کیا گیا

Updated: September 01, 2024, 11:03 AM IST | Ejaz Abdul Gani and Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملک بھر میں مسلمانوں کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ آئے دن پیش آرہا ہے۔ تازہ واردات میں دھولیہ سے بذریعہ ٹرین کلیان آنے والے ایک معمر شخص کو چند شرپسندوں نے بیف رکھنے کے الزام میں بری طرح زدوکوب کیا۔

Ashraf Ali Syed Hussain who was beaten up by miscreants
اشرف علی سید حسین جنہیں شرپسندوں نے زد و کوب کیا

 ملک بھر میں مسلمانوں کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ آئے دن پیش آرہا ہے۔ تازہ واردات میں دھولیہ سے بذریعہ ٹرین کلیان آنے والے ایک معمر شخص کو چند شرپسندوں نے بیف رکھنے کے الزام میں بری طرح زدوکوب کیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی )نے نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ دوسری جانب تھانے جی آر پی نے بتایا کہ معمر شخص کے ساتھ مارپیٹ کرنے والے ۳ ؍مشتبہ افراد کو دھولیہ پولیس نے حراست میں لیا ہے ۔ ریلوے پولیس کمشنر کے مطابق انہیں تھانے لانے کیلئے پولیس کی ایک ٹیم روانہ کی گئی ہے ۔
  تفصیلات کے مطابق ضلع جلگاؤں کے تعلقہ چالیس گاؤں میں رہائش پذیر اشرف علی سید حسین (۷۲) بدھ کی صبح دھولیہ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس کے جنرل ڈبے میں سوار ہوئے۔ وہ اپنی بیٹی سے ملنے کیلئے کلیان جارہے تھے۔ چونکہ ٹرین میں کافی بھیڑ تھی اس لئے وہ ناسک اسٹیشن تک کھڑے رہے۔ بعد ازاں اوپر کی سیٹ خالی ہونے پر وہ وہاں جاکر بیٹھ گئے۔متصل سیٹ پرسفر کررہے چند نوجوانوں نے ان کے بیٹھنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور بدتمیزی کرنے لگے۔دریں اثناء کسی شریرنے ان کا بیگ چھپا دیا مگر اس وقت انہیں  اس کا احساس نہیں ہوابلکہ جب کلیان ریلوے اسٹیشن آنے والا تھا تب اشرف علی نے بیگ تلاش کیا اور دروازے کی جانب بڑھے۔اس وقت چند شرپسندوں نے ان کا بیگ چھین کر تلاشی لی۔ بیگ میں موجود پلاسٹک کی برنی میں انہیںگوشت نظر آیا تو وہ مشتعل ہوگئے، انہیںگالیاں دیں، مسلمان ہونے کے حوالے سے نشانہ بنایا اوران کی انتہائی بے رحمی سے پٹائی کردی۔اس سے ان کی آنکھ اور چہرے پر کافی چوٹیںآئیںاوربیگ سے ۲۸۰۰؍ روپے بھی نکال لئے۔ بعد ازاں ویڈیو بنا کر ان سے جبراً کہلوایا گیا کہ یہ بیل کا گوشت ہے۔شرپسندوں کی جرأت کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ وہ انہیں پیٹتے ہوئے تھانے ریلوے اسٹیشن تک لے گئے اور جی آر پی کے حوالے کیا۔
 سوشل میڈیا پر اشرف علی سید کے ساتھ مارپیٹ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سنیچر کو اہل خانہ نے تھانے جی آر پی پہنچ شرپسندوں کے خلاف شکایت درج کرائی۔خبر لکھے جانے تک اس معاملے میں جی آر پی نے ۶ ؍افراد کے خلاف ۸؍ مختلف دفعات ۱۸۹،۱۹۱،۱۲۶،۱۹۰،۱۱۵،۳۵۲،۳۲۴ ؍اور ۳۵۱ ؍ کے تحت  کیس درج کیا تھا ۔اس ضمن میں اشرف علی کے بھائی سید شکیل نے انقلاب کو بتایا کہ ’’پولیس نے ملزمین کیخلاف قابل ضمانت دفعات  لگائی ہیں جبکہ ملزمین ہمارے بھائی کو جان سے مارنے، ٹرین سے نیچے پھینکنے کی دھمکی دی اور ان کے پیسے بھی چھین لئے۔اس لئے ہم نے ایف آئی آر کی کاپی نہیں لی ہےبلکہ وکیل کے توسط سے دوبارہ شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
میںٹھیک ہوں اورلوگوں کاشکر گزارہوں
 اس تعلق سے بزرگ شخص نے ویڈیو کے ذریعے اپنے بہی خواہوں کا شکریہ ادا کیااورکہا کہ میںبقید حیات ہوں،خیریت سے ہوں ،آپ لوگوںنے میرے لئے جوکچھ کیا ، اللہ اس کا اجر دے ۔
کمشنر نے سخت کارروائی کا یقین دلایا اورافواہ نہ پھیلانے کی اپیل کی 
 انقلاب نے اس تعلق سے ریلوے پولیس کمشنر رویندر شسوے اور انسپکٹر کھاڑے کوویڈیو اورتفصیلات بھیجیں تو انہوںنے سخت کارروائی کا یقین دلایا اورلوگوں سے افواہ سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK