• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ کا ایسا گائوں جہاں ہر گھر میں ہوائی جہاز موجود ہے !

Updated: January 03, 2025, 12:39 PM IST | Agency | New York

کیلیفورنیا کے اس گائوں میں ہر شخص پائلٹ ہے، یہ لوگ سودا سلف لانے بھی ہوائی جہاز سے ہی جاتے ہیں۔

Cameron Air Park has airplane parks in each building. Photo: INN
کیمرون ایئر پارک کے ہر مکان میں ہوائی جہاز پارک ہیں۔ تصویر: آئی این این

ہر ایک کے گھر میں کوئی نہ کوئی گاڑی ہوتی ہے، چاہے وہ موٹر سائیکل ہو یا کار۔ آج کے دور میں یہ عام بات ہے لیکن ہم آپ کو جس جگہ کے بارے میں بتانے جارہے ہیں وہاں لوگ ہوائی جہاز کو کاروں کی طرح رکھتے ہیں۔ درحقیقت امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جہاں ہر کسی کے گھر کے سامنے گاڑی کی جگہ ایک ہوائی جہاز کھڑا ہے۔ وہ جہاں جاتے ہیں ہوائی جہاز سے ہی جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ راشن لینے بھی ہوائی جہاز ہی نکالتے ہیں۔ اس سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز اکثر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے رہتے ہیں۔ 
  یہ گائوں کیلیفورنیا میں واقع ہے اور اس کا نام کیمرون ایئر پارک ہے جہاں بہت چوڑی سڑکیں نظر آئیں گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں رن وے کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ کو گاؤں کے ہر گھر کے باہر گیراج نما’ ہینگر‘ نظر آئیں گے جہاں ان لوگوں کے ہوائی جہاز پارک ہوتے ہیں۔ یہ بھی دلچسپ بات ہے کہ یہاں رہنے والے تقریباً تمام لوگ پائلٹ ہیں اور اپنے طیارے خود اڑاتے ہیں۔ ایسے دیہات کو امریکہ میں ’فلائی اِن کمیونٹی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ایسے ۶۱۰؍ایئر پارکس ہیں جہاں پر رہنے والے افراد کے پاس اپنے اپنے طیارے ہیں۔یہ ایئر پارکس دراصل دوسری جنگ عظیم کے دوران بنائے گئے ایئر فیلڈس ہیں۔ انہیں جنگ کے بعد تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ انہیں رہائشی ایئر پارکس میں تبدیل کر دیا گیا۔ایسے دیہات یا ایئرپارکس میں صرف ریٹائرڈ فوجی پائلٹ ہی رہتے ہیں لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ ان ریٹائرڈ فوجی پائلٹوں نے اپنے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو بھی پائلٹ بنادیا ہے۔ یاد رہے کہ ۱۹۴۶ء میں جنگ دوسری جنگ عظیم ختم ہوکر ایک سال گزرا تھا تب  امریکہ میں کل ۴؍ لاکھ پائلٹ تھے جنہوں نے ایسے ایئرپارکس میں رہنا شروع کیا تھا۔ کیمرون پارک بھی ۱۹۶۳ء میں قائم کیا گیا تھا ۔ فی الحال یہاں ۱۲۴؍مکانات ہیں اور اتنے ہی ہوائی جہاز ہیں بلکہ کچھ گھروں کے پاس دو دو ہوائی جہاز ہیں۔ یہاں کی سڑکوں کے نام اور سڑکوں کے نشانات بھی ہوائی جہاز کی لینڈنگ اور اڑان کے موافق ہی بنائے گئے ہیں۔ سڑکوں کی ہر ۵؍ سے ۶؍ ماہ میں مرمت کی جاتی ہے تاکہ انہیں رن وے کے طور پر استعمال کرنے میں کوئی دقت نہ آئے۔ انہی ایئر پارکس اور یہاں موجود پائلٹوں کی وجہ سے امریکی  فضائیہ کو کبھی  پائلٹوں کی کمی نہیں ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ فضائیہ دنیا میں مضبوط ترین فضائیہ قرار دی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK