میٹری مونیئل ویب سائٹ پر رشتہ ازدواج کے نام پر فریب دہی کامعاملہ۔ فریب دہی کا شکار ہونے والی ممبئی کی خاتون ڈاکٹر کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو حیدر آباد سے حراست میں لیا۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 3:53 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
میٹری مونیئل ویب سائٹ پر رشتہ ازدواج کے نام پر فریب دہی کامعاملہ۔ فریب دہی کا شکار ہونے والی ممبئی کی خاتون ڈاکٹر کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو حیدر آباد سے حراست میں لیا۔
پولیس نے رشتہ تلاش کرنے والی خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی اور ساتھ ہی مشورہ بھی دیا ہے کہ اگر خواتین میٹری مونئیل ویب سائٹ پر رشتہ تلاش کررہی ہیں تو انہیں ہمسفر کا انتخاب کرتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہئے کیونکہ اکثر خواتین مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد کا شکار ہوجاتی ہیں ۔ وسئی پولیس نے ایک خاتون ڈاکٹر کی شکایت پر ایسے ہی ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جو شادی شدہ ہونے کے باوجود نہ صرف شکایت کرنے والی متاثرہ خاتون کو میٹری مونئیل سائٹ پر پھنسایا تھا بلکہ کئی اور خواتین کو بھی اپنا شکار بنایا تھا۔
وسئی ویرار کے پولیس کمشنر مدھو کر پانڈے کی ہدایت پر ۳۵؍ سالہ خاتون ڈاکٹر ( گائناکولوجسٹ) کومیٹری مونئیل ویب سائٹ ’ جیون ساتھی ڈاٹ کام ‘ کے ذریعہ دھوکہ دینے، پیسے اینٹھنے اور جسمانی طور پر ہراساں کرنے، بدنام کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ملزم عماد الدین عرفان شیخ کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیاہے۔ ملزم کو ٹرانزٹ ریمانڈپر ممبئی لاکر مقامی کورٹ میں پیش کیا گیا۔ پیشی کے دوران پولیس نے ملزم کے ذریعہ متاثرہ شکایت کنندہ کے علاوہ کئی اور خواتین کو میٹری مونئیل ویب سائٹ پر اپنے آپ کو غیر شادی شدہ بتا کر جھانسہ دینے، ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی کے ساتھ ان سے پیسے اینٹھنے کی اطلاع دی۔ ساتھ ہی مزید خواتین کو پھنسائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس تحویل میں دینے کی اپیل کی تھی۔
کورٹ نے پولیس کی اپیل کو قبول کرتے ہوئے ملزم کو۲؍ دنوں کی پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ مذکورہ بالا کیس سے متعلق سینئر پولیس انسپکٹرراجندر ٹینڈولکر نے بتایا کہ ملزم نے مذکورہ بالا میٹری مونئیل ویب سائٹ پر اپنے آپ کو غیر شادی شدہ بتا کر متاثرہ ڈاکٹر کو اپنے جال میں پھنسیا تھا۔ یہی نہیں جب متاثرہ کو ملزم کے شادی شدہ ہونے اور ایک بچے کا باپ ہونے کا پتہ چلا تو اس نے اسے قطع تعلق کرنا چاہا لیکن وہ نہ صرف اس بات پر بضد تھا کہ متاثرہ کسی اور سے شادی نہ کرے بلکہ اس سے بارہا پیسے اینٹھنے کے ساتھ اسے بدنام کرنے اور جان سے مارنے کی بھی دھمکی دیتا رہا تھا۔ آفیسر نے بتایا کہ ملزم نےمتاثرہ ڈاکٹر کی شکایت کے بعد پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی تھی لیکن کورٹ نے اس کی درخواست کو مسترد کر دیا جبکہ وسئی پولیس اسے حیدر آباد سے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سینئر افسر نے بتایا کہ ملزم نہ صرف ڈاکٹر بلکہ ممبئی، پونے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی دیگر خواتین کو بھی اپنا شکار بنایا ہے۔