Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مال بردار ٹرک پھاٹک توڑ کر پٹری پر پہنچ گیا، سامنے سے آنے والی ٹرین نے پرخچے اڑا دیئے

Updated: March 15, 2025, 11:34 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

جلگائوں میں امراوتی ایکسپریس نے ایک مال بردار ٹرک کو اڑا دیا جو کہ لیول کراسنگ توڑ کر پٹری پر پنچ گیا تھا۔ خیر سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ ٹرک ڈرائیور پہلے نیچے اتر گیا تھا۔

Truck and train involved in accident. Photo: Inquilab
حادثے کا شکار ٹرک اور ٹرین۔ تصویر : انقلاب

جلگائوں میں امراوتی ایکسپریس نے ایک مال بردار ٹرک کو اڑا دیا جو کہ لیول کراسنگ توڑ کر پٹری پر پنچ گیا تھا۔ خیر سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ ٹرک ڈرائیور پہلے نیچے اتر گیا تھا۔ نیز لوکوپائلٹ نے ٹرک کو دیکھ لیا تھا اور ٹرین کی رفتار کم کر دی تھی۔ البتہ تقریباً ۶؍ گھنٹوں تک اس روٹ پر ٹرین سروس متاثر رہی۔ 
  اطلاع کے مطابق جلگائوں ضلع کے بودوڑ ریلوے اسٹیشن سے ۵؍سو میٹر کے فاصلے پر فلائی اوور ہےجس کے نیچے پرانا ریلوے پھاٹک ہے۔ جب سے فلائی اوور کے اوپر آمد و رفت شروع ہوئی ہےمذکورہ ریلوے پھاٹک کو بند کردیا گیا ہے۔ پیر کی علی الصباح۴؍ اور ۵؍ بجے کے درمیان تامل ناڈو سے ایک ٹرک گیہوں کی بوریاں بھر کر بودوڑ آیا تھا۔ غالباً ٹرک ڈرائیور اس بات سے بے خبر تھا کہ ریلوے پھاٹک آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ اند ھیرے میں یہ مالبردار ٹرک پھاٹک توڑ کر پر جا پہنچا اور پھنس گیا۔ ڈرائیور نے فوری طور پر گاڑی سے چھلانگ لگا دی اور مدد کیلئے ادھر ادھر دیکھنے لگا۔ 
 اسی دوران ممبئی سے امرواتی جانے والی امراوتی ایکسپریس اسی ٹریک پر چل آ رہی تھی۔ خیر سے لوکو پائلٹ نے ٹرک کو دیکھ لیا اور اس نے رفتار کم کرنے کی کوشش کی پھر بھی وہ ٹرک کو بچا نہیں پایا۔ ٹرین نے ٹرک کو زور دار ٹکر ماری اور اسے اندازاً ۲ سو تا ۳ سو میٹر تک دھکیلتے ہوئے آگے لے گئی۔ یہ منظر کسی فلمی سین سے کم نہیں تھا۔ اطلاع کے مطابق اس وقت ٹرین کی رفتار ۴۵؍ کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ ٹرک کا آدھے سے زیادہ حصہ ٹرین کے انجن کے نیچے پھنس چکا تھا۔ لوکو پائلٹ کا کہنا ہے کہ اگر اس نے رفتار کم نہ کی ہوتی تو بہت بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔   حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریلوے انتظامیہ اور آر پی ایف نیز جی آر پی کے افسران موقع پر پہنچے۔ کرین اور جے سی بی کی مدد سے ٹرک کے پرزوں اور گیہوں کے بوروں کو پٹری سے ہٹایا گیا۔ اس عمل میں کم و بیش ۵؍گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا جس کے وجہ سے اس روٹ پر ٹریفک جام لگا رہا۔ 
 تقریباً ۶؍ گھنٹے ٹرین سروس متاثر رہی 
  اطلاع کے مطابق اس دوران مہاراشٹر ایکسپریس اور نو جیون ایکسپریس کے علاوہ دورنتو ایکسپریس کا روٹ تبدیل کردیا گیا۔ وہیں جائے حادثے کے اطراف میں بجلی سپلائی بند کردی گئی۔ اس کے علاوہ بھساول بڈنیرہ اور بڈنیرہ نرکھیڑا پسنجر ٹرین کو رد کئے جانے کی اطلاع محکمہ کی جانب سے دی گئی۔ کچھ ٹرینوں کو بھساول اور ورنگائوں ریلوے اسٹیشنوں پر روکنا پڑا۔ بودوڑ پولیس اسٹیشن کے عارضی انچارج انسپکٹر انل بھولے نے بتایا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بھساول ریلوے کے پی آر او نے بتایا کہ ٹرین کے انجن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسےمرمت کیلئے بھیجا گیا ہے۔ جبکہ ٹرین میں نیا انجن جوڑ کر اسے تقریباً ساڑھے ۱۰؍ بجے آگے روانہ کیا گیا۔ اطلاع ہے کہ حادثے کے بعد ٹرین میں سوار کچھ مسافر اسی وقت نیچے اتر کر ایس ٹی بس اور دیگر نجی گاڑیوں سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK