• Sun, 20 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ووٹرلسٹ میں اندراج کیلئے بڑی تعداد میں لوگوں نےاستفادہ کیا

Updated: October 20, 2024, 8:45 AM IST | Saadat Khan and Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں ناموں کا اندراج کرانے کے آخری دن لوگوں کی بھیڑ نظر آئی

People had reached many places including Madanpura to register their names in the promoter list
مدنپورہ سمیت کئی مقامات پرووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج کرانے لوگ پہنچے تھے

ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹرلسٹ میںناموں کے اندراج اور تصحیح کے آخری دن سنیچر ۱۹؍ اکتوبرکو بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔ اس تعلق سے مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم کی ٹیم الگ الگ علاقوں میںمصروفِ عمل رہی۔
 مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم اورمیرا  بھائندر میں مساجد فیڈریشن کی جانب سے مالونی ، بھانڈوپ ، وکھرولی، گوونڈی ، سانتاکروز، میراروڈ نیانگر وغیرہ علاقوں میںیہ کام جاری رہا۔۵؍ نومبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی سپلیمنٹری فہرست ِرائے دہندگان میں اسے شامل کیا جائے گااور یہ تمام لوگ الیکشن میںووٹ ڈال سکیںگے۔
 ڈاکٹر عظیم الدین (میراروڈ )نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ میراروڈ میں پہلے سے یہ کام جاری تھا ، آخری دن مزیداہتمام سے کیا گیا اور بڑی تعداد میںلوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا مگر یہ حقیقت ہے کہ ابھی اس تعلق سے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ ’’ جس طرح عام انتخابات میں یہ کام کیا گیاتھا ، نسبتاًفی الوقت اس انداز میںتوجہ نہیں دی گئی حالانکہ ابھی بھی اسی اہتمام اورسنجیدگی کے ذریعے یہ کام کیا جانا چاہئے تھا تاکہ اس کا مثبت نتیجہ سامنے آئے۔‘‘
 مولانا خلیل الرحمٰن سجادنعمانی نے بھی اس جانب توجہ دلائی اورکہاکہ ’’آنے والےاسمبلی انتخابات میں بھی ہمیںپوری قوت کے ساتھ حصہ لینا ہے تاکہ عام انتخابات کی طرح جمہوری عمل میں ہماری حصہ داری یقینی ہوسکے۔‘‘
  الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج  ، رائے دہندگا ن کے نام اور پتے میں تصیح وغیرہ کرنےکی سنیچر ۱۹؍ اکتوبر تک اجازت دی تھی ۔ جس کی وجہ سے جنوبی ممبئی کے مدنپورہ ،ڈونگری ،کماٹی پورہ اور دیگرعلاقوں میں سیاسی پارٹیوں کے دفاتر اور مقامی  سماجی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے خصوصی کیمپوں پر سنیچر کو بھیڑ رہی۔ 
 مدنپورہ کی ملاپ فائونڈیشن نامی سماجی تنظیم کی جانب سے جمعہ اور سنیچر کو مذکورہ سرگرمی کے تحت کیمپ لگایا گیا ۔ جمعہ کو ۵۰؍ لوگوں نے کیمپ سے استفادہ کیا ۔ ان میں ۳۰؍ ووٹر ایسے تھے جن کے پاس پرانا کارڈ تھا ۔ انہیں ڈجیٹل ووٹر کارڈ بنوا نا تھا ۔ انہوں نے ڈجیٹل ووٹر کارڈ کیلئے درخواست دی ہے اسی طرح ۲۰؍ ووٹر ایسے تھے جن کے نام اور پتے میں تصیح کرناہے۔ انہوں نےبھی درخواست دی ہے ۔ ان سبھی افراد کے نئے ڈجیٹل کارڈ ایک ہفتہ میں مل جائیں گے اور وہ ۲۰؍ اکتوبر کو ہونےوالے الیکشن میں ان کارڈ کا استعمال کر سکیں گے ۔
  تنظیم کے رکن فرحان خان نے بتایا کہ ’’جمعہ سے زیادہ سنیچر کو بھیڑ تھی ۔ جمعہ کو ۵۰؍ افراد نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے  اندراج ، نام اور پتے میں تصیح کیلئے درخواستیں دی تھیں جبکہ سنیچرکو ۱۰۰؍ سے زیادہ افراد نے درخواستیں دیں ۔‘‘
    امام باڑہ روڈ ، ڈونگری پر مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل کے آفس میں بھی سنیچر کو مذکورہ کاموں کیلئے عوام کی بھیڑ رہی ۔ اسی طرح کماٹی پورہ اور جنوبی ممبئی کے دیگر علاقوں میں سیاسی پارٹیوں کے دفاتر اور مقامی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں پر عوام کا ہجوم  نظر آیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK