تھانے میں۶۳؍ اورسی ایس ایم ٹی میں ۳۶؍گھنٹے کے الگ الگ بلاک کے تحت کام جاری ہے۔ آج ۵۳۴؍ ٹرینیں رد کی گئی ہیں اور مجموعی طورپر۹۳۰؍سروسیز منسوخ کی جائیں گی۔
EPAPER
Updated: June 01, 2024, 2:22 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
تھانے میں۶۳؍ اورسی ایس ایم ٹی میں ۳۶؍گھنٹے کے الگ الگ بلاک کے تحت کام جاری ہے۔ آج ۵۳۴؍ ٹرینیں رد کی گئی ہیں اور مجموعی طورپر۹۳۰؍سروسیز منسوخ کی جائیں گی۔
تھانے میں پلیٹ فارم نمبر ۵؍اور ۶؍ کو چوڑا کرنے کیلئے ۶۳؍گھنٹے اورچھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ( سی ایس ایم ٹی) میں ۳۶؍ گھنٹے کے بلاک کے دوران مسافروں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسافروں کی کثرت کے سبب اگر ایک ٹرین اپنے مقررہ وقت کےبعد آئے تو مسافروں کا ٹرین میں سوار ہونا مشکل ہوجاتا ہے،اس کےبرخلاف ۶۳؍ گھنٹے اور۳۶؍ گھنٹے میں سیکڑوں کی تعداد میں ٹرینیں رد کئے جانے سے کیا حالات ہوں گے، بآسانی سمجھا جاسکتا ہے۔
۳۵۰؍اضافی بسیں اور۹۳۰؍لوکل خدمات کی منسوخی
بلاک کے دوران مسافروں کو سہولت پہنچانے کی غرض سے بیسٹ اور ایس ٹی انتظامیہ کی جانب سے ۳۵۰؍ اضافی بسیں الگ الگ روٹ اور اسٹیشنوں سے چلائی جائیں گی۔ تھانے اور سی ایس ٹی میں بلاک کے دوران مجموعی طور پر۹۳۰؍سروسیز منسوخ رہیں گی ۔جن لوکل ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے جائیں گے ان کی تعداد ۶۶۶؍ہے۔ جمعہ کو ۷؍ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے گئے، سنیچر کو ۳۰۶؍ٹرینوں کے اوراتوار کو ۱۳۱؍لوکل ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے جائیں گے۔ بلاک کے دوران زیادہ تر ٹرینیں دادر اور بائیکلہ میں ختم کردی جائیں گی۔ اس لئے ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے تعاون کرنے کی اپیل کے ساتھ سفر کرنے سے قبل ذہن سازی کا مشورہ دیا ہے۔
دریں اثنا جمعہ کو۱۶۱؍ٹرینیںرد کی گئیں، سنیچر کو۵۳۴؍ ٹرینیں رد کی جائیں گی اور اتوار کو۱۴۱؍ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔
جاری بلاک کے دوران چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پر ۵؍پلیٹ فارموں ،پلیٹ فارم نمبر۱۰؍۱۱؍ ۱۲؍ ۱۳؍ اور ۱۴؍ کو ۲۶؍ ڈبے کی گنجائش والا بنانے کیلئے جمعہ اورسنیچر کی درمیانی شب میںساڑھے ۱۲؍ بجے سے ۳۶؍گھنٹے کا بلاک شروع کیا گیا ہے۔ یہ بلاک اتوار ۲؍جون کی دوپہر ۱۲؍بجے تک جاری رہے گا۔ ابھی ان پلیٹ فارموں پر۱۸؍ڈبے کی ٹرینیں ہی کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ تھانے میں پلیٹ فارم نمبر۵؍ اور۶؍کی چوڑائی بڑھانے کے لئے ۶۳؍گھنٹے کا بلاک جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب سے شروع کردیا گیا ہے، یہ بلاک اتوار کی دوپہر کو ایک بجکر ۳۰؍منٹ تک جاری رہے گا۔اس دوران فاسٹ اورسلو لائن کی ۹۳۰؍لوکل ٹرینیں متاثر ہوںگی۔
مسافروں کی سہولت کے لئے کہاں کہاں سے بسیں
۶۳؍گھنٹے اور۳۶؍گھنٹوں کے بلاک کے دوران بیسٹ اور ایس ٹی نے ۳۵۰؍ اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس دوران دادر اورسی ایس ایم ٹی کے درمیان ۸۰؍ بسیں ، قلابہ اور بائیکلہ کے درمیان ۸۰؍بسیں ، قلابہ اور وڈالا کے درمیان ۷۲؍ بسیں ،سی ایس ایم ٹی اوردھاراوی کے درمیان ۳۰؍بسیں ، سی ایس ایم ٹی اوربائیکلہ کے درمیان ۲۴؍بسیں اوررانی لکشمی چوک سے ددلانی پارک تک ۲۰؍اضافی بسیں چلائی جائیں گی۔اسی طرح اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیاہے کہ ۵۰؍اضافی بسیں تھانے ،کرلا ، نہرو نگر، پریل ، دادر اورتھانے کے درمیان چلائی جائیں گی۔
مسافروں سے تعاون اورپیشگی تیاری کی اپیل
سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹرسوپنل نیلانے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ تھانے اورسی ایس ایم ٹی میں مستقبل کے لحاظ سےبہت اہم کام کیاجارہا ہے۔ اسی لئے اتنا طویل بلاک کیا گیاہے۔ اس دوران مسافروں کوہونے والی پریشانی سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اسی لئےمسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وسیع ترمفاد میںریلوے کے ساتھ تعاون کریں اورسفر کے تعلق سے گھر سے نکلنے سے قبل پیشگی ذہن سازی کرلیں تاکہ عین وقت پران کو پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’ کا م پورا کرنے کے لئے جووقت مقرر کیا گیا ہے، کوشش کی جائے گی اس سے قبل ہی کا م پورا کرلیا جائے۔ اس کےبعد ٹرینیں معمول کے مطابق شروع کردی جائیں۔ ‘‘