رات بھر کار کنویں میں پڑی رہی، صبح ہونے پر لوگوں کو حادثے کا علم ہوا، کنویں سے پانی نکالنے کے بعد لاشیں نکالی گئیں۔
EPAPER
Updated: February 12, 2025, 11:27 AM IST | Ali Imran | Nagpur
رات بھر کار کنویں میں پڑی رہی، صبح ہونے پر لوگوں کو حادثے کا علم ہوا، کنویں سے پانی نکالنے کے بعد لاشیں نکالی گئیں۔
ناگپور میں ایک کار کے کنویں میں ڈوب جانے سے ۲؍ سگے بھائیوں کی موت ہو گئی ہے۔ ان کے ساتھ ان کا چچا زاد بھائی بھی ہلاک ہو گیا۔ اطلاع کے مطابق سورج چوہان (۳۴) اور ساجن چوہان (۲۷) نے ایک نئی کار خریدی تھی۔ سورج کو گاڑی چلانی آتی تھی۔ وہ اپنے بھائی ساجن کو ڈرائیونگ سکھانے لے گیا۔ ان کے ساتھ ان کا چچازاد بھائی سندیپ چوہان (۲۷) بھی تھا۔ یہ تینوں شہر کے بٹی بوری علاقے کے بال بھارتی میدان گئے تھے۔
کار سیکھنے کے دوران اچانک تیز رفتار کار زمینی سطح کے ایک پرانے کنویں میں جا گری۔ اس حادثے میں تینوں کی موت ہو گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ پیر کی رات تقریباً گیارہ بجے پیش آیا۔ منگل کی صبح تقریباً ۱۰؍بجے فائر بریگیڈ کی مدد سے تینوں نوجوانوں کی لاشیں اور کار کنویں سے نکالی گئیں۔ پولیس کے مطابق کی رات تقریباً ساڑھے۱۰؍ بجے تینوں بُٹِّی بوری کے بال بھارتی میدان میں ڈرائیونگ سیکھنے گئے تھے۔ میدان صاف تھا اس لئے سورج نے کار اپنے بھائی ساجن کو دی اور وہ سائڈ والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ ساجن چونکہ کار چلانا نہیں جانتا تھا اسلئے آہستہ آہستہ گاڑی چلا رہا تھا۔ جبکہ سورج اسے ضروری ہدایت دے رہا تھا۔ پولیس کا اندازہ ہے کہ اس دوران کار کو زمین دوز کنویں کے قریب جاتا دیکھ کر سورج نے ساجن کو گاڑی روکنے کیلئے بریک دبانے کو کہا ہوگا لیکن ساجن نے بریک کے بجائے ایکسلریٹر دبا دیا اور گاڑی تیز ہوگئی ہوگی اور سیدھی کنویں میں جا گری۔ کنویں میں پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے کار ڈوب گئی اور تینوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ تاہم یہ واقعہ منظر عام پر نہیں آیا کیونکہ رات کو میدان پر کوئی نہیں تھا۔
اگلے دن منگل کی صبح تقریباً ساڑھے ۹؍بجے ایک نوجوان کو اس واقعہ کا علم ہوا اور اس نے بٹی بوری کے تھانیدار پرتاپ بھوسلے کو مطلع کیا۔ موقع پر فائر بریگیڈ کو بلایا۔ کنویں میں پانی بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے گاڑی اور لاشوں کو نکالنا ممکن نہیں تھا۔ چنانچہ فائر بریگیڈ نے کنویں سے پانی نکالنے کی کوشش کی۔ کنویں میں پانی کم ہونے کے بعد نوجوانوں کی لاشیں بھی نکالی گئیں جنہیں پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری اسپتال بھیجا گیا۔ بٹی بوری پولیس نے اس معاملے میں حادثہ کا معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔