• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

Updated: July 25, 2024, 1:00 PM IST | New Delhi

ٹماٹر ۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ روپے فی کلو فروخت ہونے سے گھریلوخاتون کا کچن کا بجٹ بگڑ گیا ہے، پیا ز، مٹر، ٹماٹر، ادرک اور لہسن وغیرہ کی قیمتیں  بھی بڑ ھ گئی ہیں۔

A scene of buying and selling in a vegetable market in New Delhi.Photo: PTI.
نئی دہلی کی ایک سبزی منڈی میں خریدو فروخت کا ایک منظر۔  تصویر :پی ٹی آئی۔

ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ ٹماٹر۱۰۰؍ سے۱۲۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی آلو اور پیاز کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے گھریلو خاتون کا کچن کا بجٹ بگڑ گیا ہے۔ ایسے میں پیاز، مٹر، ٹماٹر، ادرک اور لہسن بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہری سبزیاں پلیٹ سے غائب ہونے لگی ہیں۔ لوگ کلو کے بجائے پاؤ کلو میں سبزی خرید کر کام چلارہےہیں۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے کھانے کا ذائقہ ہی بگاڑ دیا ہے۔ 
چھتیس گڑھ کے کوریا ضلع میں بارش کی وجہ سے ضلع کے مقامی کھیتوں سے سبزیوں کی آمد رک گئی ہے۔ کسان دھان کی بوائی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سلفلی، سرگوجا اوردیگر شہروں سے سبزیاں منڈی میں آرہی ہیں۔ بارش کے دوران آمدورفت کے مہنگے ہونے اور سڑکوں کی خرابی کی وجہ سے سبزیاں مہنگے داموں میں فروخت ہو رہی ہیں۔ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ مقامی کھیتوں کے علاوہ قریبی دیہات سے بھی سبزیاں منڈی میں آتی ہیں جس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں کم رہتی ہیں۔ آمد کم ہوئی تو سبزیوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ 
دیہی علاقوں سے سبزیوں کی کم آمد کے سبب اب سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اکتوبر تک بازار میں سبزیوں کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی جیب پر اثر پڑنے لگا ہے۔ کریلا، بھنڈی، گوبھی، بیگن اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ۵۰۰؍ روپے بھی تھیلا بھرنے کیلئے کافی نہیں ہیں۔ پہلے ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے گھریلو خواتین پریشان تھیں اور اب سبزیوں کی آمد کم ہونے سے سبزی فروش بھی پریشان ہیں۔ چند دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں دوگنا سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے جس سے گھریلو بجٹ پوری طرح بگڑ گیا ہے۔ سبزیوں کی قیمت کی بات کریں تو گوبھی ۸۰؍ روپے فی کلو، ٹماٹر۱۰۰؍ روپے فی کلو، بھنڈی ۵۰؍ روپے فی کلو، لوکی۴۰؍ روپے فی کلو، آلو ۴۰؍ روپے فی کلواور لہسن۲۰۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ 
سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے سے متوسط ​​اور غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں گزشتہ دنوں کے مقابلے ۲۰؍ سے ۳۰؍ روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، صورتحال یہ ہے کہ باہر سے آنے والی سبزیاں منڈی تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں، جو مقامی ہیں ان کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں۔ بہت سے تاجر آلو اور پیاز کے پرانے اسٹاک سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔ اس میں بھی تاجروں کے ذریعہ من مانی قیمت وصول کی جار ہی رہے۔ 
مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں بھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ اندور کے پٹنی پورہ سبزی منڈی کے سبزی فروش وشال نام دیو نے بتایا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بار کسانوں نے سبزیاں کم اگائی ہیں جس کی وجہ سے سبزیاں مہنگی ہوگئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹماٹر ۱۰۰؍ سے۱۲۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ پھول گوبھی۵۰؍ روپے فی کلو جبکہ مرچ بھی ۸۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ کوئی سبزی۴۰؍ روپے کلو میں دستیاب نہیں ہے۔ 
اسی منڈی کےلہسن، ادرک اور آلو پیاز کے تاجر اوم پرکاش نے بتایا کہ پیاز اور آلو کی قیمت ۳۵؍ روپے فی کلو ہے۔ لہسن اور ادرک بھی۱۶۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ اوم پرکاش کا کہنا ہے کہ اس بار ان سبزیوں کی پیداوار کم ہوئی ہے جن کی قیمتیں زیادہ ہیں۔ سبزی منڈی سے سبزیوں کی خریداری کرنے والے اکثر خریدار اپنی سبزی کم کر رہے ہیں، جو سبزی ایک کلو خریدتے تھے یا جو سبزی۲؍ کلو خریدتے تھے، اسے گھٹا کر آدھا کلو کردیا ہے۔ خاص طور پر ٹماٹر آدھا کلو خرید کرلےجاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ 
سبزی کے خریدار روہت راجپوت نے بتایا کہ بارش کے موسم میں اکثر سبزیوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ خاص طور پر اس بار ٹماٹر ایک بار پھر مہنگا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس وقت ٹماٹر کی قیمت۱۰۰؍ روپے فی کلو سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ صرف آدھے کلو ٹماٹر سے کام چلا رہے ہیں۔ سبزیاں بھی ان کی طرف سے کم مقدار میں خریدی جارہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK