ابو عاصم کے بیان پر ہنگامہ، ایکناتھ شندے کا معافی مانگنے کا مطالبہ، غداری کا معاملہ درج کرنےکا انتباہ۔
EPAPER
Updated: March 04, 2025, 10:44 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ابو عاصم کے بیان پر ہنگامہ، ایکناتھ شندے کا معافی مانگنے کا مطالبہ، غداری کا معاملہ درج کرنےکا انتباہ۔
ممبئی مہاراشٹر اسمبلی بجٹ اجلاس کا آغاز ہوچکا ہے پہلے روز ہی اپوزیشن نے سرکار کے خلاف احتجاج شروع کر رکھا ہے۔ اسی دوران سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بھی حاضری دی۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ سیاسی لڑائی کو مذہبی رنگ دینے کی سازش جا رہی ہے۔ مسلمانوں کے خلاف پورے ملک میں ماحول تیار کر کے فرقہ پرستی عام کی جارہی ہے۔ اورنگ زیب کا نام لے منافرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی جبکہ اورنگ زیب کے زمانے میں ہندوستان سونے کی چڑیا تھا۔ ان کی سرحد برما اور افغانستان تک تھی وہ عدل و انصاف کے بادشاہ تھے۔ انہوں نے کبھی بھی تفریق نہیں کی اس لئے اورنگ زیب کی تعلیمات اور ان کی تاریخ کا مطالعہ ضروری ہے۔ تلنگانہ کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ کے اورنگ زیب کے مزار کو مسمار کر نے کے مطالبہ پر ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ یہ سیاست ہے جس کے ذریعے نفرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ ایک انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ کر کے واویلا مچایا جارہا ہے مسلمانوں کے خلاف نفرت کو فروغ دینے کی سازشیں کی جا رہی ہیں اورنگ زیب کی آڑ میں ماحول خراب کر نے کی فرقہ پرست عناصر کوشش کر رہے ہیں آج ہر جگہ مسلمانوں کی مخالفت کی جارہی ہے ان کے ساتھ نا انصافی عام ہے سرکار کو اس سمت میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
غداری کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ
اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ابو عاصم اعظمی کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ابو عاصم اعظمی کا بیان غلط ہے اور قابل مذمت ہے۔ اورنگ زیب نے ۴۰؍ دنوں تک چھترپتی سمبھاجی کو اذیت دی تھی۔ اسے ایک اچھا آدمی کہنا بہت بڑا گناہ ہے۔ ‘‘ شندے نے کہا ’’ ابو عاصم اعظمی کو معافی مانگنی چاہئے۔ اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو ہمارے وزیر اعلیٰ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے اور ان کے خلاف ملک سے غداری کا معاملہ درج کیا جائے گا۔ ‘‘ اس دوران مہایوتی میں شامل کئی اور لیڈران نے بھی ابو عاصم اعظمی پر تنقید کی ہے۔ تھانے میں شیوسینا ( شندے) کے کارکنان نے ان کے خلاف پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کروایا ہے۔