• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چھگن بھجبل جیسا بے ایمان آدمی کسی بھی سماج میں پیدا نہ ہو: منوج جرنگے

Updated: July 16, 2024, 10:45 AM IST | Agency | Aurangabad

اوبی سی لیڈر کی شرد پوار سے ملاقات پر مراٹھا سماجی کارکن کا رد عمل، چندر شیکھر باونکولے نے کہا بھجبل کبھی مہایوتی کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔

Maratha social activist Manoj Jarangae. Photo: INN
مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے۔ تصویر : آئی این این

پیر کو اچانک چھگن بھجبل ممبئی میں این سی پی کے بانی شرد پوار سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ شرد پوار سے مراٹھا ریزرویشن تحریک کے سبب ریاست میں خراب ہوتی ہوئی صورتحال کے تعلق سے گفتگو کرنے گئے تھے۔ انہوں نے پوار کو اس معاملے میں کوئی پیش قدمی کرنے کی گزارش کی ہے۔ ان کی اس ملاقات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے نے کہا ہے کہ جرنگے کسی سے بھی ملیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جرنگے مفاد پرست ہیں انہیں کسی سے کوئی غرض نہیں ہے۔ 
اورنگ آبادمیں میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے منوج جرنگے نے کہا ’’ چھگن بھجبل کہیں جائیں، کہیں رہیں، کسی سے ملیں، اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ بےایمان آدمی ہیں۔ ‘‘ جرنگے نے کہا ’’ان کے گلے میں آپ کتنا ہی ہاتھ ڈالیں وہ خالی ہی نکلے گا۔  وہ کسی کے نہیں ہیں۔ وہ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ ان کا گھر کیسے بھرے گا۔  ان کے جیسا بے ایمان آدمی کسی بھی سماج میں پیدا نہ ہو۔ ‘‘ مراٹھا کارکن نے الزام لگایا کہ ’’بھجبل کا ارادہ میٹھا بول کر فساد کروانے کا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے ریاست میں کئی تنازعے  پیدا کئے۔ ان کی وجہ سے ریاست کا ماحول خراب ہو گیا۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ ریاست میں امن قائم رہنا چاہئے۔ ‘‘ جرنگے کے مطابق  اگر بھجبل چاہتے ہیں کہ ریاست میں امن برقرار رہے تو انہیں پہلے ہی  اپنا رویہ درست رکھنا چاہئے تھا۔ 
’ بھجبل مہایوتی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے‘
اس دوران بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے نے بھجبل اور پوار کی ملاقات کے تعلق سے کہا ہے کہ ’’چھگن بھجبل مہایوتی کے سب سے اہم  اتحادیوں میں سے ایک ہیں ، مجھے نہیں لگتا کہ وہ کوئی اور راستہ اختیار کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’چھگن بھجبل کبھی مہایوتی کو نقصان پہنچانے والا قدم نہیں اٹھائیں گے۔ اس کے برعکس وہ اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ مہایوتی کس طرح متحد رہے۔‘‘  بھجبل کی پارٹی این سی پی( اجیت) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کا کہنا ہے کہ چھگن بھجبل ریاست کے بہت بڑے لیڈر ہیں انہیں کسی سے ملنے کیلئے ہم سے یا کسی اور سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا کہ بھجبل این سی پی (اجیت) سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے ملاقات ہوگی تو شرد پوار سے ان کے ملنے کی وجہ معلوم کیا جائے گی۔ ادھر سپریہ سُلے نے کہا ہے کہ بھجبل کو مہایوتی میں مناسب مقام نہیں ملا ہے۔ ممکن ہے وہ اس کی وجہ سے بے چینی محسوس کر رہے ہوں، اسی لئے شردپوار سے ملاقات کی ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK