مرکزی آبی ذخیرے کی سطح میں اضافہ، اب بھی ضرورت کیلئے پانی نا کافی ، مونتیبیدیو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی قلت
EPAPER
Updated: July 21, 2023, 2:44 PM IST | Montebedio
مرکزی آبی ذخیرے کی سطح میں اضافہ، اب بھی ضرورت کیلئے پانی نا کافی ، مونتیبیدیو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی قلت
یو روگوئے میں طویل عرصے کے بعد بارش ہوئی جس کے نتیجے میں ملک کو پانی سپلائی کرنے والی سب سے بڑی جھیل کی سطح آب میں اضافہ ہوگیا ہے ۔اس کے باوجود پانی کا بحران ختم نہیں ہوا ہے۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رہےکہ یو رو گوئے پانی کے سنگین بحران کا سامنا کررہا ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ ژنہو ا ‘نے گزشتہ دنوں اپنی رپورٹ میں بتایا ، ’’۳؍ سال کی خشک سالی کے بعد یو روگوئےکی مرکزی جھیل کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، اس جھیل سے دارالحکومت مونتیبیدیو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی سپلائی کی جاتی ہے، یہاں اب بھی پانی کی قلت ہے۔ ‘‘
گزشتہ سنیچر کو صدارتی دفتر نے اپنے بیان میں بتایا تھا ، ’’پاسا سویرینو جھیل کی آبی سطح میں جمعہ کو ۳۴؍ لاکھ ایک ہزار ۶۹؍ کیوبک میٹر جبکہ سنیچر کو ۵۰؍ لاکھ ۹۳؍ ہزار ۷؍ کیوبک میٹر کا اضافہ ہوا جو جھیل کی گنجائش کا ۷ء۶؍ فیصد ہے۔ ‘‘
اس کے بعد سے جھیل کی سطح میں قابل ذکر اضافہ نہیں ہو اہے۔ مرکزی آبی ذخیرے کی سطح اب تک اطمینان بخش نہیں ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ لگاتار بارش نہیں ہورہی ہے۔
بیان کے مطابق،’’مرکزی آبی ذخیرے کی سطح بڑھنے کے بعد بھی انتہائی کم ہے ، کیونکہ اب تک متوقع بارش نہیں ہوئی ہے۔ ‘‘ حکومت نے مونتیبیدیو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ۱۹؍ جو ن کو پانی کے بحران ( واٹر ایمرجنسی ) کا اعلان کیا تھا ، اس خطے میں ملک کی آبادی کا نصف آباد ہے۔ اس وقت حکومت نے بوتل کے پانی پر ٹیکس نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ مئی میں یورو گوئے کے موسمیات کے ادارے نے اعلان کیا تھا ، ’’گزشتہ ۳؍ سال سے یورو گوئے بد ترین خشک سالی کا سامنا کررہا ہے۔ ایسے حالات ۲۰؍ ویں صدی ہی میں بھی پیدا ہوئے تھے۔‘‘