ضلع پٹنہ کے نورنگا گاؤں میں واردات، کچھ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اننت سنگھ پر سونو مونو گینگ نے فائرنگ کی، کچھ کا دعویٰ ہے کہ اننت سنگھ کے حامیوں نے گولی چلائی۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 11:06 AM IST | Agency | Patna
ضلع پٹنہ کے نورنگا گاؤں میں واردات، کچھ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اننت سنگھ پر سونو مونو گینگ نے فائرنگ کی، کچھ کا دعویٰ ہے کہ اننت سنگھ کے حامیوں نے گولی چلائی۔
بہار کے باہوبلی لیڈر اور سابق ایم ایل اے اننت سنگھ پر گزشتہ روز جان لیوا حملہ کیا تھا۔ پٹنہ ضلع کے نورنگا گاؤں میں ا ن پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنے حامیوں کے ساتھ اس گاؤں کے د ورے پر پہنچے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کے قافلے پر۱۰۰؍ راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہےکہ دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے یعنی اننت سنگھ کے حامیوں نے بھی گولیاں چلائی ہیں۔ پولیس کے مطابق گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اننت سنگھ اور ان کے حامیوں نے گولیاں چلائیں ۔ حملے میں کسی کو گولی نہیں لگی لیکن گاؤں کے حالات کشیدہ ہیں ۔ اننت سنگھ کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ ان پر سونومونو گینگ نے حملہ کیا تھا۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
اننت سنگھ پر فائرنگ کا واقعہ پٹنہ ضلع کے باڑ سب ڈویژن کے گاؤں نورنگا میں پیش آیا۔ پولیس کو جب فائرنگ کی اطلاع ملی توباڑ کے اے ایس پی راکیش کمار فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے موقع سے۳؍ خالی کارتوس برآمد کئے ہیں۔ جن کے گھروں پر گولیاں چلائی گئیں انہوں نے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس اس معاملے میں شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور مزید کارروائی کرے گی۔ گاؤں والوں کے مطابق اننت سنگھ کے حامیوں نے ۱۰۰؍ راؤنڈ سے زیادہ فائرنگ کی۔ اے ایس پی راکیش کمار نے کہا کہ `پنچ محل پولیس اسٹیشن کے تحت نورنگا گاؤں میں فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد تھانہ صدر اورہم خود موقع پر پہنچ گئے۔ پھر اطلاع ملی کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے اور تین کھوکھےبرآمد کئے گئے ہیں۔
کیا دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی؟
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اننت سنگھ پر گولی چلائی گئی تھی، انسپکٹر راکیش کمارنے بتایا کہ سابق ایم ایل اے یہاں آئے تھے۔ ان کے حامی بھی ان کے ساتھ تھے۔ فائرنگ ہوئی ہے۔ نورنگا کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گولیاں ایم ایل اے اور ان کے حامیوں نے چلائی تھیں۔ پولیس کا بھی یہ کہنا ہےکہ گاؤں والے الگ الگ دعویٰ کررہے ہیں، کچھ کا کہنا ہےکہ اننت سنگھ کے حامیوں نے فائرنگ کی تھی جبکہ کچھ کا کہنا ہےکہ سونومونوگینک کی طرف سے گولیاں چلائی گئی تھیں۔ اس حوالے سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ اننت سنگھ نے اس دوران سونومونوگینگ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔