۳۲۷؍ اسکولوں میں ۶؍ہزار سیٹیں ہیں۔ آن لائن درخواست دینے کیلئے ایڈمیشن سینٹروں پر والدین کی بھیڑ۔
EPAPER
Updated: January 15, 2025, 11:18 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
۳۲۷؍ اسکولوں میں ۶؍ہزار سیٹیں ہیں۔ آن لائن درخواست دینے کیلئے ایڈمیشن سینٹروں پر والدین کی بھیڑ۔
آر ٹی ای ۲۵؍ فیصد کوٹے کےتحت طلبہ کیلئے آن لائن ایڈمیشن کیلئے درخواست دینے کی کارروائی منگل سے شروع ہوگئی۔ شہر ومضافات کے ۳۲۷؍ اسکولوں میں تقریباً ۶؍ ہزار۵۳؍ سیٹیں دستیاب ہیں ۔ آن لائن درخواست دینے کیلئے ایڈمیشن سینٹروں پر والدین بھیڑ ہے۔ آر ٹی ای پورٹل کے معمول کے مطابق جاری ہونے کی اطلاع ہے۔
واضح رہے کہ سیلف ایڈیڈ اور غیر امدادی اسکولوں میں مالی طورسے کمزور طبقوں کے بچوں کے داخلہ کا عمل آن لائن جاری ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف ایجوکیشن اور دیگر بورڈز کے کل ۳۲۷؍ اسکولوں میں ۶؍ہزار ۵۳؍ نشستیں ہیں ۔
میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں مہاراشٹر اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ کے ۲۵۵؍ اسکولوں میں ۴؍ہزار ۶۸۵؍ نشستیں ہیں اور دیگر بورڈز کے ۷۲؍ اسکولوں میں ایک ہزار ۳۶۸؍ نشستیں ہیں ۔ کل ۳۲۷؍ اسکولوں میں ۶؍ہزار ۵۳؍ نشستوں کیلئے داخلہ کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ والدین سے ۱۴؍ تا ۲۷؍ جنوری ۲۰۲۵ء تک آن لائن درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ درخواست فارم بھرنے کی سہولت لنک
https:student.maharashtra. gov.in/adm_portal/ Users/rte_index_new
پر دستیاب ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم نے خواہشمند والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ کلاس اوّل یا پری پرائمری میں داخلے کیلئے دی گئی مدت کے اندر اپنے بچوں کیلئے درخواستیں دیں۔ درخواست دیتے وقت والدین کو احتیاطاً ۱۰؍ اسکولوں کا انتخاب کرنا چاہئے۔ وہ لوگ جنہوں نے پہلے اپنے بچوں کا آر ٹی ای کوٹہ کے تحت اسکولوں میں داخلہ کرایا ہے، وہ دوبارہ درخواست نہ دیں ۔ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم نے مطلع کیا ہے کہ آن لائن درخواست جمع کرانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد آن لائن قرعہ اندازی کیلئے تاریخ طے کی جائے گی۔
سمتاواری پرتشٹھان کی جانب سے اندھیری میں آر ٹی ای فارم پُرکرنے کا نظم کیاگیاہے۔ ادارہ کے صدر حاجی اسلم شیخ نے بتایا کہ ’’آن لائن داخلہ کی متعلقہ ویب سائٹ منگل کی شام ساڑھے ۴؍بجے شروع ہوئی جبکہ والدین صبح سے درخواست دینے کیلئے سینٹروں پر جمع تھے۔ ویب سائٹ معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔ ‘‘