امریکی کسٹمز حکام نے سالمونیلا کی وجہ سے ایم ڈی ایچ کی طرف سے برآمد کی گئی تمام مسالہ جات میں سے۳۱؍ فیصد کو مسترد کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 30, 2024, 11:36 AM IST | Agency | New York
امریکی کسٹمز حکام نے سالمونیلا کی وجہ سے ایم ڈی ایچ کی طرف سے برآمد کی گئی تمام مسالہ جات میں سے۳۱؍ فیصد کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکی کسٹمز حکام نے سالمونیلا کی وجہ سے گزشتہ ۶؍ مہینوں میں مہاشیان دی ہٹی، یا ایم ڈی ایچ پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے برآمد کی گئی تمام مسالہ جات میں سے۳۱؍ فیصد کو مسترد کر دیا ہے۔ پچھلے سال بھیجی گئی تمام کھیپوں کیلئے اکتوبر۲۰۲۳ء تک مسترد کئے جانے والے شپمنٹ کی تعداد دُگنی ہوگئی ہے۔
حالیہ مہینوں میں سالمونیلا کی وجہ سے رد کرنے کی شرح میں اضافہ اس وقت ہوا ہے جب سنگاپور اور ہانگ کانگ دونوں ممالک نے مسالوں میں کیڑے مار ادویات کی مبینہ شناخت کے بعد ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کمپنیوں کے کچھ مسالوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔
اکتوبر ۲۰۲۳ء تک تمام ایم ڈی ایچ شپمنٹس میں سے تقریباً ایک تہائی یا۱۱؍ شپمنٹس کو امریکہ نے مسترد کر دیا ہے۔ اس میں مسالے، ذائقے اور نمکیات کے طور پر درجہ بند مصنوعات بھی شامل ہیں۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اکتوبر۲۰۲۲ء سے ستمبر۲۰۲۳ء کے درمیان رد کرنے کی شرح ۱۵؍ فیصد تھی۔ مزید برآں اکتوبر۲۰۲۰ء سے مسترد کردہ تمام ایم ڈی ایچ برآمداتی کھیپ سالمونیلا سے آلودہ تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: مسالے صد فیصد محفوظ ہیں: ایم ڈی ایچ کا دعویٰ
سالمونیلا کیا ہے؟
اگر کسی کھانے کی چیز میں سالمونیلا بیکٹیریا ہوتا ہے اور اسے استعمال کیا جاتا ہے تو یہ معدے میں شدید انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر اسے صحیح طریقے سے نہ پکایا جائے تو یہ آنتوں میں انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ بیکٹیریا ٹائیفائیڈ کی بیماری کیلئے ذمہ دار ہے۔ سالمونیلا بیکٹیریا جانوروں جیسے انڈے، بڑے کا گوشت، کچا چکن اور پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ساتھ انسانوں کی آنتوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ فوڈ سیفٹی کے ایک ماہر نے کہا کہ اگر آپ کٹائی سے لے کر پروسیسنگ تک پیکیجنگ تک ویلیو چین کو برقرار نہیں رکھتے ہیں تو آپ سالمونیلا سے بچ نہیں سکتے۔ ایف ڈی اے نے جنوری۲۰۲۲ء میں ایم ڈی ایچ کے مینوفیکچرنگ یونٹ کا معائنہ کیاتھا۔ اس دوران انہوں نے پایا تھاکہ یونٹ میں صفائی کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ موجودہ امریکی وفاقی مالی سال (اکتوبر ۲۰۲۳ء سے ستمبر۲۰۲۴ء) میں ایوریسٹ کی تمام برآمداتی کھیپوں کا۰ء۳؍ فیصد مسترد کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں یہ۳؍ فیصد تھا۔ اکتوبر۲۰۲۳ء سے کل۵؍ شپمنٹس کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
مسترد شدہ مصنوعات کا کیا ہوتا ہے؟
ایف ڈی اے کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اگر کسی کھیپ میں داخلے سے انکار کیا جاتا ہے تو درآمد کنندہ اسے تباہ کر سکتا ہے یا اسے امریکہ سے باہر برآمد کر سکتا ہے۔ ایف ڈی اے اس بارے میں ڈیٹا شائع نہیں کرتا ہے۔
مالدیپ میں بھی مسالوں پر پابندی عائد
ہانگ کانگ اور سنگاپور کے بعد مالدیپ نے بھی ایوریسٹ اور ایم ڈی ایچ کے مسالوں کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔ مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھاریٹی (ایم ایف ڈی اے) نے کہا کہ ہندوستان میں تیار ہونے والے دو برانڈس کے مسالوں میں ایتھیلین آکسائیڈ پایا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالدیپ کی حکومت ابھی تک ان مسالوں سے لاحق خطرات کا جائزہ لے رہی تھی۔ ایم ایف ڈی اے نے کہا کہ ان برانڈس کے مسالے مالدیپ میں بڑی مقدار میں درآمد اور استعمال کئے جاتے ہیں۔