• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ضابطۂ اخلاق پرعمل در آمد کیلئے مضافاتی ضلع کلکٹرآفس میں میڈیا کنٹرول روم قائم

Updated: April 23, 2024, 11:24 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر بھی نظر رکھی جائے گی ۔ ۵۵۰؍ اہلکاراور افسران پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے کام کرےگی۔

A photo of the media control room set up in the Collector`s office. Photo: INN
کلکٹر آفس میں قائم کردہ میڈیا کنٹرول روم کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات میں ممبئی مضافاتی ضلع میں ۴؍ پارلیمانی حلقہ ٔ انتخاب ہیں۔ ان میں ضابطہ اخلاق پر سخت سےعمل درآمد کیا جا سکے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے اس کیلئے ضلع کلکٹر آفس میں میڈیا روم اور میڈیا سرٹیفیکیشن اور کنٹرول روم قائم کیا گیاہے ۔کنٹرول روم کی ٹیم فیس بک، انسٹا گرام اور ایکس جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر بھی نظر رکھے گی۔ ساتھ ہی ۵۵۰؍ اہلکارو افسران پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو ضابطہ اخلاق کو سختی سے نافذ کرنے کیلئے کام کرے گی۔ اسکی اطلاع ممبئی مضافات کے ضلع کلکٹراورضلع الیکشن افسر راجندر شرساگر نے دی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’بی جے پی حکومت میں دلت، آدیواسی اور اقلیت خوف وہراس میں ہیں‘‘

ضلع کلکٹرشر ساگر نے بتایا کہ’’ ممبئی مضافاتی ضلع کے ۴؍لوک سبھا حلقوں (ممبئی نارتھ، ممبئی نارتھ ویسٹ، ممبئی نارتھ ایسٹ  اور ممبئی نارتھ سینٹرل)میںضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور نگرانی کے لئے ۲۴؍ گھنٹے اور ہفتہ کے ساتوں دن ۵۵۰؍ سے زائد ٹیمیں کام کر رہی ہیں   ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پیر کو سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی بھی میٹنگ لی گئی اور ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چاروں لوک سبھا حلقوں میں انتخابی عمل کو ہموار اور پرامن ماحول میں انجام دینے کیلئے تعاون کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر منوج گوہد، ڈپٹی کلکٹر (الیکشن) تیجس سمیل کے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں  کے نمائندے موجود تھے۔ شر ساگر نے کہا کہ انتخابی مدت کے دوران مثالی ضابطہ ٔاخلاق پر موثر عملدرآمد کے لئے مختلف ٹیمیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ ان میں ویڈیو مانیٹرنگ ٹیم، اسٹیٹک مانیٹرنگ ٹیم، ویڈیو ویونگ ٹیم اور فلائنگ اسکواڈ شامل ہیں۔ ضلع کے چاروں لوک سبھا حلقوں کے۲۶؍ اسمبلی حلقوں میں اس ضابطہ اخلاق پر موثر عمل آوری کیلئے ۵۵۰؍سے زائد ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں اور یہ ٹیمیں۲۴؍ گھنٹے چوکس ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہو۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی حلقہ میں ۲۶؍اپریل سے کا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہوگا

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر میڈیا کےمختلف نمائندوں  نے گزشتہ روز میڈیا روم اور میڈیا سرٹیفیکیشن اور کنٹرول روم کا دورہ کیا ، جو  ممبئی مضافاتی کلکٹریٹ، باندرہ (ایسٹ)، ممبئی میں قائم کیا گیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کلکٹر اور ضلع الیکشن آفیسر راجندر شر ساگر کی رہنمائی میں اور الیکشن ڈپٹی کلکٹر تیجس سمیل کے تعاون سے میڈیا روم اور میڈیا سرٹیفیکیشن اینڈ کنٹرول کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کیشو کرندیکر، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کے سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور `دل کھلاس اور  `جئے مہاراشٹر پروگرام کے کوآرڈینیٹر اس کمیٹی میں چیف کوآرڈینیٹر ہیں۔ معلوم ہوکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ممبئی مضافاتی ضلع کے چاروں حلقوں  میں امیدواروں کی اخراجات پر نظر رکھنے کیلئے ۶؍  اخراجات کے انسپکٹرز،۴؍  جنرل انسپکٹر، اور۲؍لاء اینڈ آرڈر انسپکٹرز کا تقرر کیا ہے۔جو  اگلے۳؍ دنوں میںحاضر ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ ۲۶؍ اپریل سےپرچہ نامزدگی کا عمل شروع ہوگا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۳؍مئی ہے۔ووٹنگ۲۰؍ مئی اور ووٹوں کی گنتی۴؍ جون کو ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK