Inquilab Logo

’ ورسوا-باندرہ سی لنک‘  پروجیکٹ کیلئے چنئی میں انٹرویوپر آدتیہ ٹھاکرے کی تنقید

Updated: September 22, 2022, 10:15 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

: شیو سینا لیڈر اور سابق کابینی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی لاپروائی کے سبب ممبئی کے اہم پروجیکٹ ’ورسوا-باندرہ سی لنک (وی بی ایس ایل)‘کیلئے انجینئروں کی بھرتی مہاراشٹرکے باہر چنئی میں کی جارہی ہے اور وہیں انٹرویو لیا جارہا ہے ۔

Aditya Thackeray.
آدتیہ ٹھاکرے ۔

 شیو سینا لیڈر اور سابق کابینی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے  الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی لاپروائی کے سبب ممبئی کے اہم پروجیکٹ ’ورسوا-باندرہ سی لنک (وی بی ایس ایل)‘کیلئے انجینئروں کی بھرتی  مہاراشٹرکے باہر چنئی میں کی جارہی ہے اور وہیں انٹرویو لیا جارہا  ہے ۔ حالانکہ یہ بھرتی ٹھیکیدار کمپنی کی جانب سے کی جارہی ہے لیکن ریاستی حکومت ممبئی اور مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں بھی انٹرویو کے انعقاد کا نظم کرنے کی ہدایت دے سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیاگیاہے۔ ریاستی حکومت کےاس رویہ سے ممبئی اور مہاراشٹر کے انجینئروں کو انٹرویو کیلئے چنئی جانا پڑے گا جس سے انہیں دشواری ہو گی۔ 
 دادر میں واقع  سینا بھون میں بدھ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں آدتیہ ٹھاکرے نے  اس ضمن میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ اس پروجیکٹ میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے امیدواروںکو چنئی آمد و رفت کا خرچ کیا ریاستی حکومت ادا کرے گی؟ ‘‘ انہوںنے مطالبہ کیا کہ  انجینئروں کی بھرتی کیلئے ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر اضلاع میں بھی انٹرویو منعقد کیاجائے۔
 یہ انٹرویو ۲۵؍ ستمبر ۲۰۲۲ء ( اتوار) کو صبح ۹؍  تا شام ۴؍ بجے  چنئی کے سردار روڈ پر واقع رامدا پلازہ میں منعقد ہوگاجو پروجیکٹ منیجر ، پلاننگ پروفیشنل، مرین پائیلنگ، کیو ایس اینڈ بلنگ، مرین فیبریکیشن، پلانٹ اینڈ مشینری، کیو اے / کیو سی،مرین لوجیسٹک اور مرین سیفٹی / انوائرومینٹ کیلئے ہوگا۔آدتیہ ٹھاکرے نے ورسوا- باندرہ سی لنک  کیلئے ’اے پی سی او انفرا ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ ‘ کمپنی کے ذریعے سول اور دیگر انجینئر امیدواروں (۵؍ سے ۳۰؍ سال کے تجربے کار) کی بھرتی کا ہینڈ بل دکھا تے ہوئے کہا کہ ’’یہ ممبئی کا پروجیکٹ ہے اور  اصول کے مطابق ۸۰؍ فیصد مقامی امیدواروں کو موقع دیاجانا چاہئے۔  ا س کیلئے ممبئی اور ریاست کے باہر چنئی میں ’والک اِن انٹرویو‘ کا انعقاد کہاں تک درست ہے۔ ہمیں شکایت موصول ہو رہی ہے کہ وہاں کیسے جائیں۔ ‘‘ انہوں نے الزام لگایاکہ ’’۷؍ برس سے ایکناتھ شندے کے پاس ہی شہری ترقیات کا محکمہ  ہے، اس کے باوجود انہوں نے مقامی باشندوں کو نظر انداز کیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK