ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پرانے طریقے سے انتخاب کیلئے ہم بھارت جوڑو یاترا کی طرح ملک گیر تحریک شروع کریں گے۔ شرد پوار نے قانونی ٹیم تشکیل دی ، ادھو نےبھی احتجاج کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: November 27, 2024, 11:02 AM IST | Agency | New Delhi
ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پرانے طریقے سے انتخاب کیلئے ہم بھارت جوڑو یاترا کی طرح ملک گیر تحریک شروع کریں گے۔ شرد پوار نے قانونی ٹیم تشکیل دی ، ادھو نےبھی احتجاج کا اعلان کیا۔
ای وی ایم کے خلاف لگاتار آواز اٹھانے والی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اب بیلٹ پیپر سے انتخاب کا راستہ ہموار کرنے کے لئے ملک گیر مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے ’سنویدھان رکشک ابھیان‘ (تحفظ آئین مہم) کے عنوان سے منعقد ہ ایک تقریب میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بیلٹ پیپر سے ہی انتخاب ہو اور اس کے لئے ہم بھارت جوڑو یاترا کی طرح پورے ملک میں مہم چلائیں گے۔
اپنے خطاب میں کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ پوری طاقت لگا کر او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور کمزور طبقات کے لوگ جو ووٹ دے رہے ہیں اسے بے اثر کیا جارہاہے ۔ اسی لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ اب بیلٹ پیپر سے انتخابات ہونے چاہئیں۔ای وی ایم مودی اور امیت شاہ اپنے گھر میں رکھیں یا گجرات کے گودام میں رکھ دیں۔ ہمارا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ بیلٹ پیپر سے انتخاب کرایا جائے۔ اگر ایسا ہو جائے تو بی جے پی والوں کو پتہ چل جائے گا کہ انہیں کس کی حمایت مل رہی ہے۔کھرگے نے مزید کہاکہ میرا کہنا ہے ہماری پارٹی کو ایک مہم شروع کرنی چا ہئے اور سبھی پارٹیوں کو اس میں ساتھ لینا چا ہئے تاکہ ملک گیر مہم چلاکر بیلٹ پیپر کو یقینی بنایا جاسکے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں حیرت انگیز شکست کا سامنا کرنے والی مہا وکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) کو شبہ ہے کہ جو غیر متوقع اور عوامی رجحان کے خلاف نتائج آئے ہیں وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) میں گڑبڑی کئے بغیر ممکن نہیں۔اسی لئے ایم وی اے نے ریاستی اور قومی سطح پر اس کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم وی اے میں شامل این سی پی (شرد) اور شیو سینا (ادھو) نے ای وی ایم مشینوں کے بجائے بیلٹ پیپر سے دوبارہ انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے نے منگل کو اپنے اپنے اراکین اسمبلی ، فاتح اور شکست پانے والے دونوں کی الگ الگ میٹنگ منعقد کی۔ اس میٹنگ میں فتح اور شکست کے اسباب کا جائزہ لیا گیا ۔ ای وی ایم کے خلاف تحریک چلانے کیلئے شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے نے اپنے اپنے لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ ووٹنگ میں فرق کے تعلق سے متعلقہ انتخابی افسر سے وی وی پیٹ کی گنتی کا مطالبہ کریں۔ وی وی پیٹ کی گنتی کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ۲۸؍ نومبر ہے۔ واضح رہے کہ شرد پوار نے اسمبلی الیکشن جیتنے والے ایم ایل ایز اور شکست کھانے والے امیدواروں کو ممبئی کےیشونت راؤ چوان پرتشٹھان میں طلب کیا تھا