• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی جن ممالک کا دورہ کرتے ہیں، دورے کے بعد انہیں ممالک سے اڈانی کو پروجیکٹ بھی ملتے ہیں

Updated: September 25, 2024, 10:07 AM IST | New Delhi

کانگریس کا مودی حکومت پر سنسنی خیز الزام، کہا: مودی ، اڈانی کے ایک ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں، کانگریس نے وزیراعظم کے دوروں اوراڈانی کو ملنے والےپروجیکٹ کی ٹائم لائن بھی جاری کی

The Congress has been questioning the Modi-Adani relationship for a long time
مودی، اڈانی کے رشتے پر کانگریس طویل عرصے سے سوال کرتی رہی ہے

 وزیراعظم مودی اور صنعتکار اڈانی کے درمیان تعلقات پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ایک طویل عرصے سے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کو جب بھی کوئی موقع ملتا ہے، اڈانی کو بیجا فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔ اب اسی سلسلے میں کانگریس نے وزیراعظم کے بین الاقوامی دوروں کی ایک ٹائم لائن جاری کرتے ہوئے مودی سرکار پرسنگین الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جب بھی کسی  ملک کا دورہ کرتے ہیں، تو ان کے واپس ہونے کے بعد وہاں سے اڈانی کو کوئی بڑاپروجیکٹ ملتا ہے۔ کانگریس نے اسے بڑی بدعنوانی اور ملک کے ساتھ فریب قرار دیا ہے۔   اس حوالے سے کانگریس نےوزیر اعظم مودی کو گوتم اڈانی کا ایجنٹ قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ کانگریس اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں ایک عرصے سے مودی اور اڈانی کے تعلق کو واضح کرنے کیلئے ’موڈانی‘ کا اصطلاح استعمال کرتی رہی  ہیں۔
  کانگریس نےانگریزی نیوز پورٹل ’اِسکرول ڈاٹ اِن‘کی ایک خبر کا تراشہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا ہے جس میں وزیراعظم مودی کے بیرون ممالک دوروں اور پھر انہی ممالک سے اڈانی کو ملنے والے پروجیکٹ کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس تراشے کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اڈانی کے ایجنٹ کی طرح کام کر رہے ہیں نریندر مودی۔‘‘
 کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ ’’ پہلے نریندر مودی الگ الگ ممالک کا سرکاری دورہ کرتے ہیں اور پھر کچھ مہینوں  کے اندر ہی اُن ممالک سے گوتم اڈانی کو بڑے بڑے پروجیکٹ مل جاتے ہیں۔‘‘ کانگریس نے اسے بدعنوانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کا مقصد پوری طرح سے واضح ہے کہ’’بیرون ممالک کے دوروں پر جاؤں گا اور دوست کو پروجیکٹ دلاؤں گا اور اسے خوب امیر بناؤں گا۔‘‘ 
 اس تبصرے کے بعد کانگریس نے ’اسکرول ڈاٹ اِن‘ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ خبر میں نریندر مودی کے جن دوروں کی نشاندہی کی گئی ہے،اس کی فہرست بھی پیش کی ہے۔ اس کے بعد کانگریس نے  ٹائم لائن دیا ہے جس میں پی ایم مودی کے بیرون ملکی دوروں اور اڈانی کو حاصل پروجیکٹوں کے درمیان گہرے روابط کا اندازہ ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK