ہر خاتون کو ۲۱۰۰؍ روپے ماہانہ دینے کے ساتھ ہی اس میں ڈاکٹر امبیڈکر اسکالر شپ، طلبہ کیلئے مفت بس سفر اور میٹرو کے کرایوں میں۵۰؍ فیصد کی رعایت جیسی گارنٹیاں شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: January 28, 2025, 1:19 PM IST | Agency | New Delhi
ہر خاتون کو ۲۱۰۰؍ روپے ماہانہ دینے کے ساتھ ہی اس میں ڈاکٹر امبیڈکر اسکالر شپ، طلبہ کیلئے مفت بس سفر اور میٹرو کے کرایوں میں۵۰؍ فیصد کی رعایت جیسی گارنٹیاں شامل ہیں۔
عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی انتخابات کیلئے اپناانتخابی منشور جاری کردیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ دہلی کے لوگوں کیلئے کیجریوال کی گارنٹی ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ دہلی کے لوگ ایک بار پھر’ جھاڑو‘ کا انتخاب کریں گے۔
انتخابی منشور کو جاری کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اس میں نوجوانوں کیلئے روزگار، خواتین کیلئے سمان، سنجیونی اور پجاری گرنتھی یوجنا، پانی کے غلط بلوں کی معافی، ڈاکٹر امبیڈکر اسکالر شپ، طلبہ کیلئے مفت بس سفر اور میٹرو کے کرایوں میں ۵۰؍ فیصد کی رعایت جیسی کئی اہم گارنٹیاں شامل ہیں۔ ہم آئندہ۵؍ برسوں میں اپنی جانب سے اعلان کی گئی یہ تمام۱۵؍ضمانتیں پوری کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی مفت بجلی، پانی، تعلیم، علاج اور خواتین کیلئے بس سفر اور معمر افراد کیلئےتیرتھ یاترا جیسی سہولتیں بھی پہلے کی طرح جاری رہیں گی۔ ہماری حکومت کے تحت، ہر خاندان کو ماہانہ۲۵؍ ہزار روپے کا فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غلطی سے کمل کا بٹن دب گیا تو ہر خاندان پر اتنا زیادہ بوجھ بڑھ جائے گا۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ آج ہم دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے ’کیجریوال کی گارنٹی‘ جاری کر رہے ہیں۔ کیجریوال کی گارنٹی کا مطلب ہے ایسی پکی گارنٹی، جس میں کوئی خامی نہیں ہے۔ کچھ لوگ کبھی سنکلپ پتر کہتے ہیں تو کبھی کچھ اور کہتے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ ان کے ریزولیوشن جعلی ہیں۔ لوک سبھاالیکشن کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ وہ ہر ایک کو۱۵؍ لاکھ روپے دیں گے۔ ڈیڑھ سال بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے یہ کہہ کر ان کے وعدوں کو مسترد کردیا تھا کہ وہ تو بس ایک انتخابی جملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، کانگریس یا دیگر پارٹیاں انتخابات کے دوران جو بھی اعلان کرتی ہیں، وہ صرف انتخابی نعرے ہیں۔ ہر کوئی مختلف ناموں سے اعلان کرتا ہے۔ ہم نے گارنٹی کا لفظ استعمال کرنا شروع کیا تو اب ان لوگوں نے بھی گارنٹی کا لفظ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب تو انہوں نے گارنٹی کا لفظ بھی برباد کر دیا ہے۔ یہ کیجریوال کی گارنٹی ہے، مودی کی گارنٹی نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں سب سے کم بے روزگاری ہے۔ قومی سطح پر تقریباً ۶؍ فیصد بے روزگاری ہے لیکن دہلی میں صرف ۲؍ فیصد بے روزگاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خواہ ایک شخص کتنا ہی بے روزگار ہو، ایک بے روزگار شخص ہمیشہ بے روزگار ہی رہتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دہلی میں ایک بھی شخص بے روزگار نہ ہو۔ ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب ہمارے بچے تعلیم حاصل کر کے گھر بیٹھے ہوتے ہیں اور ان کے پاس کام نہیں ہوتا۔ دہلی کے ڈھائی کروڑ لوگ میرا خاندان ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے میرے خاندان میں کوئی پڑھا لکھا ہو اور گھر بیٹھا ہو اور ہم اس کیلئے روزگار کا کوئی بندوبست کرنے سے قاصر ہوں۔ ہمارے پاس منیش سیسودیا، آتشی، سنجے سنگھ، راگھو چڈھا، گوپال رائے، سوربھ بھاردواج اور ستیندر جین جیسے قابل افراد ہیں۔ یہ سب لوگ پڑھے لکھے ہیں۔ ہم ایک مکمل منصوبہ بنا رہے ہیں کہ دہلی کے ہر بچے کو کس طرح روزگار دیا جائے گا۔ ‘‘
کیجریوال نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد ہر ماہ ہر خاتون کے کھاتے میں ۲۱۰۰؍ روپے جمع ہوں گے۔ حکومت کی تشکیل ہوتے ہی ہم اسے جلد از جلد نافذ کریں گے۔ ۶۰؍ سال کی عمر کو عبور کرنے کے بعد ہمارے سینئر سٹیزن یہ فکر کرنے لگتے ہیں کہ اگر وہ بیمار ہوگئے تو کیا ہوگا؟ علاج کہاں ہوگا، بچوں کا علاج ہوگا یا نہیں ؟ میں ایسے تمام سینئر افراد کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب تک آپ کا بیٹا زندہ ہے میں آپ کو بہترین علاج فراہم کروں گا، خواہ مجھے سرکاری اسپتال میں علاج کرانا پڑے یا پرائیویٹ اسپتال میں۔ دہلی حکومت اس کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے تک دہلی میں ہر کسی کا پانی کا بل صفر آتا تھا۔ پھر انہوں نے سازش کی اور ہم سب کو ایک ایک کرکے جھوٹے مقدمے میں جیل بھیج دیا۔ پتہ نہیں اس کے پیچھے کون سی سازش تھی۔ جب میں جیل سے باہر آیا تو معلوم ہوا کہ لوگوں کو پانی کے کئی ہزار روپے کے بل آئے تھے اور تمام بل غلط تھے۔ جن لوگوں کے پانی کے بل غلط آئے ہیں، انہیں بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہماری حکومت بننے کے بعد تمام غلط بل معاف کر دیئے جائیں گے۔
چنداہم گارنٹیاں
روزگار گارنٹی۔ دہلی میں ایک بھی فرد بے روزگار نہیں رہےگا۔
ہر خاتون کو سمان یوجنا کے تحت ماہانہ۲۱۰۰؍ روپے ملیں گے۔
سنجیونی یوجنا کے تحت معمر شہریوں کا مفت علاج ہوگا۔
پانی کے تمام غلط بلوں کو پوری طرح سے معاف کیاجائے گا۔
تمام گھروں میں ۲۴؍ گھنٹے صاف پانی کی فراہمی ہوگی۔
جمنا ندی کوآلودگی سے پاک کیا جائے گا۔
سڑکوں کی دیکھ بھال یورپی ممالک کے انداز میں کی جائیگی۔
دلت طلبہ کیلئے امبیڈکر اسکالرشپ جاری کی جائے گی۔
تمام طلبہ کیلئے بسوں میں مفت سفر کاانتظام کیا جائے گا۔
کرائے داروں کیلئے بجلی معاف یوجنا جاری کی جائے گی۔
برسوں سےالتوا میں پڑاراشن کارڈ کا کوٹہ بڑھایا جائے گا۔