کلین اپ مارشل نے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا۔ سب سے زیادہ معاملات پریل اور دادر میں پائے گئے۔
EPAPER
Updated: February 24, 2025, 10:57 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
کلین اپ مارشل نے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا۔ سب سے زیادہ معاملات پریل اور دادر میں پائے گئے۔
شہرومضافات کو گندگی سے پاک رکھنے کے لئے بی ایم سی کے ذریعے دھول اور مٹی کو صاف کرنے کے مقصد سے پانی کے چھڑکاؤ اورجدید مشین کے ذریعہ جھاڑو سے صفائی کا سلسلہ جاری ہے۔ ان اقدامات کے باوجود شہریوں کے ذریعہ گندگی کے معاملات سامنے آرہے ہیں۔ اسی لئے بی ایم سی نے کلین اپ مارشل کو دوبارہ تعینات کیا ہے جو شہر میں جا بجا گندگی کرنے والے لاکھوں لوگوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں ۔
بی ایم سی نے شہر میں گندگی کرنے والوں کے خلاف جہاں گزشتہ سال اپریل میں دوبارہ کلین اپ مارشل کو تعینات کیا ہے وہیں ۴؍ اپریل ۲۰۲۴ء سے ۱۸؍ فروری ۲۰۲۵ء تک شہر کو صاف ستھرارکھنے کے سلسلہ میں عائد کردہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے لاکھوں شہریوں سے کلین اپ مارشل نے کروڑوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔ کلین اپ مارشل کے ذریعہ گزشتہ سال اپریل تا امسال فروری تک کی جانے والی کارروائی کی رپورٹ کے مطابق اب تک ایک لاکھ ۴۰؍ ہزار شہریوں سے عوامی مقامات پر گاڑی دھونے، سگریٹ پینے، کوڑا کرکٹ ڈالنے اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی پر ۴؍ کروڑ ۵۴؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہرو مضافات میں جا بجا تھوکنے پر سب سے زیادہ جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔ بی ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق ۴۴؍ فیصد افرادکے خلاف یعنی ۶۲؍ ہزار ۸۹۲؍ افراد کے خلاف تھوکنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ ۲۵؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ بی ایم سی کے بقول سب سے زیادہ جرمانہ ۳۱؍ لاکھ ۴۴؍ ہزار ایف ساؤتھ یعنی دادر اور پریل کے علاقے سے وصول کیا گیا۔ اس کے علاوہ آر سینٹرل وراڈسے ۱۶؍ لاکھ ۳؍ ہزار جبکہ آر ساؤتھ وارڈ سے ۱۲؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ دوسرا سب سے زیادہ جرمانہ ایک کروڑ ۴۰؍ لاکھ جن ۱۴؍ ہزار ۱۲؍ شہریوں سے وصول کیا ہے، وہ اپنے گھر کے آس پاس گندگی کررہے تھے۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر وہ ۳۲؍ ہزار ۸۷۵؍ شہری ہیں جن سے کوڑے دان میں کوڑاکرکٹ پھینکنے کے بجائے سڑک پر کچرا پھینکنے کی پاداش میں ۶۵؍ لاکھ ۷۱؍ ہزار جرمانہ وصول کیا گیا تھا۔