• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیکسی اور آٹو رکشا ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی

Updated: December 05, 2023, 9:24 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مسافروں کیساتھ بدکلامی اورکم دوری پر جانے سے انکار کرنے کی شکایت ملنے کے بعد آرٹی اوکا رویہ سخت، خاطیوں کے لائسنس ۱۵؍ دنوں کیلئے معطل کئے۔

Traffic officials taking action against an errant taxi driver. Photo: INN
ٹریفک اہلکار ایک خاطی ٹیکسی ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

ریجنل ٹراسپورٹ آفس ( آر ٹی او ۔وڈالا) میں مسافروں کے ذریعہ شہر اور مضافات کے الگ الگ علاقوں میں ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کے ذریعہ کم فاصلہ کی مسافت طے کرنے سے انکار کرنے اور بد کلامی کرنے کی شکایتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں ملنے والی شکایتوں پر وڈالا آر ٹی او کے ذریعہ  رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وڈالا آر ٹی او نے گزشتہ ۵؍ ماہ کے دوران مسافروں سے ۵۰۰؍ سے زائد موصولہ شکایتوں کے بعد ۳۰۰؍ سے زائد ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ۲؍ ہفتہ کیلئے ان کا لائسنس معطل کر دیا ہے ۔ ساتھ ہی جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔
 وڈالا آر ٹی او کے ذریعہ کی جانے والی کارروائی سے متعلق موصولہ تفصیلات کے مطابق کم دوری کی مسافت طے کرنے سے انکار کرنے کی بابت شہر کے الگ الگ حصوں سے ۵۴۹؍ مسافروں نے شکایت درج کی تھی ۔درج کردہ شکایت کے ذریعہ اکثر نے جہاں یہ بتایا کہ بیشتر ٹیکسی و رکشا ڈرائیور کم مسافت طے کرنے سے انکار کرتے ہیں وہیں ان کا الزام تھا کہ اکثر رکشا و ٹیکسی ڈرائیورنہ صرف بد کلامی کرتے ہیں بلکہ جبراً میٹر سے زائد کرایہ بھی وصول کرتے ہیں۔ آر ٹی او کے بقول سب سے زیادہ رکشا ڈرائیوروں کے ذریعہ بد کلامی کرنے اور زیادہ پیسے وصول کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔
اطلاع کے مطابق سب سے زیادہ یعنی ۴۵۶؍ شکایتیں صرف رکشا ڈرائیوروں کے خلاف موصول ہوئی ہیں۔ موصولہ شکایتوں کے مطابق رکشا ڈرائیور کم فاصلہ کی مسافت طے کرنے سے انکار تو کرتے ہیں لیکن جب جانے پر اصرار کیا جائے تو بد کلامی ، بد تمیزی ، فحش کلمات کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ مسافروں کے بقول اگر رکشا ڈرائیور کم دوری  طے کرنے پر رضا مند ہو بھی جائیں تو وہ میٹر سے کہیں زیادہ اپنی مرضی کے مطابق جبراً کرایہ وصول کرتے ہیں ۔ دوسری جانب ۹۳؍ ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف بھی اسی قسم کی شکایتیں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ 
کارروائی سے متعلق آر ٹی او نے بتایا کہ مسافروں سے شکایت موصول ہونے کے بعد ۵۴۹؍ ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا لیکن صرف ۶۴؍ رکشا و ٹیکسی ڈرائیوروں نے کم مسافت کی دوری طے کرنے سے متعلق تشفی بخش جواب دیا تھا ۔ ۶۴؍ رکشا و ٹیکسی ڈرائیوروں کے موصولہ تشفی بخش جوابات کے بعد ۴۸۵؍ ٹیکسی و رکشا ڈرائیوروں کو خاطی قرار دیا گیا اور ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ساتھ ہی ۳۷۱؍ رکشا و ٹیکسی ڈرائیوروں کے لائسنس ۱۵؍ دنوں کیلئے معطل کر دیئے گئے ہیں۔ یہی نہیں خاطی قرار دیئے گئے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں سے ایک لاکھ ۸؍ ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK