• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی امتیاز جلیل اور منوج جرنگے کی ملاقات

Updated: October 16, 2024, 10:11 PM IST | Jalna

سیاسی حلقوں میں کھلبلی، منوج جرنگے نے کہا ’’ ہم نے سیاسی اور سماجی موضوعات پر گفتگو کی ہے، ۲؍ یا ۳؍ دنوں میں تفصیل ظاہر کریں گے ‘‘

Imtiaz Jalil and Manoj Jarnge are having a conversation (Photo: Agency)
امتیاز جلیل اور منوج جرنگے محو گفتگو ہیں( تصویر: ایجنسی)

 منگل کے روز الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جسکے ٹھیک بعد منوج جرنگے نے اپنے آبائی ضلع جالنہ میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی اور بی جے پی کو دھول چٹانے کا اعلان کیا۔ لیکن شام ہوتے ہوتے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی جب مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر امتیاز جلیل منوج جرنگے سے ملاقات کیلئے جالنہ پہنچے۔ دونوں کے درمیان کافی دیر تک باتیں ہوئیں اور دونوں ہی نے جلد کسی بڑے اعلان کا اشارہ دیا۔
 یاد رہے کہ منوج جرنگے گزشتہ سوا سال سے مراٹھا ریزرویشن کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایکناتھ شندے کی حکومت یقین دہانیوں اور اقدامات کے دلاسوں سے انہیں بہلاتی رہی۔  منوج جرنگے نے اعلان کر رکھا تھا کہ اگر ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے پہلے حکومت نے مراٹھا سماج کو او بی سی زمرے میں ریزرویشن نہیں دیا تو وہ کوئی سیاسی قدم اٹھائیں گے۔ وہ اپنی طرف سے مراٹھا امیدوار بھی کھڑا کر سکتے ہیں جو مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی دونوں ہی کے امیدواروںکو شکست دیں گے۔یہی وجہ ہے کہ منگل کی شام جب امتیاز جلیل منوج جرنگے سے ملاقات کیلئے پہنچے تو چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
  میڈیا نے جب منوج جرنگے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا ’’  جب میں اسپتال میں تھا تب بھی یہ مجھ سے ملنے آئے تھے۔ پھر جب میں بھوک ہڑتال پر بیٹھا تھا تب بھی انہوں نے مجھ سے ملاقات کی تھی۔ آج پھر یہ آئے ہیں۔ ہمارے درمیان سیاسی اور سماجی موضوعات پر گفتگو ہوئی جس کی تفصیل آئندہ ۲؍ یا ۳؍ دنوں  میں ظاہر کریں گے۔ میڈیا نے ملاقات میں گفتگو کے تعلق سے  جرنگے کو کریدا تو انہوں نے جواب دیا ’’ سیاست میں سارے پتے ایک ساتھ نہیں کھولے جاتے۔ وقت آنے پر ہم اپنے پتے کھولیں گے۔‘‘ انہوں  نے کہا ’’ ہم  عام آدمی کو بچانے کیلئے اسے انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔‘‘  جبکہ امتیاز جلیل کا کہنا تھا کہ ’’منوج جرنگے شروع سے کہہ رہے ہیںکہ وہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر سماج میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ وہ ذات پات اور مذہب کی تفریق کے بغیر عوام کو انصاف دلانے کی خاطر اسمبلی الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ ایسی صورت میں اس وقت سب سے اہم ضرورت سوشل انجینئرنگ کی ہے۔ انہی سب باتوں پر گفتگو کیلئے ہم نے ملاقات کی۔‘‘ امتیاز جلیل نے کہا کہ میں منوج جرنگے کا مداح ہوں کیونکہ وہ ایک عام کسان گھر سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان کے دل میں اپنے سماج کا درد ہے اور وہ اپنے سماج کے حقوق کی خاطر میدان میں اترتے ہیں ۔ ان کی صداقت کو دیکھتے ہوئے پورا سماج ان کے ساتھ کھڑا ہو جاتا ہے۔  امتیاز جلیل نے کہا’’ ہمارے درمیان کچھ گفتگو ہوئی ہے۔ آگے ہم مزید گفتگو کریں گے۔‘‘ 

aimim Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK