• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرلا کے نہرونگر میں خود کو پولیس اہلکار بتاکر راہ گیر کو لوٹنے والا ملزم بھیونڈی سے گرفتار

Updated: November 06, 2020, 9:06 AM IST | Kazim Shaikh | Kurla

نہرو نگر پولیس نےایسےگروہ کے ایک بدمعاش کو بھیونڈی سے گرفتار کیا ہے جو پولیس اہلکار ہونے کا جھانسہ دے کر راہگیرکو لوٹتا تھا

Arrested Gesture - PIC : INN
گرفتار ۔ تصویر : آئی این این

نہرو نگر پولیس نےایسےگروہ کے ایک  بدمعاش کو بھیونڈی سے گرفتار کیا ہے جو پولیس اہلکار ہونے کا جھانسہ دے کر راہگیرکو لوٹتا تھا۔ نہرو نگر پولیس کے مطابق  ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں  راہگیروں کو پولیس افسر بتا کر( جعلی پولیس اہلکار )  نقدی اور زیورات لوٹنے والے گروہ کے ایک بدمعاش کو ڈھائی ماہ بعد بھیونڈی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے  ۲؍ مفرور ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔  پولیس نے ملزم کے خلاف ریمانڈ حاصل کرلی ہے اور مزید پوچھ تاچھ جاری ہے
 کرلا  کے مشرقی علاقے میں واقع نہرو نگر پولیس اسٹیشن کے تفتیشی پولیس سب انسپکٹر سرجی راؤ پاٹل نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ تقریباً ڈھائی ماہ قبل کرلا کے نہرو نگر علاقے میں  ایک راہگیر کو ۳؍  افراد نے  خود کو پولیس افسران  بتاکر روکا  اور اس کے  گلے سے  سونے کی زنجیر لے کر فرار ہوگئے  ۔ اس کے بعد متاثرہ شخص نے پولیس اسٹیشن میں اس معاملے کی  شکایت درج کرائی تھی ۔  پولیس کا کہنا ہے کہ نہرو نگر میں واقع ایک بڑے نالے کے قریب ایک  شخص ۱۵؍   اگست کی  صبح۸؍بجے  پیدل جارہا تھا۔  اسی دوران اس کے قریب ۳؍ افراد آئے اور  اسے  روک کر خود کو پولیس افسر بتایا  اور اس کی تلاشی لینے لگے۔  پولیس کے مطابق  بدمعاشوں نے متاثرہ کے گلے سے سونے کی زنجیر نکال لی اور ایک کاغذ کی پڑیا اس کے ہاتھ میں تھمانے کے بعد تینوں فرارہوگئے ۔بعدازیں متاثرہ نے  پڑیا کھول کر دیکھا تو اس میں سونے کی چین  نہیں تھی۔ پولیس نے بتایا کہ  اسی وقت متاثرہ شخص نے نہرو نگر پولیس اسٹیشن میں ان تینوں جعلسازوں کے خلاف  شکایت درج کرائی تھی ۔نہرو نگر پولیس نے نامعلوم ملزمین کے خلاف تعزیرا ت ہند کی مختلف دفعات کےتحت معاملہ  درج کرکے تفتیش شروع کی۔  نہرو نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ولاس شندے نے بتایا کہ کیس  درج  ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات  کے لئے پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی  تھی۔  شندے کا کہنا ہے کہ  افسران نے جائے وقوع کے اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جانچ کی اور اس  میں ایک موٹر سائیکل  سوار  نظر آیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم بھیونڈی میں رہتا ہے۔ نہرو نگر پولیس نے بھیونڈی میں واقع امجدیہ انگلش اسکول غیبی نگر کے قریب ایک چال  میں رہنے والے ملزم محمد صادق سید عرف ایرانی( ۲۹) کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ تفتیش کے دوران  پتہ چلا کہ صادق کے ساتھ جگو اور تبریز نامی۲؍افراد بھی شامل تھےاور وہ اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہیں ۔  پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمین کے خلاف ممبئی، نوی ممبئی اور تھانے کے متعدد پولیس اسٹیشنوں میں اس طرح کے کئی  معاملات  درج ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK