Inquilab Logo Happiest Places to Work

شراب پی کر گاڑی چلانے پر فوجداری کیس درج ہوگا!

Updated: April 04, 2025, 11:13 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

محکمہ ٹریفک نے نوٹیفکیشن جاری کیا، شراب پی کر دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے ڈرائیور کا لائسنس منسوخ کیا جائےگا اور گاڑی بھی ضبط کر لی جائے گی

Traffic police officers checking a driver. (File photo)
ٹریفک پولیس اہلکار ایک گاڑی چلانے والے کی جانچ کرتے ہوئے۔(فائل فوٹو)

 شراب پی کر گاڑی نہ چلانے کے تعلق سے ممبئی ٹریفک پولیس کئی بار بیداری مہم کے ساتھ ساتھ سختی سے کارروائی بھی کرتی رہی ہے تاکہ دوسروں کے جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے ۔ تاہم انتہائی کوششوں کے باوجود اب پولیس نے گزشتہ ۲؍ برسوں میں شراب پی کر گاڑی چلانے کے بڑھتے واقعات اور حادثات کے سبب شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت فیصلہ کیاہے ۔
  ممبئی ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر مجرمانہ عمل کے تحت فوجداری کیس درج کرنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔اس سلسلہ میں جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) انیل کمبھارے نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ جوائنٹ کمشنر ٹریفک نے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر دوسروں کی جان و مال کا خطرہ بننے یا ان کی ہلاکت و زخمی کرنے کا سبب بننے کے تحت کیس درج کرنے کی ہدایات جاری کی ہے ۔ انل کمبھارے نے تمام ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کو اسے فوری طور پر عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے ۔اس کے علاوہ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعہ شراب پی کر گاڑی چلانے والے ڈرائیور کا لائسنس منسوخ کرنے اور ساتھ ہی گاڑی ضبط کرنے کا بھی فرمان جاری کیا گیا ہے ۔
  جوائنٹ کمشنر انل کمبھارے نے کہا کہ نشے میں دھت ڈرائیوروں کے خلاف اب بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ ۱۲۵؍ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا  جو موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت جرمانہ کے علاوہ ممکنہ دوسروں اور اپنی جان کو خطرہ میں ڈالنے اور جانی ومالی نقصان کرنے  و مجرمانہ عمل میں ملوث ہونے تحت کیا جاتا ہے۔
  یاد رہے کہ اب تک شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف حادثہ پیش نہ آنے کی صورت میں صرف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کیس درج کیا جاتا تھا ۔ اب حادثہ نہ ہونے کی صورت میں بھی شراب پی کر گاڑی چلانے والے کے خلاف ممکنہ حادثہ اور جانی و مالی نقصان کرنے کے تحت کیس درج کیا جائے گا ۔ ٹریفک پولیس کے بقول گزشتہ ۲؍ برسوں میں شراب پی کر گاڑی چلانے کے معاملات میں اضافے اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر مذکورہ بالا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ساتھ ہی اس سلسلہ میں میں سخت اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔شراب پی کر گاڑی چلانے کی ضمن میں ٹریفک پولیس کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ۲۰۲۳ء میں نشے میں دھت ہوکر ڈرائیونگ کرنے پر۲؍ہزار۵۶۲؍ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی اور کیس درج کرنے کے ساتھ جرمانہ عائد کیا گیا تھا ۔ اسی طرح ۲۰۲۴ء میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کی تعداد بڑھ کر۲؍ہزار ۶۴۲؍ تک پہنچ گئی تھی ۔ تاہم یکم جنوری تا ۳۱؍مارچ ۲۰۲۵ءمیں اب تک شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں ۲؍ ہزار ۲۶۴؍ لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ مذکورہ بالا وجوہات کی بناء پر تمام ٹریفک پولیس کو نوٹیفکیشن کے مطابق کارروائی کرنے، مجرمانہ کیس رجسٹرڈ کرنے اور مسافروں اور راہگیروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK