• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’آپ‘ نے پنجاب میں چار میں سے تین سیٹوں پر قبضہ کرلیا

Updated: November 24, 2024, 1:23 PM IST | Agency | Chandigarh

بی جےپی کوئی بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی لیکن اس کے ووٹ فیصد میں کافی بہتر ی آئی ہے،کانگریس صرف برنالہ سیٹ پر کامیاب۔

Punjab Chief Minister Bhagwant Mann. Photo: INN
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان۔ تصویر : آئی این این

پنجاب میں چار اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں سنیچر کو ہوئی ووٹوں کی گنتی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی/آپ) نے ۴؍ میں سے ۳؍ سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ کانگریس کو ایک سیٹ ملی ہے۔ بی جےپی اس ضمنی انتخاب میں کوئی بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی لیکن بی جے پی پنجاب میں اپنے ووٹ فیصد کو پانچویں سے تیسرے نمبر پر لے آئی ہے۔
چاروں سیٹوں کیلئے کل  ملا کر ۴۵؍ امیدوار میدان میں تھے۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں ایک مرکز قائم کیا گیا تھا۔ بدھ کو چار اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کیلئے ۶۳ء۹۱؍ فیصدپولنگ ہوئی  تھی۔
’ آپ‘ امیدوار گردیپ سنگھ رندھاوا نے اپنے قریبی حریف کانگریسی امیدوار جتیندر کور رندھاوا کو ۵۶۹۹؍ ووٹوں کے فرق سے شکست دی اور ڈیرہ بابا نانک اسمبلی سیٹ پر قبضہ کرلیا ۔ گردیپ سنگھ رندھاوا کو۵۹۱۰۴؍ ووٹ ملے جبکہ جتیندر کور رندھاوا کو۵۳۴۰۵؍ ووٹ ملے۔ ڈیرہ بابا نانک اسمبلی حلقہ میں ۱۱؍ امیدوار میدان میں تھے۔برنالہ اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار کلدیپ سنگھ ڈھلون نے اپنے قریبی حریف عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہریندر سنگھ دھالیوال کو۲۱۵۷؍ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ ڈھلوں کو مجموعی طور پر ۲۸۲۵۴؍ ووٹ ملے جبکہ دھالیوال کو۲۶۰۹۷؍ ووٹ ملے ۔ یہ سیٹ ’آپ‘ کے ایم ایل اے گرمیت سنگھ میت ہیر کے سنگر لوک سبھا حلقہ سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کانگریس کے برنالہ ضلع صدر کلدیپ سنگھ ڈھلون جو پہلی بار الیکشن لڑ رہے ہیں، آنجہانی ہریندر سنگھ سیرا ڈھلون کے بھائی ہیں۔ گدرواہا اسمبلی سیٹ  پرآپ کے امیدوار ہردیپ سنگھ ڈمپی ڈھلون نے کانگریس امیدوار امریتا وڈنگ کو ۲۱۹۶۹؍ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ چبیوال اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر اشنک کمار نے اپنے قریبی حریف کانگریس امیدوار رنجیت کمار سے ۲۸۶۹۰؍ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK