Inquilab Logo Happiest Places to Work

بابا صاحب امبیڈکر کے تصور کے مطابق ذات پات سے پاک سماج کی تشکیل کیلئےکوششیں کی جانی چاہئیں

Updated: April 15, 2025, 10:14 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بھارت رتن بابا صاحب امبیڈکرکی ۱۳۴؍ویں جینتی کے موقع پر مہاراشٹر کے گورنر رادھا کرشنن نے کہا کہ فرقہ پرستی ایک لعنت ہے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

Maharashtra Governor Radhakrishnan paying tributes. Picture: INN
مہاراشٹر گورنر رادھا کرشنن خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

بھارت رتن بابا صاحب امبیڈکرکی ۱۳۴؍ویں جینتی کے موقع پر مہاراشٹر کے گورنر رادھا کرشنن نے کہا کہ فرقہ پرستی ایک لعنت ہے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں پر عمل کرنے کی  ضرورت ہے۔ گورنر نے زور دے کر کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے تصور کے مطابق ذات پات سے پاک سماج کی تشکیل کیلئےکوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے دادر میں واقع چیتیہ بھومی میں ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکر کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں وہاں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کیلئے بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر نے ذات پات سے پاک سماج تشکیل  دینے کا عزم کیا تھا۔  ‘‘
 گورنر سی پی رادھا کرشنن  نے مزید کہا کہ ’’مہاراشٹر کی سرزمین نے ملک کو چھترپتی شیواجی مہاراج اور بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی شکل میں دو عظیم بیٹوں کو جنم دیا۔ چھترپتی شیواجی مہاراج نے ملک کو غیر ملکی حملے سے بچایا جبکہ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے اپنی زندگی مساوات کےلئے وقف کردی۔‘‘
 انہوںنے مزید کہا کہ’’جب مذہب اختیار کرنے کا خیال ان کے ذہن میں آیا تو اس وقت انہوںنے ہندوستان کی سرزمین پر جنم لینے والے بدھ مت کو قبول کیا ، اس سے ڈاکٹر امبیڈکر کا وژن واضح ہوتا  ہے۔‘‘
 سی پی رادھا کرشنن کے بقول ’’آزادی کے بعد ہندوستان کے بہت سے پڑوسی ممالک میں جمہوریت نے جڑیں نہیں پکڑیں لیکن ہندوستان مسلسل جمہوریت کے راستے پر گامزن رہاہے اور اس کا سہرا بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تیار کردہ آئین کو جاتا ہے۔‘‘
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ایک قوم کے معمار تھے۔ وہ ایک سچے محب وطن تھے جنہوں نے ہمیشہ معاشرے، ملک اور دنیا کی بھلائی کے بارے میں سوچا۔ آزادی کے بعد ہندوستان کو متحد رکھنے میں  بابا صاحب امبیڈکر کی خدمات بے مثال ہیں۔ اس تقریب میں نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے ساتھ دیگر معزز حضرات بھی موجود تھے
ڈاکٹر امبیڈکر کی زندگی پر تصویری نمائش
 ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر چیتیہ بھومی میں  بی ایم سی کی جانب سے ڈاکٹر امبیڈکر کی زندگی پر مبنی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا تھا  جس ان کی زندگی کے چند اہم لمحات کو قید کیا گیا تھا۔ گورنر سمیت تمام معززین نے بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر کی زندگی پر مبنی تصویری نمائش کا دورہ کیا۔ انہوں نے بھیما جیوتی کو خراج عقیدت پیش کیا اور وہاں موجود مذہبی رہنماؤں کو لباس اور بینائی سے محروم طلبہ میں تحائف تقسیم کئے گئے۔
بی ایم سی میں بھی گلہائے عقیدت پیش
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر کے تاریخی آڈیٹوریم میں بھارت رتن ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکر کے آدھے مجسمے پرچیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر چندرکانت پوار نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی سکریٹری کرن پجاری بھی موجود تھیں۔
ودھان بھون میں خراج عقیدت پیش کیا گیا 
امبیڈکر جینتی کے موقع پر ودھان بھون(ممبئی) کے احاطے میںامبیڈکر کے مجسمے پر قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے نے پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مہاراشٹر لیجسلیٹیو سکریٹریٹ کے سیکریٹری شیو درشن ساٹھے اور دیگر نےبھی خراج عقیدت پیش کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK