ودھان سبھا میٹرواسٹیشن کے قریب اسمبلی کے داخلی دروازہ پر دُہرے بیریکیڈ لگائے گئے، آتشی نے کہا کہ بی جےپی آمریت کی حد پارکرچکی ہے۔
EPAPER
Updated: February 28, 2025, 11:50 AM IST | Agency | New Delhi
ودھان سبھا میٹرواسٹیشن کے قریب اسمبلی کے داخلی دروازہ پر دُہرے بیریکیڈ لگائے گئے، آتشی نے کہا کہ بی جےپی آمریت کی حد پارکرچکی ہے۔
دہلی اسمبلی اجلاس کے تیسرے دن عام آدمی پارٹی’ آپ‘ کے ممبران اسمبلی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس کے بعدآپ کے ایم ایل اے اپوزیشن لیڈر آتشی سنگھ کے ساتھ `’جئے بھیم‘ کے پلےکارڈ اوربا با صاحب امبیڈکرکا پوسٹر لےکر اسمبلی احاطے کے باہر احتجاج کر رہے ہیں ۔ واضح رہےکہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے دفتر سےبابا صاحب امبیڈکر کی تصویر کی جگہ وزیر اعظم مودی اوربھگت سنگھ کی تصویر کی جگہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی تصویر لگانے کے بعدعام آدمی پارٹی کے اراکین نے احتجاج کیاتھاجس پر’ آپ‘ کے اراکین کو ۳؍ دن کیلئےاسمبلی سے معطل کردیاگیا ہے ۔ جمعرات کو ان کے احتجاج کا دوسرا دن تھاجب اراکین اسمبلی نےایوان میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں روک دیاگیا ۔
ودھان سبھا میٹرواسٹیشن کے قریب اسمبلی کا جوداخلی دروازہ ہے،وہاں دہرے بیریکیڈ لگائے گئے ہیںاور سیکوریٹی اسٹاف کو تعینات کیاگیا ہے۔ایک سیکوریٹی افسر نےکہا کہ ’’ہمیںاسپیکر کے دفتر سے ہدایات ملی ہیںکہ آپ کے اراکین اسمبلی کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔‘‘
سابق وزیراعلیٰ اور موجودہ اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایم ایل اے کو اسمبلی میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی آمریت کی حد پارکرچکی ہے ۔ ایوان میں صرف ایک ’آپ‘ ایم ایل اے امانت اللہ خان موجود ہیں۔اس دوران دہلی حکومت کے وزیر پرویش ورما نے کہا کہ شیش محل کی تحقیقات کی جائیں گی۔ پچھلی حکومت کی جانب سے فالو اَپ نہ ہونے کی وجہ سے کئی منصوبوں کی لاگت دوگنی ہوگئی ہے۔ ہم ایوان میں ۲؍ ہزارکروڑ روپے کے شراب پالیسی گھوٹالے پر بحث کریں گے۔
اس سے پہلے۲۵؍فروری کو سیشن کے دوسرے دن دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ایوان میں شراب پالیسی پر سی اے جی کی رپورٹ پیش کی تھی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ’ آپ ‘کی غلط شراب پالیسی کی وجہ سے۲۰۰۲؍کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے بعد اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا تھا کہ ہم اس کی تحقیقات کیلئے۱۴-۱۲؍ اراکین پرمشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی) بنائیں گے اور جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہےکہ منگل کو دہلی اسمبلی اسپیکروجیندرگپتا نے عام آدمی پارٹی کے ۲۱؍ اراکین اسمبلی کو ا یوان کی کارروائی میں رخنہ اندازی کرنے پر معطل کردیاتھا۔اسمبلی سے ونئے کمار سکسینہ خطاب کررہے تھےکہ اس دوران آپ اراکین نےنعرے بازی کرنے لگے اورجئے بھیم کا پلے کارڈ لےکر ا حتجا ج شروع کردیا جس پراسپیکرنے اراکین کے خلاف کارروائی کی ۔ رکن اسمبلی امانت اللہ خان کارروائی کی زد میں نہیںآئے۔ فی الوقت اسمبلی میںآپ کے وہی واحد رکن اسمبلی موجود ہیںجنہوں نے جمعرات کو سیشن کے دوران اسپیکر سے اپیل کی کہ ہمارے ساتھیوں کوایوان میں بلا لیجئے، ڈپٹی اسپیکرکاانتخاب ہونا ہے جس میںاپوزیشن اراکین کا رہنا ضروری ہے۔
اس دوران بی جے پی رکن اسمبلی ستیش اُپادھیائے نے عام آدمی پارٹی پر سی اے جی رپورٹ پر بحث سے توجہ ہٹانے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اپادھیائے نے اسمبلی میں کہا کہ آتشی بابا صاحب امبیڈکر اور شہید بھگت سنگھ کی تصویر پر سیاست کر رہی ہیں۔ یہ سی اے جی رپورٹ اور شراب گھوٹالہ پر بحث سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالویہ نگر میں بھگت سنگھ جی کے نام پر ایک پارک ہے۔ پارک میں نصب ان کا ایک مجسمہ گزشتہ۳؍ سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اگر اروند کیجریوال، آتشی اور ان کی پارٹی آزادی پسندوں کا احترام کرتی تو وہ ان مجسموں کی مرمت کرواتے لیکن اس نے انہیں صرف سیاست کیلئے استعمال کیا ۔ کل ہم نے مجسمہ پر کپڑا ڈالا تھا۔ ہم ایک نیا مجسمہ نصب کریں گے یا اس موجودہ مجسمہ کو اگلے ایک ماہ میں بحال کریں گے۔
واضح رہےکہ دہلی اسمبلی میں سی اے جی سے متعلق کچھ رپورٹیں جمعرات کو پیش کی جانے والی تھیں اور شراب پالیسی پر سی اے جی کی رپورٹ پر بحث بھی کی جانے والی تھی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے موہن سنگھ بشٹ کا نام تجویز کرنا تھا۔ بشٹ مصطفی آباد سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔