دونوں پارٹیوں نے کہا کہ داخلی اختلافات کی وجہ سے بی جے پی کشمکش کا شکار ہے۔
EPAPER
Updated: February 15, 2025, 10:20 AM IST | Agency | New Delhi
دونوں پارٹیوں نے کہا کہ داخلی اختلافات کی وجہ سے بی جے پی کشمکش کا شکار ہے۔
دہلی میں انتخاب ہونے اور بی جے پی کی فتح کو ایک ہفتہ گزر گیا ہے لیکن اب تک بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور نہ حکومت سازی کے سلسلے میں کوئی بات سامنے آئی ہے۔ اسی وجہ سے اپوزیشن پارٹیوں عام آدمی پارٹی اور کانگریس دونوں ہی بی جے پی پر شدید تنقیدیں کر رہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور ریاست دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ وزارتوں کی تقسیم کو لے کر اندرونی کشمکش کا شکار ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ بی جے پی لیڈران عوامی فنڈس کے لالچ میں وزارتوں کے لیے آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا منشور محض ایک کاغذی وعدہ تھا، ان کا اسے پورا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنانے کے لئےہی صرف منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں کانگریس نے بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتہ بعد بھی دہلی کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرنے میں بی جے پی کی ناکامی ان کے باہمی اختلاف کو ظاہر کرتی ہے۔ بی جے پی کا ہر تیسرا ممبر اسمبلی جس طرح سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویٰ کر رہا ہے، اس میں کہیں نہ کہیں۱۹۹۳ء کی بی جے پی دہلی حکومت کی تاریخ نظر آتی ہے، جب ایک ہی دور میں ۳؍ وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کیا گیا تھا۔ بی جے پی ایک بے سمت پارٹی ہے جس کے لیڈر کبھی متفق نہیں ہوئے اور اب بھی نہیں ہوں گے۔