• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریاستی درجہ چھین کر جموں کشمیر کے عوام پر بڑا ظلم کیاگیا : راہل

Updated: September 05, 2024, 9:35 AM IST | Srinagar

وادی میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ، اننت ناگ اور رام بن میںریلیوں سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے صوبے کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا

Rahul Gandhi and Farooq Abdullah attend rally in Anantnag.(PTI)
راہل گاندھی اور فاروق عبداللہ اننت ناگ میں ریلی کےد وران ۔(پی ٹی آئی)

کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو وادی کشمیر میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ اننت ناگ اور رام بن میںانتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکزی حکومت پر سخت تنقیدیں کیں اورانتخابات جیتنے کی صورت میں ریاستی درجہ بحال کرنے کیلئے مرکز پردباؤ ڈالنے کا وعدہ کیا ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جموں کشمیرکا ریاستی درجہ چھین کریہاںکے عوام کےساتھ ظلم کیا گیا ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر پر بھی تنقید کی ۔ راہل نے کہا ’’ مودی حکومت صرف دو خاندانوں امبانی اور اڈانی کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ مجھے کہا گیا پارلیمنٹ میں تقریر میں امبانی اور اڈانی کے نام نہیں  لیا جاسکتا، میں نے اسپیکر سے گزارش کی کہ پھر میں ان کو کیا کہوں گا اب میں انہیں اے ون اور اے ٹو کہتا ہوں۔‘‘ ڈورو اننت ناگ اور رام بن میں ریلیوں سے خطاب کے دوران  راہل نے یہ باتیں کہیں۔
  راہل نے کہاکہ مودی سرکار نے جموں کشمیر کو ۲؍ مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرکے یہاں کے لوگوں  پر بڑا ظلم کیا۔ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاستی درجہ چھین لیا گیا اور پہلی بار ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیااور لوگوں کے حقوق چھین لئے گئے۔راہل گاندھی نے عوام سے مخاطب  ہو کر کہا ’’ `سب سے پہلے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کو بحال کریں گے کیونکہ نہ صرف آپ کے ریاستی درجے کو چھینا گیا ہے بلکہ تمہارے حقوق،تمہارے وسائل ہر چیز کو چھینا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا’’ `ہم چاہتے تھے کہ پہلے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے اس کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں لیکن بی جے پی ایسا نہیں چاہتی تھی وہ کہتی ہے پہلے الیکشن کریں گے پھر ریاستی درجے کی بحالی پر بات کریں گے۔ `بی جے پی مانے گی یا نہیں لیکن ہم ان پر اس قدر دباؤ ڈالیں گے کہ جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ واپس دیا جائے گا۔‘‘
 کانگریس لیڈر نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد اسمبلی انتخابات کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ جموں و کشمیر میں کانگریس – نیشنل کانفرنس اتحاد کی سرکار بنے گی۔ سرکار میں آنے پر ہم تمام اسامیوں کو پورا کریں گے اور نوکری لگنے کی کم سے کم عمر کی حد کو بڑھا کر۴۰؍ سال کریں گے۔ ہم عارضی ملازمین کو مستقل کرکے ان کی آمدنی کو بڑھائیں گے۔
  بی جے پی اور آر ایس ایس کو  نشانہ  بناتے ہوئے  راہل نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ملک میں نفرت کا ماحول پھیلا رہی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں لیکن کانگریس ملک کو متحد رکھے گا۔ بی جےپی  نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو گزشتہ۷؍ سال سے جمہوری عمل سے  دور رکھا ۔ راہل کے بقول ’’جہاں بی جے پی نفرت کی دکان کھولے گی وہاں کانگریس محبت کی دکانیں کھولے گی۔ ہم بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر یہ جنگ جیتیں گے۔ ووٹ بینک کی سیاست کے لئے بی جے پی نے کشمیری پنڈتوں کا استحصال کیا ہے۔‘‘اتحاد کے بارے میں راہل گاندھی نے کہاکہ کارکنوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ساتھ متحدہ طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں کانگریس اراکین پارلیمان نے وزیر اعظم  مودی کا اعتماد ختم کردیا اور یہ سب کے سامنے عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ `جموں کشمیر کے ساتھ ہمارا پرانا تعلق ہے اور کشمیر کے ساتھ ہمارا خون کا رشتہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK