• Mon, 25 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگاؤں بم دھماکہ ۲۰۰۸ء پر مبنی فلم کیخلاف ہائیکورٹ میں عرضداشت داخل

Updated: November 07, 2024, 1:31 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ملزم سمیر کلکرنی کے علاوہ ایک اور شخص نے اس فلم کے خلاف بامبے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔

Bombay High Court. Photo: INN
بامبے ہائی کورٹ۔ تصویر: آئی این این

:مالیگاؤں بم دھماکہ  ۲۰۰۸ء کے کیس میں ضمانت پر رہا ۷؍ ملزمین کے خلاف مقدمہ پر شنوائی آخری مرحلہ میں پہنچ چکی ہے لیکن کسی نہ کسی وجہ سے شنوائی طوالت کا شکار ہورہی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ مذکورہ بالا کیس کے ملزم سمیر کلکرنی نے مالیگاؤں بم دھماکہ ۲۰۰۸ء پر مبنی ایک فلم ’ میچ فکسنگ‘ پر اعتراض کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے  کی اپیل کی  ۔ اس پر بدھ کو ہونےوالی سماعت کے دوران فلم ساز نے اپنا موقف واضح کرنے کی اپیل کی تھی جسے قبول کر لیا گیا ہے۔وہیں دوسری جانب اسی فلم پر اعتراض کرتے ہوئے ایک شخص نے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیااور اس پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی ہے جس پر جلد ہی سماعت ہوگی۔

بدھ کو مذکورہ بالا بم دھماکہ کے ملزم کے ذریعہ فلم’ میچ فکسنگ‘ پر روک لگانے کی داخل کردہ اپیل پر ہونے والی شنوائی کے دوران  فلم کی پرڈیوسر پلوی گرجر بذات خود اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئی تھیں اورخصوصی عدالت کے جج اے کے لاہوٹی سے فلم پر اپنا موقف واضح کرنے کی اجازت طلب کی  ۔ دوران سماعت پروڈیوسر نےفلم پر کئے جانے والے اعتراضات سے متعلق داخل کی گئی تحریری اپیل کی نقل فراہم کرنے کی بھی درخواست کی  اور اس ضمن میں جواب داخل کرنے کے لئے وقت طلب کیا۔

تاہم اس مقدمہ کی شنوائی کے دوران مداخلت کار نثار احمدکی جانب سے جمعیۃ لیگل سیل کے وکیل شاہد ندیم نے کورٹ کو یاد دلایا کہ مالیگاؤں بم دھماکہ سے متعلق کورٹ نے کسی بھی فلم کے بنانے یا ریلیز کرنے پرپابندی عائد کی تھی اس کے باوجود نہ صرف اس موضوع پرفلم بنی  بلکہ وہ مذکورہ بالا دھماکہ پر مبنی ہے اور اس میں مالیگاؤں کو ہی پیش کیا گیا ہے اور اس کیس کے کلیدی ملزم کرنل پروہت کو ہیرو بنا کر پیش کیا گیا ہے۔
 دوسری جانب تفتیشی ایجنسی این آئی اے کے سینئر وکیل اویناش رسال نے اس ضمن میں اپنا جواب داخل کرتے ہوئے خصوصی عدالت کو اس ضمن میں دیئے گئےاپنے فیصلے کی روشنی میں فرمان جاری کرنے کی گزار ش کی تھی ۔وہیں خصوصی عدالت کے جج نے اپیل داخل کرنے والے ملزم سے پروڈیوسر کے مذکورہ بالا معاملہ میں مداخلت کرنے پر اس کی رائے جاننے کی کوشش کی  جس پر ملزم نے کوئی اعتراض نہ ہونے کی اطلاع دی۔  بعد ازیں کورٹ نے ملزم کو فلم کے  خلاف کی گئی شکایت کی نقل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ۸؍ نومبر تک کے لئے ملتوی کر دیا ہے ۔اسی درمیان متنازع فلم”میچ فکسنگ“ پر پابندی لگانے کیلئے  ندیم خان نامی شخص نے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے جس پر جلد سماعت متوقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK