ملنڈ، بھانڈوپ، کانجورمارگ، وکھرولی اور گھاٹکوپر پولیس کی جانب سے خصوصی مہم جاری۔پابندی کے باوجود تمباکو مصنوعات فروخت ہورہی ہیں۔کارروائی کے بعد۴۵؍دکانداروں نے کاروباربند کردیا
EPAPER
Updated: March 18, 2025, 10:52 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ملنڈ، بھانڈوپ، کانجورمارگ، وکھرولی اور گھاٹکوپر پولیس کی جانب سے خصوصی مہم جاری۔پابندی کے باوجود تمباکو مصنوعات فروخت ہورہی ہیں۔کارروائی کے بعد۴۵؍دکانداروں نے کاروباربند کردیا
اسکولوں اورکالجوں کے اطراف میں تمباکو مصنوعات کی فروخت پر پابندی کے باوجود بڑےپیمانے پرتمباکو مصنوعات فروخت ہورہی ہیں۔اسی وجہ سے ملنڈ، بھانڈوپ کانجورمارگ، وکھرولی اور گھاٹکوپر پولیس نے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اب تک ۵۰۹؍ دکانداروںکےخلاف کارروائی کی گئی ہے۔ واضح رہےکہ اسکولوں اور کالجوں کے ۱۰۰؍ میٹر کے اندر تمباکو مصنوعات کی فروخت پر پابندی کیلئے ہرپولیس اسٹیشن میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔یہ ٹیم اپنے علاقے کے اسکول اور کالج کے قریب تمباکومصنوعات کی دکانوںکاسروے کرتی ہے۔ جن دکانوںپر تمباکو مصنوعات دستیاب ہوتی ہیں ،ان دکانوں کو بند کرنےکی ہدایت دی جاتی ہے ۔ دکان نہ بندکرنےپر ان کےخلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
زون ۷؍کی پولیس ٹیم نے اسکولوں کے قریب ۳۰۰؍ سے زیادہ پان اسٹال چلانے والوں کا معائنہ کیا اور انہیں متنبہ کیا۔ اس دوران کچھ دکانوں سے تمباکو مصنوعات برآمد ہوئیں۔ ان دکانداروں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں میں تمباکو کی اشیاء فروخت نہ کریں، اس کے باوجود تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والے ۵۰۹؍ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ تمباکو کی اشیاء فروخت کرنے والے ۴۵؍افراد نے کاروبار بند کر دیا جبکہ ۲۴؍دکانداروں نے دیگر کاروبار شروع کر دیاہے۔
یہ مہم امسال جنوری سے مذکورہ علاقوںمیں شروع کی گئی ہے جو `زون ۷؍کے تحت آتے ہیں۔ ہر اسکول کے احاطے میں آگاہی بورڈ بھی لگائے گئے ہیں۔ اس مہم کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور شہری فی الحال مطالبہ کر رہے ہیں کہ شہر بھر میں ایسی مہم چلائی جائے کیونکہ نوجوان نسل تمباکو کی عادی ہوتی جارہی ہے جنہیں روکنے کیلئے تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والوں پر کارروائی کی جانی چاہئے۔
زون ۷؍کے ڈپٹی پولیس کمشنر وجے ساگر کے مطابق ’’ملنڈ، بھانڈوپ ، کانجورمارگ، وکھرولی اور گھاٹ کوپروغیرہ کے علاقوں کے تعلیمی اداروں کے ۱۰۰؍میٹر کےاندرواقع پان بیڑی کی دکانوںکے خلاف ایک مہم چلائی جارہی ہے تاکہ ان دکانوںسے فروخت ہونےوالی تمباکو مصنوعات پر پابندی عائد کی جاسکے جس کے تحت اب تک ۵۰۹؍دکانوںکے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ یہ مہم آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گی اور اسے عام لوگوں سے بھی حمایت مل رہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ شہر و مضافات میں تمباکو مصنوعات کے خلاف پولیس اور سماجی تنظیمیںوقتاً فوقتاً مہم چلاتی ہیں اور عوام میں بیداری لانے کی کوشش کرتی ہے۔یاد رہے کہ مرکزی حکومت کی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں بچوں اور نوجوانوں کوتمباکو کے استعمال سے بچانے کیلئے ’نیشنل ٹوبیکو کنٹرول پروگرام(این ٹی سی پی )‘ کے حصے کے طور پر’ٹوبیکو فری ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ‘ مہم شروع کی گئی ہے۔