Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوجوان کےبہیمانہ قتل کا ملزم۵؍سال بعد گرفتار، پولیس نےکرانہ دکان میں دفن لاش کےباقیات برآمد کرلئے

Updated: April 17, 2025, 10:14 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

تھانے کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل پولیس نے بھیونڈی شہر کی نئی بستی نہرو نگر علاقے سے تقریباً ۵؍ سال قبل نابالغ لڑکے کے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے

Police officers taking the accused Rabbani Sheikh (in a mask) to a grocery store.
ملزم ربانی شیخ (نقاب میں) کو پولیس اہلکارکرانہ کی دکان پر لے جاتے ہوئے

تھانے کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل پولیس نے بھیونڈی شہر کی نئی بستی نہرو نگر علاقے سے تقریباً ۵؍ سال قبل   نابالغ لڑکے کے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ا س کی  لاش کوکرانے کی ایک دکان میں   دفنادیا گیا تھا جہاں سے پولیس نے نعش کے کچھ باقیات بھی برآمد کر لئے ہیں۔ملزم ربانی شیخ  جو  علاقے کی ایک مسجد میں موذن (بانگی) کے فرائض انجام دیتا تھا، نے قریب ہی رہائش پزیر  شعیب شیخ(۱۷)کو قتل کر کے اس کی لاش دکان میں دفنا دی تھی ۔ 
 موصولہ اطلاع کے مطابق نئی بستی نہرو نگر میں رہنے والا شعیب شیخ۲۰؍نومبر۲۰۲۰ء کو اپنے گھر سے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ اہل خانہ نے کافی تلاش کے بعد۲۱؍ نومبر۲۰۲۰ء کو شہر پولیس اسٹیشن میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی لیکن شعیب کا کوئی سراغ نہ ملا۔تقریباً ۲؍ سال بعد دسمبر۲۰۲۲ء  سے جنوری۲۰۲۳ء  کے درمیان کسی شخص نے انکشاف کیا کہ شعیب شیخ اس دنیا میں نہیں رہا بلکہ اس کے ساتھ  ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اوراس میں مسجد کا موذن  شامل ہے۔ یہ اطلاع امام مسجد تک پہنچی جس پر امام نے فوراً سابق کارپوریٹر دین محمد خان کو اطلاع دی۔ بعد ازیں شعیب کے والدین، امام مسجد اور چشم دید گواہ کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر اطلاع دی گئی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے  ربانی شیخ کو حراست میں لیالیکن وہ پولیس اسٹیشن میں موقع پا کر فرار ہو گیا۔ اس کے بعد پولیس نے متعدد جگہوں پر اس کی تصویر چسپاںلیکن ملزم کا کوئی سراغ نہ ملا۔حال ہی میں تھانے کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل کے سینئر انسپکٹر گورکھ ناتھ گھارگے کی قیادت میں ٹیم کو اطلاع ملی کہ ملزم ربانی  شیخ حلیہ بدل کر پہاڑی علاقے میں چھپا ہوا ہے جہاں سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔اطلاع کے مطابق تفتیش کے دوران اس نے شعیب شیخ کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے لاش کے کچھ حصے کچرے میں پھینک دیئے تھے جبکہ سر اور دیگر حصے کرانے کی دکان میں دفن کئے تھے۔پولیس نے موقع واردات پر تحصیلدار کے حکم اور سرکاری گواہوں کی موجودگی میں لاش کے باقیات برآمد کر کے فورینسک ٹیم کے حوالے کر دیئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد قتل کی وجوہات واضح ہوں گی۔
 شعیب کے والد رشید شیخ نے مطالبہ کیا کہ ان کے  بیٹے کے بہیمانہ قتل میں ملوث شخص کو سخت ترین سزا یعنی پھانسی دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم دو سال تک اسی علاقے میں رہائش پذیر رہا اور ان کے ساتھ رابطے میں بھی رہا  لیکن اس نے کبھی شک نہیں ہونے دیا کہ وہی قاتل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK