• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوندیا میں آلودہ پانی پینے کے سبب تقریباً۶۰؍ افراد بیمار

Updated: August 02, 2024, 11:09 AM IST | Ali Imran | Nagpur

انتظامیہ نے پانی سپلائی بند کرنے کا حکم دیا ، امکان ظاہر کیا گیا کہ بارش کے دوران آبی ذخائر میں گندگی جمع ہوگئی۔

The victims have been admitted to a local hospital. Photo: INN
متاثرین کو مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

ودربھ کے ضلع  گوندیا میں واقع ارجونی مورگاؤں تعلقہ کے نویگاؤں میں محکمہ آب رسانی کے ذریعے آلودہ پانی سپلائی کرنے کی وجہ سے تقریباً ۵۰؍ تا ۶۰؍افراد بیمار ہوگئے۔ان تمام  متاثرین کو دیہی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، ممکنہ خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے، تعلقہ میڈیکل آفیسر نے جمعرات سے نویگاؤں میں پانی کی سپلائی بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق یہاں کے اندرا نگر اور آکھر محلہ کے۵۰؍ تا ۶۰؍باشندے  بدھ کی شام آلودہ پانی  پینے کے بعد بیمار ہوگئے۔ طبی معائنے میں پایا گیا کہ یہ تمام افراد ڈائریا سے متاثر ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا۔ محکمہ صحت نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعرات سے گاؤں میں پانی کی سپلائی بند کر دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غالباً شدید بارش او ر سیلاب کی وجہ سے آبی ذخائر میں آلودگی جمع ہوگئی ہے۔    محکمہ صحت نے کہا ہے کہ یہ پانی پینے  کے لائق  نہیں ہے  اور گاؤں والوں کو ڈائریا ہونے کا اندیشہ ہے، اس لئے کچھ دنوں تک نلوں کے ذریعے پانی فراہم نہ کیا جائے۔
  محکمہ صحت نے بتایا کہ دیہی اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ جمعرات کے دن ۱۴؍ نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جب کہ ایک مریض کی حالت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے اسے گوندیا ضلع جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ معلومات نویگاؤں دیہی اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر آکاش نشین نے دی ہے۔ گاؤں والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرام پنچایت کے واٹر اے ٹی ایم سے مفت میں ملنے والے پانی کا استعمال کریں، نل کے پانی کے استعمال سے پرہیز کریں۔ نویگاؤں گرام پنچایت کے سرپنچ ہیرا پندھرے نے کہا کہ گاؤں میں ڈائریا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ودربھ کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوئی تھی جسکی وجہ سےکئی مقامات پر پانی جمع ہو گیا تھا۔ گوندیا میں بھی یہی صورت حال تھی۔ امکان ہے کہ اس پانی کے ساتھ گندگی بھی آبی ذخائر میں جمع ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK