پٹری کو ٹوٹا ہوا دیکھ کر ٹریک مین ۴؍ کلو میٹرتک دوڑتا ہوا گیا اور آنے والی گاڑی کو رکوایا، مستعدی کی ہر طرف ستائش۔
EPAPER
Updated: November 29, 2024, 2:38 PM IST | Ali Imran | Amravati
پٹری کو ٹوٹا ہوا دیکھ کر ٹریک مین ۴؍ کلو میٹرتک دوڑتا ہوا گیا اور آنے والی گاڑی کو رکوایا، مستعدی کی ہر طرف ستائش۔
ریلوے ملازم کی مستعدی کی وجہ سے امراوتی کے دھامنگاؤں ریلوے اسٹیشن کے قریب بڑا حادثہ ٹل گیا۔ جیسے ہی ٹریک مین نے ریلوے پٹری ٹوٹی ہوئی دیکھی، وہ چار کلومیٹر تک دوڑتا ہوا گیا اور گاندھی دھام پوری ایکسپریس کو رکوایا۔ اس کی حاضر دماغی اور بہادری کی ستائش کی جا رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق امراوتی کے دھامنگاؤں ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ملازم بھولا رام مینا جمعرات کی صبح ریلوے ٹریک کا معائنہ کر رہا تھا کہ اس نے ایک جگہ ریلوے ٹریک ٹوٹی ہوئی دیکھی۔ جبکہ کچھ ہی دیر میں گاندھی دھام۔ پوری ایکسپریس اس ٹریک سے گزرنے والی تھی۔ سنگینی کو بھانپتے ہی بھولارام تقریباً ۴؍ کلو میٹر تک دوڑ کر گیا اور ایکسپریس ٹرین کو بروقت روکنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس کارکردگی کیلئے بھولارام کی تعریف ہورہی ہے۔ انتظامیہ کو جب اس کی اطلاع ملی تو ریلوے کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پٹری کی مرمت کا کام جنگی بنیادوں پر کیا گیا اور گاندھی دھام۔پوری ایکسپریس اس راستے سے بحفاظت گزر گئی۔ ریلوے ٹریک مین کی مستعدی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور ٹریفک بھی متاثر نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ ریلوے ٹریک کی دیکھ بھال انتہائی اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہے اور معمولی تنخواہ پر ملازم کرنے والے یہ ٹریک مین ہر حال میں ریلوے ٹریک کی دیکھ بھال کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ٹریک مین کی ذراسی غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے جبکہ چوکسی سے کئی حادثات ٹل جاتے ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران مستعدی دکھانے والے ٹریک مین کو سینٹرل ریلوے کی جانب سے ’سیفٹی منیجر ایوارڈ‘ سے نوازا جاتا ہے۔ اس سے قبل ۲۰؍ ملازمین کو یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔